Inquilab Logo Happiest Places to Work

سابق ایم پی پرجول ریونا کو آبروریزی معاملہ میں عمر قید کی سزا

Updated: August 02, 2025, 9:06 PM IST | Bangluru

سابق ایم پی پرجول ریونا کوآبروریزی معاملہ میں عمر قید کی سزا, ۲؍ معاملوں میں تا حیات قید کے ساتھ دیگر معاملوں میں مجموعی طور پر۱۱؍ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا بھی حکم

Former MP Prajwal Revnna. Photo: INN
سابق ایم پی پرجول ریونا۔ تصویر: آئی این این

کرناٹک کی خصوصی عدالت کی طرف سے عصمت دری کے ایک معاملے میں قصوروار قرار دئیے گئے سابق رکن پارلیمنٹ پرجول ریونّا کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق خصوصی عدالت کے جج سنتوش گجانن بھٹ نےسنیچر کوسزا کا اعلان کیا۔ عدالت نے ریونا پر۲؍ معاملوں میں تا حیات قید کے ساتھ دیگر معاملوں میں مجموعی طور پر۱۱؍ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔یہ پوری رقم متاثرہ کو معاوضہ کی شکل میں دی جائے گی۔ ساتھ ہی عمر قید کی سزا سنانے کے دن یعنی سنیچر سے ہی اثرانداز ہو گئی ہے۔ جنتا دل سیکولر سے معطل ریونّا کے خلاف عصمت دری سے متعلق۴؍ معاملے درج کیے گئے تھے۔ متعلقہ معاملہ۴۸؍ سالہ خاتون سے جڑا ہے جو ہاسن ضلع مین ریونّا کی فیملی کے گنّیکاڈا فارم ہاؤس میں گھریلو ملازمہ تھی۔
سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے پوتے  پرجول ریونا کو ۲۰۲۱ء میں  ہاسن کے فارم ہاؤس اور بنگلور میں اپنے گھر میں خاتون کے ساتھ ۲؍ مرتبہ عصمت دری کا قصوروار پایا گیا۔ اس نے اس حرکت کو اپنے موبائل فون میں ریکارڈ بھی کر لیا تھا۔ ساتھ ہی متاثرہ کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس بارے میں کسی کو بتایا تو وہ ویڈیو لیک کر دے گا۔
 بہرحال، سرکاری وکیل اشوک نائک نے بتایا کہ اس کیس میں۲۶؍ گواہوں سے بیانات لیے گئے اور۱۸۰؍دستاویزات جمع کئےگئے۔ کلیدی ثبوت متاثرہ کا تھا جو بہت ہی قابل اعتبار تھا۔ معاملے کی جانچ کرنے والی خصوصی جانچ ٹیم نے ستمبر۲۰۲۴ء  میں ۱۶۳۲؍صفحات پرمشتمل فرد جرم داخل کیا تھا جس میں ۱۱۳؍گواہوں کے بیانات شامل تھے۔
واضح رہے کہ یہ کیس  ریو نا سے جڑے فحش ویڈیوز کے سامنے آنے کے بعد کا ہے ۔ یہ ویڈیوز ایک  پین ڈرائیور میں تھےجوہاسن میں۲۶؍ اپریل ۲۰۲۴ء کو لوک سبھا انتخاب سے عین قبل منظر عام پر آیا تھا۔ کچھ ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئے تھے۔ ہنگامہ بڑھنے کے بعد ریونّا کو گزشتہ  سال ۳۱؍مئی کو جرمنی سے بنگلور پہنچتے ہی ہوائی اڈہ پر گرفتار کر لیا گیا تھا۔ ہولینرسی پورہ ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج ایک معاملے سے متعلق ایس آئی ٹی نے یہ گرفتاری کی تھی۔ ریونا۲۰۲۴ء  کے لوک سبھا انتخاب میں ہاسن پارلیمانی حلقہ سے ہار بھی گئے تھے۔ ان معاملات کو دیکھتے ہوئے جنتا دل سیکولر نے ا نہیں پارٹی سے معطل کر دیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK