وزیر اعظم مودی نے کہا: ہندوستان نے نکسل اِزم کیخلاف جنگ جیت لی ہے۔ مودی نے کہا کہ یہ ایسی پہلی دیوالی ہے جب ملک کا ہر ضلع نکسل انتہاپسندی سے آزاد ہے اور کروڑوں ہندوستانیوں نے ماؤ نواز تشدد سے وابستہ خوف پر قابو پا لیا ہے،دماغی نکسل کی شناخت کرنے اور انہیںبھی جلد ہی ختم کرنے کا دعویٰ کیا
وزیر اعظم مودی نے نہایت پرجوش انداز میں جوانوں کے ساتھ دیوالی منائی۔ تصویر: پی ٹی آئی
وزیر اعظم مودی نے اتوار کو چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ بستر ضلع میں مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے جوانوں کے ساتھ دیوالی مناتے ہوئے کہا کہ ملک میں مسلح نکسل ازم کے خلاف لڑائی میں کامیابی حاصل ہوئی ہےلیکن اب دماغی نکسلیوں کی شناخت کرکے ان کا مقابلہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگلات سے مسلح نکسلیوں کا صفایا ہونے کے باوجود کچھ تنظیموں میں سرگرم ایسے عناصر لوگوں کو آئین اور جمہوریت کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مودی اتوار کو بستر کے کرن پور میں واقع سی آر پی ایف کے کوبرا آپریشنز بیس پہنچے جہاں انہوں نے حفاظتی دستوں کے جوانوں کے ساتھ دیوالی کا تہوار منایا۔ وزیر اعظم کی آمد کے پیش نظر کیمپ اور آس پاس کے علاقوں میں حفاظتی انتظامات سخت کر دیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: کرناٹک کے بعد کیرالا کا بھی پیٹرول کی جانچ کرانے کا فیصلہ
وزیر اعظم نے تقریباً ۴۲؍ منٹ کے خطاب میں نکسل ازم کے خلاف حفاظتی دستوں کی کارروائی، داخلی سلامتی، حکومت کی حکمت عملی، غربت کے خاتمے اور بستر میں آنے والی تبدیلیوں پر تفصیل سے بات کی۔ جوانوں کو اپنے خاندان کا حصہ قرار دیتے ہوئے مودی نے کہاکہ آج پورے ملک اور دنیا کے کونے کونے میں کروڑوں ہندوستانی روشنی کا یہ مبارک تہوار منا رہے ہیں۔ لوگ دور دور سے اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں۔ یہ خاندانوں اور عزیزوں کے ایک ساتھ جمع ہونے اور خوشیاں منانے کا بڑا موقع ہے۔ میں بھی دیوالی منانے کے لیے آپ سب کے درمیان آیا ہوں۔ سرحدوں پر اور ملک کے اندر قوم کی حفاظت کرنے والے، ملک کے محافظ اور بھارت ماتا کے بہادر بیٹے اور بیٹیاں، آپ سب میرے خاندان کے افراد ہیں۔وزیر اعظم نے۲۰۲۶ء کی دیوالی کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہاکہ کی یہ دیوالی واقعی خاص ہے! یہ پہلی دیوالی ہے جب ملک نکسل ازم اور ماؤ نواز دہشت گردی کے خلاف کئی دہائیوں پرانی لڑائی جیت چکا ہے۔ یہ پہلی دیوالی ہے جب ملک کا ہر ضلع نکسل واد سے آزاد ہو چکا ہے۔ یہ پہلی دیوالی ہے جب کروڑوں ہم وطن نکسل واد کے خوف کو شکست دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برسوں تک تشدد سے متاثر رہنے والے علاقوں میں اب امن اور ترقی کا ماحول تیار ہوا ہے۔