حکومت ۱۳؍ اگست کو مانسون اجلاس ختم ہونے کے بعد ۱۷؍ اگست سے خصوصی سہ روزہ اجلاس بلاسکتی ہے ، اپوزیشن کو رام کرنے کیلئے رجیجو کی راہل گاندھی سے ملاقات
EPAPER
Updated: August 06, 2026, 7:52 AM IST | New Delhi
حکومت ۱۳؍ اگست کو مانسون اجلاس ختم ہونے کے بعد ۱۷؍ اگست سے خصوصی سہ روزہ اجلاس بلاسکتی ہے ، اپوزیشن کو رام کرنے کیلئے رجیجو کی راہل گاندھی سے ملاقات
جنتر منتر پر طلبہ کے احتجاج میں تشدد اور رام مندر میں چندے کی چوری پر پارلیمنٹ میں تعطل کے درمیان اطلاعات ہیں کہ حکومت اس اجلاس میں حد بندی بل کو نئے سرے سے پاس کرانے کی کوشش کرسکتی ہے۔ذرائع کے حوالہ سے دعویٰ کیا جارہاہے کہ حکومت ۱۳؍اگست کو مانسون اجلاس کے ختم ہونے کے فوری بعد حد بندی بل اور خواتین ریزرویشن ترمیمی بل کو پاس کرانے کیلئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلائے گی جو ۱۷؍ اگست سے شروع ہو سکتا ہے۔ یہ بھی بتایا جارہاہے کہ اجلاس ختم ہونے کے بعد پارلیمنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی نہیں کیا جائے گاتاکہ حکومت اپنی سہولت کے مطابق مختصر نوٹس پر اسے دوبارہ بلاسکے۔
ذرائع نے بتایا کہ حکومت آئینی ترمیمی بل کو منظور کرنے کے لئے درکار دو تہائی اکثریت حاصل کرنے کے لئے کام کر رہی ہے۔ حکومت کے پاس جیسے ہی ضروری اعداد ووشمار پورے ہوجائیں گے تو حکومت قانون سازی کے لئے ایک خصوصی اجلاس بلا سکتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ۱۳۱؍ویں آئینی ترمیمی بل کے حصے کے طور پر خواتین کے ریزرویشن بل کے ساتھ پیش کیا گیا حد بندی بل، اپریل میں منعقدہ تین روزہ خصوصی اجلاس کے دوران لوک سبھا میں مطلوبہ دو تہائی خصوصی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا۔اس وقت مغربی بنگال اور تمل ناڈو میں اسمبلی انتخابات تھے اور اپوزیشن پوری طرح سے متحد تھی۔اپوزیشن نے متحد ہو کر اس بل کو ناکام بنادیاتھا ۔
اسی درمیان پارلیمنٹ میں تعطل ختم کرنے کے نام پرمرکزی وزیر برائے پارلیمانی امور کرن رجیجو نے اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی سے میٹنگ کی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں انہوں نے حد بندی بل کے لئے اپوزیشن خصوصاً کانگریس کی حمایت مانگی جس پر راہل گاندھی نے صاف انکار کردیا اور کہا کہ جس صورت میں یہ بل لایا جارہا ہے اپوزیشن کو یہ قطعی منظور نہیں ہے۔ واضح رہے کہ لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت کیلئے ۳۶۰؍ممبران پارلیمنٹ کی ضرورت ہے جبکہ راجیہ سبھا میں ۱۶۴؍ کی ضرورت ہے۔لوک سبھا میں اگرچہ بی جے پی کے پاس اب بھی اکثریت نہیں لیکن تعداد کا فاصلہ کم ہوگیا ہے۔