برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اسمارٹ طریقے سے سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کی شکایت دور کرنے کا دعویٰ کیا۔
EPAPER
Updated: June 16, 2025, 11:47 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے اسمارٹ طریقے سے سڑکوں پر پڑنے والے گڑھوں کی شکایت دور کرنے کا دعویٰ کیا۔
مانسون کے دوران ممبئی کی سڑکوں پر گڑھے ہو جاتےہیں ، شہری ان گڑھوں کی شکایت اسمارٹ طریقے سے شہری انتظامیہ کو کر سکیں اس کیلئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) نے ’پوٹ ہول کوئیک فکس (Pothole QuickFix)‘ موبائل ایپ اور وہاٹس ایپ چیٹ بوٹ ( نمبر: ۸۹۹۹۲۲۸۹۹۹) سروس شروع کی ہے۔ یہ دونوں ہی خدمات شہریوں کیلئے ۹؍ جون ۲۰۲۵ء سے شروع کرنے کا دعویٰ بی ایم سی نے کیا ہے۔ شہری انتظامیہ نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ گڑھوں کی مرمت کے عمل میں شہریوں کی شرکت بڑھانے اور شہریوں کیلئے گڑھوں کی شکایات درج کرانے کے عمل کو آسان بنانے کیلئے خاص خیال رکھا گیا ہے۔ درخواست کو کھولنے کے بعد، کامیابی سے شکایت درج کرانے کا عمل ۵؍عمل سے بھی کم میں دستیاب کرایا گیا ہے۔
اس ضمن میں بی ایم سی کی جانب سےجاری کردہ اعلامیہ میں یہ دعویٰ کیاگیا ہے کہ’ پوٹ کوئیک فکس ایپ‘ کے ذریعے کی گئی شکایت براہ راست متعلقہ محکمے تک پہنچےجاتی ہے اور گڑھوں کی مرمت کا عمل فوراً شروع ہوجاتاہے۔ واضح رہے کہ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر بھوشن گگرانی نے ۹؍ جون کو اس ایپ کا افتتاح کیا تھا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا ہے کہ ممبئی میونسپل کمشنر /ایڈمنسٹریٹر بھوشن گگرانی کی رہنمائی میں محکمہ روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ نے بڑے پیمانے پر سڑکوں کی ترقی کا کام شروع کیا ہے۔ اسی طرح مانسون میں سڑکوں پر پائے جانے والے گڑھوں /سڑکوں کی مرمت کیلئےبھی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) ڈپارٹمنٹ نے گڑھوں اور خستہ حال سڑکوں کی مرمت میں مدد کیلئے ’پوٹ ہول کوئیک فکس ‘ایپ تیار کیا ہے۔ اس ایپ سے شہری بآسانی گڑھے کی تصویر، مقام اور تفصیل اپ لوڈ کرکے فوری طور پر شکایت درج کرسکیں گے۔ ایپ پر درج ہونے والی شکایت متعلقہ محکمے کے دفتر میں خود بخود پہنچ جاتی ہے جس سے میونسپل انجینئرز فوری کارروائی کر سکتے ہیں۔ یہ ایپ مقام کے لحاظ سے شکایت کے اندراج، تصویر اور مقام کی ٹیگنگ، شکایت کہا ں تک پہنچی ہے؟ اس کا پتہ لگانے، مرمت کے متوقع وقت اور کام کی تکمیل کے بعد فیڈ بیک فراہم کرنے کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ نمائندۂ انقلاب میں مذکورہ ایپ اور وہاٹس ایپ چیٹ بوٹ دونوں کو چیک کیا۔ ایپ ڈاؤن لوڈ ہو گیا اور کام بھی کر رہا تھا لیکن وہاٹس ایپ چیٹ بوٹ پر گڑھوں کی شکایت کرنے کا آپشن نہیں ملا۔