Inquilab Logo

ناندیڑ میں مہاوترن کمپنی کی جانب سے اسمارٹ میٹر لگانے کی تیاری

Updated: August 25, 2022, 1:12 PM IST | ZA Khan | Nanded

ایسے صارفین جو بجلی کے بل پابندی بھرتے ہیں انہیں ترجیحی بنیاد پر پہلے اسمارٹ پری پیڈ میٹر دیئے جائیں گے

There will be advantages and disadvantages of smart meter!.Picture:INN
اسمارٹ میٹر کے فائدےبھی ہونگے اور نقصان بھی !۔ تصویر:آئی این این

ریاست کے دیگر شہروں کی طرح ناندیڑ میں بھی مہاوترن کمپنی نے جدید طرز کے نئے پری پیڈاسمارٹ میٹرلگانے کا اعلان کیا ہے ۔ایسے صارفین جو بجلی کے بل پابندی بھرتے ہیں انہیں ترجیحی بنیاد پر پہلے اسمارٹ پری پیڈ میٹر دئے جائیں گے ۔مہاوترن کمپنی کے افسران اس معاملے میں وضاحت کے ساتھ کوئی جانکاری نہیں دے رہے ہیں لیکن ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق دسمبر۲۰۲۳ء تک پورے شہر میں پر ی پیڈ میٹر لگوانے کا منصوبہ ہے ۔بجلی کے ساتھ ساتھ اسمارٹ میٹر کا خرچ بھی صارفین سے وصول کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق مہاوترن کمپنی نے ریاست میں اپنے موجودہ بجلی سپلائی کے نظام میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں لانے اور اسمارٹ بنانے کا فیصلہ کیاہے ۔ریاست میں ایک کروڑ سے زائد صارفین کو اسمارٹ میٹر دئے جائیں گے ۔جن مقامات پر۱۵؍ فیصد سے زائد بجلی کا نقصان ہورہاہے ،ان شہروں میں پہلے اسمارٹ میٹر لگائے جائیں گے ۔مہاوترن کمپنی کی جانب سے اسمارٹ میٹر کے فائدوں کے بارے میں جو باتیں سامنے لائی جارہی  ہیں ان میں اسمارٹ میٹر لگنے کے بعد لوگ موبائل کی طرح اپنی سہولت کے مطابق بجلی بل کی رقم ریچارج کرواسکیں ۔ اسمارٹ میٹر یہ پوسٹ پیڈ اور پری پیڈ دونوں طرح سے رہیں گے۔استعمال کی گئی بجلی کی ساری تفصیلات ایک موبائل ایپلی کیشن کی مدد سے دیکھنے کو ملے گی ۔  صارفین کو بجلی کے استعمال پر کنٹرول کرنے میں آسانی ہوگی ۔ بجلی چوری کے معاملات پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔جتنی بجلی استعمال ہوگی اتنا ہی بل بھرنا پڑے گا۔پری پیڈ میں جتنے پیسوں کا ریچارج کیا جائے گا اتنی ہی بجلی استعمال کرپائیں گے ۔بجلی سپلائی کے معاملے میں آنے والی شکایتیں دور ہونگی ۔میٹر میں کسی بھی طرح کی چھیڑ چھاڑ کی گئی تو فوری مہاوترن کمپنی کے دفتر میں اس کی اطلاع پہنچ جائیگی ۔اسمارٹ میٹر کے نقصان کے بارے میں بھی یہ باتیں سامنے آرہی ہیں کہ رات میں اگر ریچارج ختم ہوجائے تو فوری بجلی گل ہوجائے گی ۔اسمارٹ میٹر مہنگا ہوگا اس کا خرچ بھی صارفین سے وصول کیا جائے گا۔ریچارج ختم ہونے کے بارے میں صارفین میں ہمیشہ بے چینی رہے گی ۔دیہی مقامات پر ریچارج کے معاملے میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK