اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں آپریشن سیندور کے بعدپیدا ہوئے حالات ، قومی سلامتی اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی
EPAPER
Updated: May 08, 2025, 11:33 PM IST | New Delhi
اس اعلیٰ سطحی اجلاس میں آپریشن سیندور کے بعدپیدا ہوئے حالات ، قومی سلامتی اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کی حکمت عملی پر گفتگو کی گئی
وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا، جس میں مختلف مرکزی وزارتوں اور محکموں کے سیکریٹریوں نے شرکت کی۔اس اجلاس میں آپریشن سیندور کے بعدپیدا ہوئے حالات ، قومی سلامتی اور جعلی اطلاعات اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے مؤثرحکمت عملی پر گفتگو کی گئی۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ وقت ملک کیلئے بہت حساس ہے اور ایسی صورتِ حال میں ادارہ جاتی رابطہ ، آپریشنل تیاری اور واضح مواصلات نہایت ضروری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غلط معلومات اور فرضی خبروں کا پھیلاؤ نہ صرف عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے بلکہ قومی سلامتی کو بھی خطرے میں ڈال سکتا ہے۔سرکاری بیان کے مطابق، وزیراعظم نے تمام وزارتوں پر زور دیا کہ وہ ریاستی سطح کے اداروں اور مقامی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ نچلی سطح پر بھی ہم آہنگی اور چوکسی برقرار رکھی جا سکے ۔ اجلاس میں سو ِل سیکوریٹی کے موجودہ نظام کو مزید مضبوط بنانے ، اہم انفراسٹرکچر کی حفاظت کو یقینی بنانے اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے بروقت ردعمل پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ وزیراعظم نے سیکریٹریوں کو ہدایت دی کہ وہ اپنی اپنی وزارتوں میں تیاری، مواصلاتی نظام اور ہنگامی ردعمل کے پروٹوکولز کا مکمل جائزہ لیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ وزیر اعظم کے دفتر کے سینئر عہدیداران، کابینہ سیکریٹری ٹی وی سومناتھن اور دفاع، داخلہ، خارجہ، اطلاعات و نشریات، بجلی، صحت، اور ٹیلی کمیونی کیشن جیسی اہم وزارتوں کے سیکریٹری شریک رہے۔
اجلاس کے دوران تمام وزارتوں نے موجودہ حالات کے حوالے سے اپنے اقدامات کی تفصیل پیش کی اور اس بات کو یقینی بنایا کہ ان کے ادارے کسی بھی ہنگامی یا غیر متوقع صورتحال سے نمٹنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں۔وزیر اعظم نے اس موقع پر قومی سلامتی کے حوالے سے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات سے پیدا ہونے والے خطرات کو سنجیدگی سے لینا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کے ہر کونے میں امن و امان برقرار رکھنے، اہم انفراسٹرکچر کی حفاظت اور شہریوں کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔