Inquilab Logo Happiest Places to Work

حملے کی تیاری! وزیر اعظم کی ایئر چیف مارشل سے ملاقات

Updated: May 05, 2025, 11:40 AM IST | New Delhi

پاکستان کے ساتھ جاری کشیدگی کے درمیان وزیراعظم کی فضائیہ کے چیف سے ۴۰؍ منٹ تک میٹنگ ، اُدھر اسلحہ فیکٹریوں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ ۔

The meeting between Prime Minister Modi and Air Chief Marshal Amarpreet Singh is being considered important. Photo: INN.
وزیر اعظم مودی اورایئرچیف مارشل امرپریت سنگھ کی ملاقات کو اہم مانا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے بعد دونوں ملکوں کی جانب سےکئے جانے اقدامات کے سبب جہاں کشیدگی بڑھتی جارہی ہے وہیں اتوار کووزیر اعظم مودی نےایئر چیف مارشل سے ملاقات کی جس نے پاکستان کو مزید گھبراہٹ میں مبتلا کردیا ہے۔ حملے کے بعد قومی سلامتی کے تناظر میں وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے سیکوریٹی سے متعلق اعلیٰ سطحی مشاورتوں کا سلسلہ تیز ہو گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل امرپریت سنگھ سے ملاقات کی ا ور دونوں کے درمیان تقریباً۴۰؍منٹ تک بات چیت جاری رہی۔ 
 ملاقات کے بعد وہ فوری طور پر وزیراعظم ہاؤس سے روانہ ہو گئے۔ اس ملاقات کو اس لئے اہم قرار دیا جا رہا ہے کہ اس سےقبل ۳۰؍ اپریل کو بری فوج کے سربراہ جنرل اوپیندر دیویدی نے وزیراعظم مودی سے ملاقات کی تھی جس میں وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال بھی موجود تھے۔ اسی طرح۳؍مئی کو بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش ترپاٹھی نے وزیراعظم کے ساتھ ایک گھنٹہ طویل مشاورت کی تھی جس میں بحریہ کی تیاریوں اور موجودہ صورتِ حال پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ 
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے افواج کو واضح ہدایت دی ہے کہ کسی بھی ممکنہ ردعمل کے وقت، طریقہ اور ہدف کا تعین فوجی کمان خود کرے گی۔ حکومت نے آپریشنل سطح پر تمام رکاوٹیں ختم کرتے ہوئے افواج کو مکمل اختیارات دے دیے ہیں تاکہ فیصلہ کن اور موثر حکمت عملی اپنائی جا سکے۔ 
فضائیہ کے سربراہ اور وزیراعظم کے درمیان ملاقات کے دوران کیا بات چیت ہوئی اس بارے میں سرکاری طور پر کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ ایئر چیف مارشل نے وزیراعظم کو فضائیہ کی تیاریوں اور حکمت عملی سے آگاہ کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد سے وزیر اعظم پوری دفاعی مشینری، سیکورٹی ایجنسیوں اور حکومت میں اپنے اعلیٰ ساتھیوں کے ساتھ مسلسل میٹنگیں کر رہے ہیں۔ مودی نے سنیچر کو انگولا کے صدر سے ملاقات کے بعد بھی میڈیا کے سامنے اس بات کا اعادہ کیا تھا کہ پہلگام میں دہشت گردانہ حملہ کرنے والوں اور ان کی حمایت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ ملکی سطح پر دفاعی تیاریاں بڑھا دی گئی ہیں۔ آرڈننس فیکٹری بورڈ نے فوری اثر کے ساتھ تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں جو اس بات کی علامت ہے کہ دفاعی تیاریوں کو انتہائی سنجیدگی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ اگرچہ بعض میڈیا حلقے ان اقدامات کو کسی ممکنہ کارروائی کی تمہید کے طور پر پیش کر رہے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے تاحال کسی فوجی اقدام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ 
حکومت پہلے ہی واضح کر چکی ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی میں کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور پہلگام حملے میں ملوث عناصر کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ 
ہندوستان اور پاکستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان مہاراشٹر کے چندر پور ضلع واقع آرڈننس فیکٹری چندا اور مدھیہ پردیش کے جبل پور ضلع کی اسلحہ فیکٹری کھمریا (او ایف کے) میں کام کر رہے سبھی ملازمین کی چھٹیاں فوری اثر سے منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ اسلحہ فیکٹری چندا کی جانب سے جاری ایک سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ میونشنس انڈیا لمیٹڈ (ایم آئی ایل) کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر کی ہدایات کے تحت یہ حکم جاری کیا گیا ہے۔ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ سبھی طرح کی چھٹیاں منسوخ کی جاتی ہیں اور سبھی ملازمین کو بغیر کسی تاخیر ڈیوٹی پر رپورٹ کرنا لازمی ہے۔ جبل پور واقع اسلحہ فیکٹری میں افسروں اور ملازمین کی۲؍ دن سے زیادہ کی چھٹیوں کو بھی جمعہ کو منسوخ کر دیا گیا۔ ’او ایف کے‘ کے پی آر او اویناش شنکر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس مالی سال میں ہمارا ہدف بہت بڑا ہے اور اپریل ماہ میں ہم ہدف کے مطابق پیداوار نہیں کر پائے۔ اس کی بھرپائی کیلئے صدر دفتر سے ہدایت ملی ہے کہ چھٹیاں منسوخ کی جائیں ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK