ائمہ کرام نے اس موقع پر بتایا کہ خداوندکریم کی ناراضگی سے بارش روک دی جاتی ہے اورمصلیان کوتوبہ ، استغفار،صدقہ وخیرات اور عاجزی اختیار کرنے کی نصیحت کی ۔
بارش میں غیر معمولی تاخیر کے سبب حالات سنگین ہوتے جارہے ہیں۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے پانی کی سپلائی میں کٹوتی اور پانی کم خرچ کرنے کی صلاح کے ساتھ پانی کی قلت سے متعلق انتباہ بھی دیا جارہا ہے ۔چنانچہ اس تعلق سے شہریوں میں تشویش پایا جانا فطری ہے ۔ ایسے میں بارش کے نزول اور پانی جیسی پیش بہا نعمت کیلئے شہر اور مضافات کے متعدد علاقوں میں اتوار کو الگ الگ اوقات میں نماز استسقاء کا اہتمام کیا گیا اور بارگاہ ایزدی میں رورو کردعائیں کی گئیں۔جن علاقوں میں نماز استسقاء ادا کی گئی ان میں مومن پورہ بی آئی ٹی چال کمپاؤنڈ، مرغی محلہ مسجد، محمد عمر رجب اسکول (مدن پورہ)، مدنی ہائی اسکول کمپاؤنڈ (جوگیشوری ) اور نوی ممبئی کے علاقے شامل ہیں۔
نماز استسقانبی کریم کی پاکیزہ سنت ہے
صوبائی جمعیت اہل حدیث کے امیر مولانا عبدالسلام سلفی نے مومن پورہ کمپاؤنڈ میں نماز استسقاء کی امامت کی اور کہا کہ ’’بارش کے رک جانے پر نماز استسقاء کی ادائیگی اور چادر کا پلٹ دینا نبی کریم کی پاکیزہ سنت ہے ۔ اس عمل سے اللہ پاک اپنے بندوں پر رحم فرما کر باران رحمت کا نزول فرماتا ہے ۔ اہل حدیث مسجد کے امام وخطیب مولانا محمد اسلم صیاد نے کہا کہ جب زمین پر فتنہ وفساد ، ظلم وتشدد بڑھ جاتا ہے، حق تلفی اور نا انصافی عام ہوجاتی ہے تو خالق کائنات ناراض ہوتا ہے اور اسی ناراضگی کے سبب بارش روک دی جاتی ہے۔ نماز استسقاء ادا کرنے کے ساتھ رورو کر دعا کی گئی۔ امید ہے کہ رب کریم اپنے بندوں پر رحم فرماکر انہیں باران رحمت سے سیراب فرمائے گا۔
دیگر مقامات پر نماز استسقاء اور دعائیں
مرغی محلہ مسجد میں مفتی محمد سلیم نے نماز پڑھائی اور دعا کروائی۔ انہوں نے بھی اعمال خیر کرنے اور گناہوں سے تائب ہونے پر توجہ دلائی۔ اتوار کی صبح پونے۷؍ بجے مومن نگر، جوگیشوری میں واقع مدنی اسکول گراؤنڈ پر نماز ادا کی گئی۔ اس میں ہزاروں مسلمانوں نے نمازِ استسقاء مسجد ِ عمر کے امام و خطیب مولانا عمران کی امامت میں ادا کی ۔ مولانا نے حاضرین کو توبہ، استغفار، صدقہ و خیرات اور عاجزی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں رجوع کرنے کی تلقین کی جبکہ مسجد ِ حبیبیہ کے امام و خطیب مفتی حارث نے رقت آمیز دعا کروائی۔ نوی ممبئی میں یشونت راؤ چوہان گراؤنڈ پر نماز استسقاء ادا کی گئی ۔ یہاں نیرول مسجد کے امام مفتی محمد ساجد کی اقتداء میں بڑی تعداد میں مقامی مسلمانوں نے نماز استسقاء ادا کی۔مدن پورہ عمر رجب اسکول میں عرب مسجد کے خطیب وامام مولانا امیر عالم قاسمی نے شب میں۸؍ بجے ادا کی گئی نماز استسقاء کی امامت کی اور دعا کرائی۔