Inquilab Logo

شہرومضافات میں مانسو ن سے نمٹنے کی تیاریاں شروع

Updated: May 18, 2023, 9:58 AM IST | saadat khan | Mumbai

محکمہ موسمیات، مہاڈا، ایم ایم آر ڈی اے، بی ای ایس ٹی، ایم ایس آر ڈی سی، پی ڈبلیوڈی، ممبئی میٹرو، ریلوے، این ڈی آر ایف اور دیگر محکموں کی میٹنگ۔ تال میل کے ساتھ ہنگامی حالات سے نمٹنے کا عزم۔محکمۂ موسمیات شہریوں کو موسم سےمتعلق ایس ایم ایس کے ذریعے معلومات دے گا۔موسمی بیماریوںکاشکار ۳؍ہزار مریضوںکے علاج کیلئے اسپتالوںمیں انتظامات کئے جائیں گے

A branch of a Tanwar tree is being cut on Maratha Mandir Road.
مراٹھامندر روڈ پر تناور درخت کی شاخ کو کاٹا جارہا ہے۔

مانسون کے پیش نظر   اس سے نمٹنے کیلئے شہر و مضافات میں  تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ مانسون میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے   میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل کی قیادت میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی گئی جس میںمحکمہ موسمیات، مہاڈا، ایم ایم آر ڈی اے، بی ای ایس ٹی، ایم ایس آر ڈی سی، پی ڈبلیو ڈی، ممبئی میٹرو، ریلوے، این ڈی آر ایف اور دیگر کئی محکموں کے اعلیٰ افسران موجودتھے۔ میٹنگ میں بارش کے دوران   ہنگامی  حالات  سےنمٹنےپر تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ مانسون میں لوکل ٹرین اور بس سروسیز کومعمول کےمطابق جاری رکھنے کیلئے ضروری اقدامات پر غور وخوض کیاگیا۔ ، موسم کی معلومات سے متعلق شہریوںکو باخبر رکھنے کیلئے محکمہ موسمیات نے ایک ایپ تیار کیا ہے  جس کے ذریعے شہریوں کے موبائل فون پرایس ایم ایس سےموسم کی معلومات فراہم کی  جائے گی تاکہ لوگ  موسم ٹھیک نہ ہونے پر گھروں سے باہرنہ نکلیں اوراحتیاطی تدابیر اپنا سکیں۔    بارش میں جن علاقوںمیں پانی جمع ہوجاتا ہے،ایسے ۴۸۰؍ مقامات پر پمپ لگائے جائیں گے تاکہ جمع ہونے والے پانی کی نکاسی ہوسکے۔ ۱۵؍مئی سےراستوں پر جاری کھدائی کے کاموں کو بند کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے ۔بارش  میں ملیریا، ڈینگو اور اس طرح کے دیگر موسمی بیماریوں میں مبتلا ہونےوالے ۳؍ہزار مریضوں کے علاج کیلئے اسپتالوں میں انتظامات کئے جائیں گے۔ شدید بارش سے لوکل ٹرین سروسیز متاثرہوتی ہیں یا  علاقوںمیں پانی بھرنے سے شہریوںکو محفوظ مقامات پر منتقل کرنےکی نوبت آتی ہے ،ایسی صورت میں علاقوں کے اسکولوں میں متاثرین کوقیام کی سہولت مہیا کی جائے گی ۔ اس لئے ہروارڈ کے ۵؍ اسکولوںمیں متاثرین کی  رہائش کا بندوبست کیاجائے گا۔ این ڈی آرایف اور فائر بریگیڈ کو تیار رہنے کا حکم دیاگیاہے۔مخدوش عمارتوں کے مکینوںکو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی مہم شروع کی جائے گی۔ اسی طرح دیگر منصوبوں سےمتعلق اعلیٰ افسران کو ضروری احکامات  دیئے گئے۔
 اس موقع پر میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے کہاکہ ’’مانسون کےدوران ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے مذکورہ تمام ایجنسیوں کا ایک دوسرے  کےعلاوہ وزارتوں سے ربط میںہونا ضروری ہے ۔ ہم ایک دوسرے سے رابطہ میں رہ کر ہنگامی صورتحال کا آسانی سے مقابلہ کرسکتے ہیں۔اسی مقصد کے تحت یہ میٹنگ منعقد کی گئی ہےتاکہ ہم ایک دوسرے کی منصوبہ بندی اور لائحہ عمل سے آگاہ ہوسکیں اور  ہنگامی حالات سے مشترکہ طورپر نمٹنے کی تیاری کر سکیں۔
  لوکل ٹرین سروسیز کی  معمول کےمطابق بحالی کیلئے مذکورہ میٹنگ میں گارڈن ڈپارٹمنٹ کو ریلوے املاک میں پائے جانے والے درختوں کی بڑھی شاخوں کو تراشنے کی اجازت دے دی گئی ہے تاکہ مانسون کےد وران ان شاخوں کی وجہ سے لوکل ٹرین   خدمات میں خلل نہ پڑے۔بی ایم سی جلد ہی خستہ حال عمارتوںکے مکینوںکو نوٹس دینےوالی ہے ،اس کےساتھ ہی ایسی عمارتوں میں رہنے والے مکینوں کو  منتقل کرنے کی بھی مہم شروع کی جائےگی۔
 ممبئی کےمغربی مضافات کے  پہاڑی علاقوںمیں چٹان کھسکنے کےاندیشے کے پیش نظر ان پہاڑیوںپر حفاظتی دیوار  بنانےکا کام جاری ہے۔ممبئی شہرومضافات کے علاقوںکے نالوں کی صفائی  اور صفائی کی جانچ کاکام بھی جنگی پیمانے پر جاری ہے تاکہ بارش کا پانی نالوں کےذریعے آسانی سے نکل سکے ۔ تمام وارڈوں کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر مذکورہ سبھی کاموں کا جائزہ لے رہےہیں۔    
 دریں اثناء منگل کو ای وارڈ ،گارڈن ڈپارٹمنٹ کے عملے کو مراٹھامندر روڈ پر ایک درخت کو کاٹتے ہوئے دیکھا گیا۔ مراٹھا مندر سنیماکے قریب ایک  تناور درخت کو کاٹا گیا ۔ مقامی سماجی کارکن افسرشیخ نے بتایاکہ ’’ اس درخت کی شاخیں کافی جھک گئی تھیں۔ بارش سےپہلے ان شاخوں کو کاٹنا ضروری تھا ورنہ بارش میں ان شاخوں کے گرنے سے جانی نقصان ہونے کا خطرہ تھا۔ یہ ایک ایسی سڑک ہے جس سے ہروقت راہ گیر گزرتےہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK