سڑک کی توسیع کےلئے پیر سے کارروائی متوقع، شہری انتظامیہ نے ۴۰۰؍سے زائد مالکان کو نوٹس جاری کیا۔
سڑک کی توسیع میں رکاوٹ بننےوالی غیر قانونی تعمیرات کی جانچ کی جا رہی ہے۔ تصویر:آئی این این
یہاں میونسپل کارپوریشن نے شہر میں بڑھتے ٹریفک دباؤ اور میٹرو لائن۔۵؍ کے کام میں رکاوٹ بن رہی غیر قانونی تعمیرات کو منہدم کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ پیر کو انجور پھاٹا سے کلیان ناکہ تک کی سڑک کو ۳۶؍ میٹر تک توسیع دینے کیلئے سیکڑوں دکان و مکانات کو منہدم کرنے کی بڑی کارروائی متوقع ہے۔
میونسپل کارپوریشن کے ایک اہم افسر کے مطابق انتظامیہ نے اس اہم منصوبے کیلئے تمام کاغذی کارروائیاں مکمل کرلی ہیں۔توسیعی منصوبے کے تحت جن مکانوں اور تجارتی اسٹرکچرز پر کارروائی ہونی ہے، انہیں باقاعدہ نوٹس بھیجے جا چکے ہیں۔ پربھاگ سمیتی ۳؍کی جانب سے ۱۳۳؍ جبکہ پربھاگ سمیتی۴؍ کی جانب سے تقریباً ۴۰۰؍ نوٹس جاری کئے جا چکے ہیں۔ متعلقہ پراپرٹیز کے سلسلے میں ۴۰۰؍ سے زائد کیوٹ بھی عدالت میں دائر کی گئی ہیں تاکہ آئندہ کسی قانونی رکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ نیز ۲۴؍ گھنٹے قبل جاری ہونے والے نوٹس بھی جاری کئے جاچکے ہیں۔ فی الحال یہ سڑک ۲۴؍ میٹر چوڑی ہےجسے ڈیولپمنٹ پلان (ڈی پی) کے مطابق ۳۶؍میٹر تک وسعت دی جائے گی۔
گزشتہ چند دنوں سے میونسپل کارپوریشن کی جانب سے علاقہ میں باقاعدہ اعلان کیا جا رہا ہے کہ جن مکانات یا دکانوں کو نشان زد کیا گیا ہے، انہیں مالکان خود منہدم کریں ورنہ میونسپل ٹیم جلد کارروائی انجام دے گی۔میونسپل افسران کا کہنا ہے کہ انجور پھاٹا تا کلیان ناکہ سڑک کی توسیع شہر کی طویل عرصے سے التوا میں پڑی ہوئی سب سے بڑی ترقیاتی اسکیموں میں شامل ہے جو نہ صرف ٹریفک کے بحران کو ختم کرے گی بلکہ میٹرو لائن کے کام کو بھی مطلوبہ رفتار فراہم کرے گی۔
باوثوق ذرائع کے مطابق ۲؍ روز قبل میونسپل کمشنر انمول ساگر دیگر افسران اور ایم ایم آر ڈی اے کمشنر کے درمیان منعقد ہونے والی ایک اہم ویڈیو کانفرنس میں فیصلہ کیاگیا کہ میٹرو ۵؍کے کام میں حائل تمام اسٹرکچرز کو فوری طور پر منہدم کیا جائے۔ ہدایات کے بعد میونسپل کمشنر نے موقع پر عمل درآمد کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کی تیاریوں کو دیکھتے ہوئے متاثرہ مالکان میں خوف اور غیر یقینی کا ماحول ہے جسے انتظامیہ دور کرنے کی کوشش میں مصروف ہے۔