تہران ،تل ابیب کے ہر حملے کامنہ توڑ جواب دینے میں مصروف، اہم بندرگاہی شہرکی اینٹ سےاینٹ بجادی،نئی تکنیک کا استعمال، اسرائیلی دفاعی نظام خود کو ہی نشانہ بنانے لگا
EPAPER
Updated: June 17, 2025, 1:07 AM IST | Tel Aviv
تہران ،تل ابیب کے ہر حملے کامنہ توڑ جواب دینے میں مصروف، اہم بندرگاہی شہرکی اینٹ سےاینٹ بجادی،نئی تکنیک کا استعمال، اسرائیلی دفاعی نظام خود کو ہی نشانہ بنانے لگا
ایران نے اسرائیل کی جانب سے ہونےوالے ہر حملے کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پیر کو اس کے شہروں پر وسیع پیمانے پر میزائل داغے، جن میں صہیونی ریاست کا اہم بندرگاہی شہر حیفا بطور خاص حملوں کی زد میں رہا۔ یہ اب تک کے سب سے شدید ایرانی جوابی حملے ہیں جو تہران پر اسرائیل کے تازہ حملوں کے جواب میں کئے گئےہیں۔ ان میں تل ابیب کے قریب واقع اسرئیلی فوج کے ’’نیفاتیم‘‘ فضائی اڈے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسی طرح حیفا بندرگاہ کی امونیا فیکٹری اور بجلی گھر کے قریب حملے کئے گئے، جن کے نتیجے میں کم از کم مزید ۸؍ افراد ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔اس کے علاوہ ایران نے اسرائیل کے فضائی دفاعی نظام کے خلاف نئی تکنینک کے استعمال کا دعویٰ کیا ہے جس کےنتیجے میں یہ نظام خود اپنے ہی میزائلوں پر حملے کرنے لگتا ہے۔
حیفا بندرگاہ پر بیلسٹک میزائل کا حملہ
سمندری سیکوریٹی سے متعلق برطانوی کمپنی ’’ایمبرے‘‘ نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایرانی افواج نے حیفا کی بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا۔ کمپنی کے مطابق بندرگاہ کے قریب واقع توانائی کے ایک مرکز پر آگ بھڑکنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ دی گارجین نےبھی خبر دی ہے کہ برطانوی میری ٹائم سیکوریٹی فرم’’ ایمبرے‘‘ نے ایرانی فورسیز کی جانب سے شمالی شہرحیفا کے بندرگاہی انفرااسٹرکچر پر بیلسٹک میزائل حملے ہوئے ہیںجس کے بعد حیفا کے قریب واقع ایک پاور پلانٹ میں آگ بھڑک گئی۔
وسطی اسرائیل میں بجلی منقطع ہوگئی
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ایرانی حملوں کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں بھی دھماکے سنے گئے، جب کہ حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، بعض ایرانی میزائل تل ابیب کی عمارتوں پر بھی گرے، ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ حیفہ پاور پلانٹ پر میزائل حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی ہے۔
ایران میں ۲۰۰؍ سے زائد اموات
دوسری جانب اسرائیل نے بھی ایران کے مختلف مقامات پر بمباری کی اور ایران کی وزارت خارجہ کے دفتر کوبھی نشانہ بنایا جس میں متعدد ملازمین زخمی ہو گئے۔ایرانی وزارت صحت کے ترجمان کےمطابق اسرائیلی حملوں میں ۲۲۴؍ افرا د شہید ہوئے ہیںجن میں ۹۰؍ فیصد عام شہری ہیں۔ اس کے علاوہ ایک ہزار ۴۸۱؍ زخمی ہیں۔ زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔ اسرائیلی حملوں میں داعی اجل کو لبیک کہنےوالے ایرانی ۲۲۴؍شہریوں میں ۷۰؍ خواتین اور بچے ہیں۔
اسرائیل کاتہران میں اسپتال پر حملہ
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ایران کے مغربی شہر کرمان شاہ میں ایک اسپتال اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنا ہے۔ روزنامہ شرق کی جانب سے جاری کردہ ایک ویڈیو میں اس اسپتال میں قائم انتہائی نگہداشت کے یونٹ کو پہنچنے والے نقصان کو دکھایا گیا ہے۔بین الاقوامی قانون کے تحت اسپتالوں کو شہری تنصیبات کی حیثیت سے خصوصی تحفظ حاصل ہوتا ہے اور صرف اسی صورت میں انہیں نشانہ بنایا جا سکتا ہے، جب ان کے فوجی استعمال کے ناقابل تردید شواہد موجود ہوں۔
ایران کا’’نیا طریقہ‘‘ اسرائیل کیلئے تباہ کن
ایران کی پاسدارانِ انقلاب فورسز (آئی آر جی سی) نے پیر کو اسرائیل پر کئے گئے آٹھویں حملے کے دوران انکشاف کیا ہے کہ اس نے اسرائیل کے کثیر سطحی دفاعی نظام کو ناکام بنانے کیلئے نیا طریقہ استعمال کیا ہے۔اس کے نتیجے میں اسرائیلی دفاعی نظام ایک دوسرے کو خود ہی نشانہ بنانے لگے۔ پاسدارانِ انقلاب کے مطابق اس حملے میں ، پہلے سے زیادہ طاقتور اور تباہ کن، انٹیلی جنس اور جدید آلات کا استعمال کیا گیاجس کی وجہ سے اسرائیلی دفاعی نظام میں خرابی پیدا ہوئی۔
امریکی سفارتخانہ کو بھی نقصان
ایرانی حملوں میں تل ابیب میں امریکی سفارتخانہ کو بھی نقصان پہنچاہے۔امریکی سفیر مائیک ہکابی نےا س کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایران کے ایک میزائل حملے کے نتیجے میں امریکی سفارتخانے کی تل ابیب کی شاخ کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔ ’’ایکس‘‘ پر جاری کردہ اپنے بیان میں ہکابی نے البتہ یہ واضح کیا ہے کہ حملے میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔