• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی کی سائزنگ صنعت غیرمعینہ مدت کیلئے بند

Updated: November 09, 2026, 12:08 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | Bhiwandi

مسلسل خسارے، مہنگاخام مال اور پیداواری اخراجات میں اضافے سے پریشان صنعتکاروں نے سائزنگ یونٹ بند رکھنے کافیصلہ کیا۔

A sizing unit in Bhiwandi appears to be shut down. Photo: Inquilab
بھیونڈی کا ایک سائزنگ یونٹ بند نظر آرہا ہے۔ تصویر: انقلاب

شہر کی کپڑا صنعت کو  بڑے جھٹکا لگا ہے۔ مسلسل کساد بازاری، خام مال کی بڑھتی قیمتوں اور پیداواری اخراجات میں اضافے سے پریشان سائزنگ صنعت کاروں نے اتوار۸؍نومبر سے تمام سائزنگ یونٹ غیر معینہ مدت کیلئے بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے سے نہ صرف سائزنگ صنعت بلکہ اس سے جڑے پاور لوم اور کپڑوں کے کاروبار پر بھی اثر پڑنے کا اندیشہ ہے۔

سائزنگ صنعت کاروں کے مطابق موجودہ حالات میں صنعت چلانا دن بہ دن مشکل ہوتا جارہا ہے۔ کپڑا بازار میں مندی کے باعث کام کا حجم متاثر ہے جبکہ خام مال کی قیمتوں میں اضافے نے پہلے ہی لاگت بڑھا دی ہے۔ دوسری جانب ہنرمند مزدوروں کی قلت، اجرت میں بھاری اضافہ اور سرکاری ضابطوں پر عمل درآمد کے تقاضوں نے کاروبار میں مشکلات مزید بڑھا دی ہیں۔ بڑھتے اخراجات اور کاروبار سے ہونے والی آمدنی میں عدم توازن کے باعث صنعت کاروں کے سامنے یونٹ جاری رکھنا  بڑا چیلنج بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ایف ڈی اے نےکوپر اسپتال کے بلڈ بینک کا لائسنس معطل کردیا

ان حالات میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے ۶؍نومبر کو بھیونڈی سائزنگ ویلفیئر اسوسی ایشن کی خصوصی میٹنگ منعقد ہوئی تھی۔ اسوسی ایشن کے صدر اجے کمار یادو نے بتایا کہ میٹنگ میں موجودہ معاشی صورت حال پر تفصیلی غور و خوض کے بعد اتفاق رائے سے۸؍نومبر کی صبح۷؍بجے سے بھیونڈی کی تمام سائزنگ یونٹس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔اسوسی ایشن نے یہ بھی طے کیا ہے کہ بند کے ایک ہفتہ  بعد دوبارہ میٹنگ کرکے حالات کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس اجلاس میں سائزنگ کے موجودہ نرخوں میں اضافے کی ضرورت اور صنعت دوبارہ شروع کرنے یا بند  برقرار رکھنے کے بارے میں حتمی فیصلہ ہوگا۔

اسوسی ایشن کے مطابق صنعت دوبارہ شروع ہونے کی صورت میں سرکاری ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کوئلہ اور بائیو فیول جیسے مجاز ایندھن کا استعمال یقینی بنایا جائے گا۔

حالات کا جائزہ لینے کے لئے ایک ہفتہ بعد میٹنگ

سائزنگ صنعت بند ہونے پر اسے محض چند صنعتی یونٹوں کا کاروباری فیصلہ نہیں سمجھا جارہا ہے کیونکہ بھیونڈی کے پاور لوم اور کپڑا کاروبار کا ایک بڑا حصہ اس سے وابستہ ہے۔ اگر بند طویل ہواتو اس کے اثرات کپڑا تیار کرنے والے کارخانوں، مزدوروں اور دیگر متعلقہ کاروباری سرگرمیوں تک پہنچ سکتے ہیں۔ اب سب کی نظریں ایک ہفتے بعد ہونے والی اسوسی ایشن کی میٹنگ پر ہیں  جہاں اس  بحران سے نکلنے کی راہ تلاش کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK