صارفین کا سوال، کہا:ایک دن تاخیر سے بجلی بل کی ادائیگی پرجرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور اتنے طویل وقفے تک بجلی نہ ہونے سے ہونے والی پریشانی کا ذمہ دار کون ہوگا
EPAPER
Updated: January 11, 2026, 5:01 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Malvani
صارفین کا سوال، کہا:ایک دن تاخیر سے بجلی بل کی ادائیگی پرجرمانہ عائد کیا جاتا ہے اور اتنے طویل وقفے تک بجلی نہ ہونے سے ہونے والی پریشانی کا ذمہ دار کون ہوگا
مالونی علی تالاب علاقے(گیٹ نمبر۵) میں سنیچر کی صبح سے ساڑھے ۹؍ بجے سے شام ۷؍بجے تک ۱۰؍گھنٹے تک بجلی غائب تھی۔ اس کی وجہ سے پورے علاقے کےمکین پریشان رہے اورپانی بھرنے میں آنے والی دقتوں کا بھی تذکرہ کیا۔ بجلی نہ ہونے سے بہت سے لوگوں کو پانی بھی نہیں ملا۔
صارفین کی برہمی اوران کا الزام
۱۰؍گھنٹے سےزائد بجلی غائب رہنےپر ناراضگی کااظہار کرتے ہوئے کیوا رام نےکہاکہ ’’ مرمت کرنے سے قبل متبادل انتظام کیا جانا چاہئے تاکہ اتنی لمبے وقت تک صارفین کواندھیرے میں نہ رہنا پڑے۔ آخر ایک دن بجلی بل تاخیر سے بھرنے پراڈانی کمپنی کی جانب سے پنالٹی لگائی جاتی ہے، توان حالات میں کس کی جواب دہی ہوگی اورپریشانی کا ذمہ دار کون ہوگا۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: ۲؍ رات بلاک کی وجہ سے۲۴۰؍ ٹرینیں منسوخ کی جائیں گی
اسی علاقے میں رہنےوالے سلیم شیخ نے کہاکہ’’ اگر ممبئی میں ۱۰؍گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی نہیں رہے گی تولوگوں کی ضرورت کیسے پوری ہوگی۔ کیا اڈانی گروپ کو صارفین کی پریشانی کا اندازہ ہے۔ بزرگ، بچے اور بیمار افراد کوکس قدر پریشانی ہوئی ہے، اس کی جواب دہی آخر کس کی ہے۔ ‘‘اسی علاقے میں مقیم عبدالرحمٰن خان نے کہاکہ’’ ابھی بمشکل ایک ماہ ہوا ہوگا کہ منی باکس میں آگ لگ گئی تھی، اس کی مرمت میں بھی ۷؍گھنٹے سے زائد وقت لگا تھا، اب ٹرانسفارمر کا مسئلہ پیدا ہوگیا۔ ‘‘ ان کایہ بھی کہنا تھا کہ ’’۱۰؍گھنٹے نہیں ۱۸؍گھنٹے کام کیا جائے مگر صارفین کی پریشانی کا بھی احساس کرتے ہوئے متبادل نظم کردیا جائے۔‘‘
اڈانی بجلی کمپنی کا جواب
اڈانی بجلی کمپنی کے مطابق ٹرانسفارمر میں بڑی خرابی پیدا ہوگئی تھی، اسے درست کرنے کےساتھ اس کی طاقت بڑھانے کے لئے سنیچر کی صبح بجلی سپلائی منقطع کی گئی تھی۔ ساتھ ہی یہ دعویٰ بھی کیا گیاکہ صارفین کو پیشگی اطلاع دی گئی تھی جبکہ بہت سے صارفین کایہ کہنا تھاکہ پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی البتہ کچھ نے پیشگی اطلاع دیئے جانے کااعتراف کیا۔ اس کے علاوہ شکایت کرنےوالوں سے رات میں ۸؍ بجے اڈانی گروپ کی جانب سے فون پریہ معلوم کیا گیا کہ ان کے علاقے میں اب بجلی سپلائی بحال ہوگئی یا نہیں۔ ‘‘