طویل مسافتی ٹرینوں کے کرائے میںاضافہ کے باوجود لوکل ٹرینوں کا کرایہ نہیں بڑھا، ٹکٹوں اور پاس کی شرح جوں کی توں رہے گی۔
ممبئی کے۸۰؍ لاکھ مسافرلوکل ٹرین سے سفر کرتےہیں۔ تصویر: آئی این این
۲۶؍ دسمبر۲۰۲۵ء سے ریلوے میں نئے کرایے کی شرح کا نفاذ ہورہا ہے۔ اس میں ممبئی کے۸۰؍ لاکھ لوکل ٹرینوں کے مسافروں کیلئے بڑی راحت ہے کیونکہ لوکل ٹرینوں کے کرائے اور ماہانہ، سہ ماہی وششماہی پاس کی قیمت میں کسی قسم کا اضافہ یا تبدیلی نہ کرنے کا ریلوے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے۔ اس طرح مضافاتی خدمات کے یومیہ ٹکٹ اور ماہانہ پاس میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، موجودہ شرح برقرار رہے گی۔یاد رہے کہ ملک کے طول وعرض میں یومیہ تقریبا ڈھائی کروڑ مسافر اپنی منزل پہنچتے ہیں اور اس میں ممبئی کے تقریباً۸۰؍ لاکھ محض لوکل ٹرینوں کے مسافر شامل ہیں۔ اتنا ہی نہیں ریلوے کی مجموعی آمدنی میں بھی ممبئی کا نمایاں حصہ ہے۔
دوسری جانب یہ بھی اندیشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ کارپوریشن الیکشن کے پیش نظر لوکل ٹرینوں کا کرایہ نہیں بڑھایا جارہا ہے۔ کہیں الیکشن کے بعد میں اضافہ نہ کردیا جائے۔ حالانکہ یہ محض اندیشہ ہے ، حتمی نہیں۔
’’اچھا فیصلہ ہے مگر سہولت پر توجہ دی جائے‘‘
لوکل ٹرینوں میں سفر کرنے والے متعدد مسافروں کے تاثرات ذیل میں درج کئے جارہے ہیں۔ عبداللہ خان نام کے مسافر نے کہا کہ کرایہ نہ بڑھانا ریلوے کا اچھا قدم ہے مگر یہ ضروری ہے کہ ممبئی کے لاکھوں مسافروں کے صبح وشام کے مشکل بھرے سفر کو آسان بنانے کی جانب توجہ دی جائے۔
ایک اور مسافر رام جی کنوجیا نے کہا کہ خوشی ہوئی کہ ممبئی کے ریل مسافروں پر بوجھ نہیں ڈالا گیا مگر یہ بھی دیکھا جائے کہ سب سے زیادہ آمدنی والے ممبئی کی لوکل ٹرینوں کے مسافر کن مشکلات کا سامنا کررہے ہیں اور ان کی حفاظت پر بھی دھیان دینا ضروری ہے۔
ایک اور مسافر عبدالرحیم خان کا کہنا تھا کہ راحت پہنچانے والا قدم ہے مگر سب سے اہم سوال یہ ہے کہ پہلے جو اعلانات کئے گئے ہیں خواہ وہ خود کار دروازے لگانے ہوں، مسافروں کی حفاظت ہو یا تمام لوکل ٹرینوں کو اے سی میں بدلنا ہو، وہ سہولتیں کب ’ممبئی کروں‘ کو ملیں گی؟
’’کرایہ بڑھانا بھی نہیں چاہئے‘‘
ریلوے یوزرس کنسلٹنٹیو کمیٹی کے سابق رکن منصور عمر درویش نے کہا کہ اچھا فیصلہ ہے، آخر عام آدمی کو اور کتنا زیربار کیا جائے گا۔ جو طویل مسافتی ٹرینوں میں بڑھایا گیا ہے اس کی بھی ضرورت نہیں تھی۔ ریلوے تو مستقل منافع میں چل رہی ہے پھر اضافہ کیوں؟ کیا ممبئی کے لاکھوں مسافروں کو آرام دہ سفر کا مہیا کرایا جائےگا؟ اہم سوال یہ ہے۔
ممبئی ریل پسنجرس اسوسی ایشن کے سابق رکن سمیر زویری نے کہا کہ ریلوے نے ممبئی کے لاکھوں مسافروں پر بوجھ نہیں ڈالا یہ اچھا ہے، اس سے راحت ملے گی۔