Updated: April 23, 2026, 12:16 PM IST
|
Agency
| New Delhi
میچ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے تیز گیند باز جیڈن سیلز کی ایک لینتھ بال اچانک اچھلی اور بلے باز لوئس کے سر پرجا لگی ۔
لیوارڈ آئی لینڈز ہری کین اورٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے میچ کا منظر-تصویر:آئی این این
ویسٹ انڈیز میں ایک مقامی میچ کو خطرناک پچ کے باعث منسوخ کر دیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ اس وقت کیا گیا جب بلے باز جیریمیا لوئس کے ہیلمٹ پر گیند لگی اور انہیں میدان چھوڑنا پڑا۔ لیوارڈ آئی لینڈز کے کھلاڑی لوئس کو ممکنہ’ کنکشن‘ (سر کی چوٹ) کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ میچ کے تیسرے دن کے پہلے سیشن میں اس وقت پیش آیا جب ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو کے تیز گیند باز جیڈن سیلز کی ایک لینتھ بال اچانک اچھلی اور لوئس کے سر کے کنارے پر جا لگی۔
ذرائع کے مطابق، گیند لگتے ہی لوئس زمین پر گر پڑے۔ انہوں نے اپنا ہیلمٹ اتارا اور غصے میں زمین پر ہاتھ مارا۔ اس کے بعد انہوں نے اپنے ہیلمٹ کو شارٹ لیگ پر کھڑے فیلڈر کی سمت لات ماری اور پویلین کی جانب چلے گئے۔ کرکٹ ویسٹ انڈیز کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لوئس کی حالت اب مستحکم ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اینٹیگا کے سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا یہ میچ اس لیے منسوخ کیا گیا کیونکہ پچ’غیر یقینی اور ناہموار‘ تھی جس سے کھلاڑیوں کی حفاظت کے حوالے سے سنگین خدشات پیدا ہو گئے تھے۔کرکٹ ویسٹ انڈیز نے مزید وضاحت کی کہ کیوریٹر کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ طے پایا کہ کسی بھی ٹیم کو غیر منصفانہ فائدہ پہنچائے بغیر پچ کی فوری مرمت ممکن نہیں ہے۔ لہٰذا، اسے کھیل کیلئے غیر موزوں قرار دیتے ہوئے میچ ڈرا پر ختم کر دیا گیا۔ میچ ختم ہونے سے قبل جیڈن سیلز نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے ۷؍ وکٹ حاصل کر لئےتھے۔