Inquilab Logo Happiest Places to Work

عوام سے بیرون ملک سفر سے گریز کی اپیل کے بعد جمعہ کو وزیراعظم کی یو اے ای روانگی

Updated: May 13, 2026, 7:43 AM IST | New Delhi

متحدہ عرب امارات کے بعد یورپ کے چار ممالک نیدرلینڈ، سویڈن، ناروے اور اٹلی جائیں گے، ۲۰؍ مئی کو وطن واپسی،وزارت خارجہ کا دعویٰ، ان دوروں سے ملک کی معیشت کو کافی فائدہ ہوگا

Schedule of Prime Minister Modi`s five-nation visit released
وزیراعظم مودی کے پانچ ممالک کے دورے کا شیڈول جاری

 وزیراعظم مودی کے ذریعہ عوام سے بیرون ملک سفر سے گریز کرنے کے ساتھ ہی بہت سارے معاملات میںاحتیاط برتنے کی اپیل کے ایک دن بعد ہی وزارت خارجہ نے وزیراعظم کے ۵؍بیرون ممالک کے دوروں کی تفصیل جاری کی ہے۔ وزیراعظم کے اس دورے کا آغاز ۱۵؍ مئی کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے ہوگا جو یورپ کے چار ممالک نیدرلینڈ، سویڈن، ناروے اور اٹلی پر ختم ہوگا۔ کانگریس اوراپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے اس پرشدید تنقید کی ہے۔ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اس اپیل کو مودی حکومت کی ناکامی قرار دیا ہے۔ ایک دن قبل اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ ’’مودی جی نے کل عوام سے قربانی مانگی،سونا مت خریدو، بیرونِ ملک مت جاؤ، پیٹرول کم استعمال کرو، کھاد اور کھانے کا تیل کم استعمال کرو، میٹرو میں سفر کرو اور گھر سے کام کرو۔ سچائی یہ ہے کہ یہ نصیحت نہیں بلکہ حکومت کی ناکامی کے پختہ ثبوت ہیں۔‘‘ 
 اسی طرح شرد پوار گروپ کی مہاراشٹر این سی پی کی خواتین شعبے کی سربراہ روہنی کھڑسےسوشل میڈیاپر اپنے ایک پوسٹ میں جم کر تنقید کی۔ وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’’اگر آپ پابندی لگانا ہی چاہتے ہیں تو اپنے غیر ملکی دوروں پر لگائیں، تمام وزراء کیلئے استعمال ہونے والے وی آئی پی قافلوں پر لگائیں، انہیں عوامی ٹرانسپورٹ سے سفر کرنے کا مشورہ دیں، انتخابات کے دوران منی لانڈرنگ بند کریں، لاکھوں روپے کے سوٹ بوٹ پہننا ترک کریں، پرائیویٹ جیٹ اور ہیلی کاپٹر کا استعمال بند کریں، اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان کو خریدنے کیلئے استعمال ہونے والی رقم پر پابندی لگائیں اور حکومت کی شبیہ بنانے کیلئے ہزاروں کروڑ روپے جو اشتہارات پر خرچ ہوتے ہیں، ان پر پابندی لگائیں۔‘‘ اپوزیشن کی جانب سےیہ اعتراضات ہوہی رہے تھے کہ اسی درمیان وزارت خارجہ نے وزیراعظم کے دوروں کا شیڈول جاری کردیا۔ اب وہ جمعہ کو ۶؍ روزہ دورے پر پانچ ممالک کاسفر کرنےوالے ہیں۔ وزارت خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ ان دوروں سے ملک کو کافی فائدہ ہوگا اور ملک کی معیشت بہتر ہوگی۔
 وزارت خارجہ کی جانب سے جاری شیڈول کے مطابق وزیراعظم۱۵؍ مئی کو متحدہ عرب امارات کے دورے پر جائیں گے، جہاں وہ یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کریں گے۔وہاں توانائی کے شعبے میں تعاون اور علاقائی و بین الاقوامی موضوعات پر دونوں لیڈران تبادلہ خیال کریں گے۔ خیال رہے کہ یو اے ای ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار اور گزشتہ۲۵؍ برسوں میں ساتواں بڑا سرمایہ کار ملک ہے۔ یو اے ای میں۴۵؍ لاکھ سے زیادہ ہندوستانی باشندے مقیم ہیں، اسلئے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ دورہ ان کی فلاح و بہبود پر بات چیت کا بھی موقع فراہم کرے گا۔ 
 دورے کے دوسرے مرحلے میں وزیراعظم ۱۵؍ سے۱۷؍ مئی تک نیدرلینڈ کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔۲۰۱۷ء کے بعد یہ ان کا دوسرادورہ ہوگا۔ اس دوران نیدر لینڈ کے بادشاہ ولیم الیگزینڈر اور ملکہ سے وزیراعظم ملاقات کریں گے اور اپنے ہم منصب روب جیٹن کے ساتھ بات چیت کریں گے۔ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ دورہ دفاع، سلامتی، اختراع، گرین ہائیڈروجن، سیمی کنڈکٹر اور آبی شعبے میں اسٹریٹجک شراکت داری سمیت مختلف شعبوں میں بڑھتے تعاون کو نئی رفتار دے گا۔دورے کے تیسرے مرحلے میں، ۱۷؍ اور۱۸؍ مئی کو وزیراعظم سویڈن جائیں گے جہاں اپنے ہم منصب کرسٹرسن کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کے دوران تجارت، گرین ٹرانزیشن، مصنوعی ذہانت، ابھرتی ٹیکنالوجی، اسٹارٹ اپس، مضبوط سپلائی چینز، دفاع، خلا، ماحولیاتی اقدامات اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے امکانات پر گفتگو کریں گے۔
 دورے کے چوتھے مرحلے میں وزیر اعظم۱۸؍ سے۱۹؍ مئی تک ناروے میں رہیں گے، جہاں وہ تیسرے بھارت،نورڈک سربراہی اجلاس اور دوطرفہ ملاقاتوں میں شرکت کریں گے۔ یہ وزیر اعظم مودی کا ناروے کا پہلا دورہ ہوگا اور گزشتہ۴۳؍ برسوں میں کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا پہلا ناروے دورہ بھی ہوگا۔ اس کے بعد ۱۹؍ سے ۲۰؍  مئی تک اٹلی کے سرکاری دورے پر رہیں گے جہاں وہ اپنے منصب جارجیا میلونی سے کئی اہم امور پرتبادلہ خیال کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK