موسم باراں کی آمد سے عین قبل کارروائی سے ناراض مکینوںکا احتجاج۔ زخمیوں میں اسسٹنٹ پولیس کمشنراور ۵؍میونسپل افسران بھی شامل۔ پولیس کامظاہرین پر معمولی لاٹھی چارج
EPAPER
Updated: June 07, 2024, 9:04 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
موسم باراں کی آمد سے عین قبل کارروائی سے ناراض مکینوںکا احتجاج۔ زخمیوں میں اسسٹنٹ پولیس کمشنراور ۵؍میونسپل افسران بھی شامل۔ پولیس کامظاہرین پر معمولی لاٹھی چارج
موسم باراں کی آمد سے عین قبل بی ایم سی کے ذریعہ جھوپڑوں کے خلاف انہدامی کارروائی کی مخالفت کرتے ہوئے جمعرات کو پوائی میں مقامی افراد نے سرکاری افسران پر پتھراؤ کردیا جس کے نتیجہ میں ایک اسسٹنٹ پولیس کمشنر (اے سی پی) سمیت ۱۵؍ پولیس افسران، بی ایم سی کے ۵؍ انجینئر اور ۵؍ مزدور زخمی ہوگئے۔ اس دوران پولیس نے مظاہرین پر قابو پانے کیلئے ان پر معمولی لاٹھی چارج کیا۔ البتہ پتھراؤ کی وجہ سے انہدامی کارروائی ملتوی کردی گئی۔اطلاع کے مطابق زخمی ہونے والے اسسٹنٹ پولیس کمشنر کو علاج کیلئے اسپتال داخل کرایا گیا ہے۔یہ واردات ہیرا نندانی اسپتال کے قریب واقع جے بھیم نگر کالونی میں جمعرات کودوپہر تقریباً ایک بجے ہوئی۔
جے بھیم نگر کالونی میںپوائی گائوں اور موجے تیر انداز گائوں کے کھلے میدانوں میں ایک بستی ہے جس میں تقریباً ۴۰۰؍ جھوپڑے ہیں۔ انہیں منہدم کرنے کیلئے بی ایم سی دستہ جمعرات کو وہاں پہنچا۔ بی ایم سی کے مطابق انہیں منہدم کرنے کیلئے نوٹس اور مہلت دینے جیسی تمام قانونی کارروائیاں مکمل کی گئی تھیں۔
البتہ مکینوں کا دعویٰ ہے کہ وہ گزشتہ تقریباً ۲۵؍ برس سے اسی مقام پر رہائش پذیر ہیں، اس کے باوجود کوئی متبادل رہائش گاہ فراہم کئے بغیر ان سے یہ جگہ خالی کروائی جارہی ہے جس سے وہ برسات میں بے گھر ہوجائیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہیں یکم جون کو نوٹس دے کر جگہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی تھی اور ۶؍ جون کو بی ایم سی کے افسران بڑی تعداد میں پولیس کے حفاظتی دستہ کےساتھ انہدامی کارروائی کیلئے پہنچ گئے۔
بی ایم سی دستے کے پہنچنے پر ابتداء میں جے بھیم نگر کے مکین راستے پر جھنڈے لے کر کھڑے ہوگئے جس سے کالونی میں جانے کا راستہ بند ہوگیا۔ پولیس کے ذریعہ اعلانات کے باوجود مظاہرین وہاں سےنہیں ہٹے اور پھر اچانک چند افراد نے سرکاری افسران پر پتھرائو شروع کردیا۔ پتھرائو کی وجہ سے انہدامی کارروائی روک دی گئی ، اس کے باوجود پتھر اؤ جاری رہا جس پر پولیس نے مظاہرین پر معمولی لاٹھی چارج کیا۔
پتھراؤ کے واقعہ کے بعد میونسپل کمشنر بھوشن گگرانی نے علاقے میں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا۔ پوائی پولیس نے اس سلسلے میں مظاہرین کیخلاف سرکاری ملازمین کو ان کے فرض کی انجام دہی سے روکنے اور ان پر حملہ کرنے کا کیس درج کرلیا ہے۔ اس واقعہ کا ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جس میں مردوں کے ساتھ خواتین کو بھی پتھرائو کرتے ہوئے اور بی ایم سی دستہ کو اپنے بچائو کیلئے وہاں سے بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس ویڈیو کی مدد سے پتھرائو کرنے والوں کو تلاش کررہی ہے۔