Inquilab Logo

پانچ؍سال بعد راہگیروںکیلئے ہینکاک بریج کھولنے کی تیاری

Updated: December 28, 2020, 12:32 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

جنوری کے پہلے ہفتہ میں راہگیروںکیلئے بریج کا ایک حصہ کھول دیاجائےگا

Hancock Bridge .Picture :INN
ہینکاک بریج ۔ تصویر:آئی این این

  بالآخر ۵؍سال کی متواتر جد و جہد کےبعد مجگائوںاور نورباغ کے سماجی کارکنوںاور مقامی عوام نے ہینکاک بریج کو راہگیروں کی آمدورفت کیلئے شروع کرانے میں کامیابی حاصل کرلی ہے ۔ واضح رہےکہ نومبر ۲۰۱۵ء میں  اس بریج کو منہدم کرکےنئے بریج کی تعمیر کا کام شروع کیاگیا تھا مگر اب تک بریج کےپہلے مرحلے کا کام بھی مکمل نہیںہواہے۔بریج کی سہولت نہ ہونے سے مذکورہ علاقوں سےگزرنےوالے راہگیروں،موٹرگاڑی والوں  اور دیگر سواریوںکو بڑی دقت کا سامنا کرناپڑرہاہے ۔  یہاں کے سماجی کارکنوںاور عوام کے مسلسل دبائو سے پریشان ہوکر بی ایم سی نے بریج کے ایک حصہ کو راہگیروں کی آمدورفت کیلئے شروع کرنے کا فیصلہ کیاہے ۔ اس حصہ کو شروع کرنےکی ساری تیاری مکمل ہوچکی ہے صرف بی ایم سی زون ون کے ڈی ایم سی کی اجازت ملنا باقی ہے ۔ اطلاع کےمطابق جنوری کے پہلے ہفتہ میں بریج کےاس حصہ کو راہگیروں کیلئے شروع کردیاجائے گا۔ اس سے مجگائوں اور نور باغ کے عوام کے علاوہ دیگر راہگیروںکو کافی سہولت ہوگی ۔ اس ضمن میں مقامی سماجی کارکن کملاکر شنوائے نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ہینکاک بریج کو نومبر ۲۰۱۵ءمیں منہدم کیاگیاتھا۔بریج کے بندہونے سے نورباغ  اورمجگائوں کی جانب سے آمدورفت کرنے والوںکو بڑی دشواری ہورہی ہے ۔  بی ایم سی اورریلوے انتظامیہ کی باہمی چپقلش سے بریج کا کام بڑی سست رفتاری سےجاری ہے۔ عوام کوہونےوالی تکلیف کاان ڈپارٹمنٹ کو  احساس نہیں ہے۔کبھی کسی وجہ سے توکبھی تکنیکی دشواری کاعذر پیش کر کے بریج کا کام روک دیا جاتا ہے۔اس کا نتیجہ یہ ہےکہ ابھی تک بریج کا کام مکمل نہیں ہواہے ۔ ابھی پہلے مرحلے کابھی کچھ کام باقی ہے۔ اس لئے موٹر گاڑیوںکیلئے بریج نہیں کھولا جارہاہے  ۔‘‘ کملاکر شنوائے کےمطابق ’’بی ایم سی اور ریلوے کے تنازع سے عوام کا نقصان ہورہاہے۔ اس لئے میں متواتر سوشل میڈیا پر ہینکاک بریج کی تازہ ترین صورت حال کی اطلاع عام کرتا ہوں تاکہ بریج کا کام جلد ازجلد پورا ہو سکے۔ مذکورہ حصے کو شروع کرنے کیلئے بھی بی ایم سی ، ریلوے ، سیاسی اور سماجی نمائندوں سے متواتر اپیل کی گئی تھی  جس کی وجہ سے اس حصہ کو شروع کیاجارہاہے ۔اس حصہ کو شروع کرنےکی ساری تیاری ہوچکی ہے صرف زون ون کے ڈپٹی میونسپل کمشنر شرد کالے کی اجازت کا انتظار ہے۔ سنیچرکو میںنے ان سے بات کی ہے ۔ ان کا کہنا ہے کہ چیف انجینئر نے جو اطلاع دی ہے اس کےمطابق آئندہ ۱۰؍تا ۱۵؍دنوںمیں بریج راہگیروںکیلئے کھول دیا جائے گالیکن جب میں نے چیف انجینئر سے اس بارے میں استفسار کیاکہ ۱۵؍دن کیوں درکار ہیں تو انہوں نے کہا کہ ۱۵؍ دن تو نہیں ۵؍دنوںمیں بریج شروع ہوجائےگا۔ میں سمجھتا ہوںکہ ۲؍ جنوری تک بریج شروع ہوناچاہئے ۔ ‘‘  کملاکر شنوائے کےبقول’’ سنیچرکو رکن اسمبلی امین پٹیل سے بھی ہنیکاک بریج کی موجودہ صورتحال کے بارےمیں میری میٹنگ ہوئی ۔ میں نے انہیں ساری حقیقت سے آگاہ کیااور ساتھ ہی اپیل کی کہ بریج کو جلد از جلد تعمیر کرنےکیلئے بی ایم سی پر دبائو ڈالاجائے۔‘‘  ڈی ایم سی شردکالے سے اس معاملہ میں استفسار کرنےکیلئے انقلاب نے ۲؍مرتبہ انہیں موبائل پر کال کیا لیکن انہوںنے فون ریسیونہیں کیا۔ بعدازیں وہاٹس ایپ میسیج کاجواب دیتے ہوئے انہوںکہاکہ چیف انجینئر نے جو اطلاع دی ہے اس کے تحت بریج شروع کرنےکیلئے انہیں مزید ۱۰؍تا ۱۵؍دنوں کا وقت چاہئے ۔ لہٰذا راہگیروں کیلئے بریج ۱۵؍دنوںمیں کھول دیاجائے گا۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK