• Tue, 18 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پرجول ریونّا گرفتار، بچ نکلنے کی ہر کوشش ناکام

Updated: June 01, 2024, 2:05 PM IST | Agency | Bengaluru

’ خواتین کے مجرم‘ کو خاتون افسروں سے گرفتار کروایا گیا، ایس آئی ٹی نے بنگلور ایئر پورٹ سے حراست میں لیا، ۶؍ دن کی ریمانڈ ،فون ضبط، پرجول کی والدہ کو بھی طلب کیا گیا۔

Prajol Revanna was brought to Bangalore Government Hospital for medical check-up in police custody. Photo: PTI
پرجول ریونّا کو پولیس حراست میں میڈیکل چیک اپ کے لئے بنگلور کے سرکاری اسپتال لایا گیا تھا۔ تصویر: پی ٹی آئی

 کرناٹک پولیس کی خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جمعہ کی علی الصباح ہاسن سے رکن پارلیمنٹ پرجول ریوناکو میونخ سے بنگلور پہنچنے پر ایئر پورٹ سے ہی گرفتار کرلیا۔۳۳؍سالہ پرجول ریونا پر جنسی استحصال کے متعدد الزامات عائد ہوئے ہیں اور ان سے بچنے کے لئے وہ گزشتہ ۲؍ ماہ سے جرمنی  کے شہر میونخ میں روپوش تھا ۔ گزشتہ شب تقریباً ۲؍ بجے جیسے ہی وہ بنگلور ایئر پورٹ پر اترا اسے حراست میں لے لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق اسے پوچھ گچھ کے  لئے سی آئی ڈی کے دفتر لے جایا گیا اور پھر صبح عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے پرجول کو ۶؍ دن کی پولیس ریمانڈ میں بھیج دیا گیا ہے۔ حالانکہ کرناٹک پولیس کی ایس آئی ٹی نے عدالت سے پرجول کی ۱۴؍ دنوں کی ریمانڈ کا مطالبہ کیا لیکن دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے ریونا کو ۶؍جون تک ایس آئی ٹی کی تحویل میں بھیج دیا ۔اس دوران جج نے پرجول سے پوچھا کہ تمہیں کہاں سے گرفتار کیا گیا؟ کیا تم نے اپنے رشتہ داروں کو اس کی اطلاع دی؟ ایس آئی ٹی نے عدالت کو بتایا کہ ریونا کو رات  دو بجے کے قریب  ایئرپورٹ سے گرفتار کیا گیا۔ اس کے والد کو اس گرفتاری کی اطلاع دے دی گئی ہے۔ہوڈی پہن کر بنگلور واپس لوٹنے والے پرجول ریونا کو جنسی اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے ایک ماہ بعد حراست میں لیا گیا ہے۔ جیسے ہی وہ یہاں پہنچا، اسے سینٹرل انڈسٹریل سیکوریٹی فورس(سی آئی ایس ایف)نے اپنی تحویل میں لے لیا اور بعد میںایس آئی ٹی کے حوالے کر دیا۔ حیرت انگیز بات یہ تھی کہ پرجول کو خاتون افسروں  کے ذریعے گرفتار کروایا گیا اور یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ خواتین سے بدسلوکی کے مجرموں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ اس کے خلاف عدالتی وارنٹ زیر التوا تھا اور ضروری کارروائیوں کو مکمل کرنے کے بعد اسے سرکاری طور پر ایس آئی ٹی کی تحویل میں رکھا گیا۔ اس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیےپولیس اہلکار اسے ہوائی اڈے پر الگ ایگزٹ سے باہر لائے۔
 واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا کے پوتے پرجول ریونّا  نے۲۶؍ اپریل کو اپنے حلقے میں پولنگ ختم ہونے کے فوراً بعد ملک چھوڑ دیا تھا۔ جنسی اسکینڈل سامنے آنے کے بعد سے ہی وہ روپوش تھا  تاہم اس نے تقریباً ایک ماہ بعد یعنی۲۷؍ مئی کو ایک ویڈیو پیغام جاری کرکے کہا تھا کہ وہ۳۱؍مئی کو ایس آئی ٹی کے سامنے پیش ہوگا۔ اس ہائی پروفائل کیس پر لوگوں کی توجہ مرکوز ہے اور وہ اس بات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں کہ تفتیش کس طرح آگے بڑھتی ہے۔  خاص طور پر اس کے خاندانی پس منظر اور سیاسی کریئر کے پیش نظر پرجول ریونّا  کے خلاف الزامات سے سیاسی حلقوںمیں زبردست ہلچل مچی ہوئی ہے۔
  دوسری طرف اس معاملے میں تفتیش آگے بڑھاتے ہوئےپرجول کا  موبائل اور سامان یس آئی ٹی نے ضبط کر لیا ہے۔ اس سے پوچھ گچھ   شروع ہو گئی ہے اور امکان ہے کہ جنسی استحصال کے واقعات کو سمجھنے  لئے اسے ہاسن میں واقع اس کے گھر بھی لے جایا جائے گا جہاں مبینہ طور پر یہ  جرائم ہوئے تھے ۔ اطلاعات یہ بھی ہیں کہ ایس آئی ٹی نے پرجول کی والدہ کو بھی پوچھ تاچھ کے لئے نوٹس جاری کردیا ہے۔ امکان ہے کہ دونوں ماں بیٹے کو آمنے سامنے بٹھاکر پوچھ تاچھ کی جائے۔ اس طریقے سے سچ سامنے آنے کا امکان زیادہ ہے۔  
 ذرائع نے بتایا کہ پرجول کا موبائل فون اور سامان ایس آئی ٹی نے ضبط کر لیا ہے۔ موبائل فون اور ان کی آواز کے نمونے فرانزک لیب کو بھیجے جائیں گے۔ملزم کو پہلے طبی علاج کے  لئے بنگلور کے بورنگ اسپتال لے جایا  گیا۔ اس کے بعد ایس آئی ٹی کے سربراہ بی کے سنگھ کی قیادت میں اس سے پوچھ گچھ کیجارہی ہے۔ ثبوت اکٹھا کرنے کے علاوہ ایس آئی ٹی واقعات کو جوڑنے کی بھی کوشش کررہی ہے۔ گرفتاری کے دیوے گوڑا فیملی کی جانب سے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK