• Mon, 09 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پودے لگانے کی ترجیحات میں تبدیلی سے شہر کی گرمی اور آلودگی میں اضافہ ہوگا

Updated: November 09, 2026, 12:16 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

ٹری اتھارٹی نے ۲۸۔۲۰۲۷ء کے بجٹ میں سڑکوں کے کنارے درخت لگانے کے بجٹ میں کمی کردی۔ باغات اور جھیلوں کو ترجیح دی۔

People are sitting in the shade of a tree on the footpath. Photo: INN
فٹپاتھ پر لگے درخت کی چھاؤں میں لوگ بیٹھے ہوئے ہیں۔ تصویر: آئی این این

بی ایم سی کی ’ٹری اتھارٹی‘ نے سال ۲۸۔۲۰۲۷ء بجٹ میں سڑک کے کناروں پر پودے اور درخت لگانے کے بجٹ میں کمی کردی ہے اور اب لب سڑک کے بجائے باغات اور جھیلوں وغیرہ کے علاقوں میں نئے پودے اورہریالی بڑھانے پر زیادہ توجہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر ماہرین نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے وارننگ دی ہے کہ اس سے شہر میں گرمی کی شدت اور آلودگی میں مزید اضافہ ہوگا۔

واضح رہے کہ موجودہ بجٹ میں سڑک کے کنارے ہریالی بڑھانے کا بجٹ ۴۴؍ لاکھ روپے ہے جسے نئے سال کے بجٹ میں کم کرکے ۳۸؍ لاکھ روپے کردیا گیا ہے۔ نجی زمینوں پر پودے وغیرہ لگانے کا بجٹ ۶ء۵؍ لاکھ روپے تھا جسے ۵؍ لاکھ اور ندیوں اور جھیلوں کے کناروں، ساحل سمندر، پہاڑیوں کی ڈھلانوں اور باغات وغیرہ میں پودے اور ہریالی برھانے کا بجٹ ۳ء۳۵؍ کروڑ روپے تھا جسے تقریباً دوگنا کرکے ۶؍ کروڑ روپے کردیا گیا ہے۔

موجودہ سال مانسون میں سیکڑوں درخت گر گئے ہیں جس کی وجہ سے شہری علاقوں میں ہریالی میں اضافہ کرنے پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن یہاں کے بجٹ کو کم کردیا گیا ہے۔ حالانکہ ٹری اتھارٹی کا سالانہ بجٹ ۱۱۵؍ کروڑ روپے ہے اور اس سال زیادہ درخت گرنے کی وجہ سے شہر میں زیادہ توجہ دینے کے بجائے ٹری اتھارٹی نے اسی کو بنیاد بنا کر سڑکوں کے کناروں پر درخت لگانے میں کمی کرنے کافیصلہ کرلیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:بھیونڈی کی سائزنگ صنعت غیرمعینہ مدت کیلئے بند

افسران کے مطابق اس سال درخت گرنے سے کئی شہریوں کی جانیں تلف ہوئی ہیں۔ بڑی تعداد میں درختوں کے گرنے کی وجہ سے فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوام کے تحفظ کیلئے تنگ سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر درخت نہیں لگائے جائیں گے تاکہ مستقبل میں درخت گرنے کے حادثات نہ ہوں۔

درختوں کے ماہر کلیان گودمبے کا کہنا ہے کہ سڑکوں کے کنارے جو درخت ہوتے ہیں وہ کئی زاویوں سے اہم ہوتے ہیں مثلاً ان میں دھول مٹی اور ٹریفک سے اٹھنے والا نقصاندہ دھواں پھنس جاتا ہے جس کی وجہ سے فضائی آلودگی کنٹرول میں رہتی ہے، ان درختوں کی وجہ سے صوتی آلودگی پر بھی قابو رہتا ہے اور ان کے سائے کی وجہ سے گرمی کی شدت میں بھی کمی آتی ہے۔ ان کے مطابق درخت گرنے کی وجہ سے کم درخت لگانے یا پھر ہمارے علاقوں میں پیدا ہونے والے درختوں پر دیگر مقامات کے صرف خوبصورت نظر آنے والے درختوں کو ترجیح دینے سے ماحولیات پر منفی اثر پڑے گا۔ ان کا کہنا ہے کہ بنیان اور پیپل جیسے درختوں کو ترجیحی بنیاد پر شہری علاقوں میں لگانا چاہئے۔ 

بی ایم سی میں کانگریس کے ہائوس لیڈر اشرف اعظمی نے اس تعلق سے کہا کہ بی ایم سی ماحولیات کے ساتھ کھلواڑ کررہی ہے۔ انہیں اس طرح کا کوئی فیصلہ کرنے سے قبل شہری علاقوں کی ہریالی اور درختوں کے ماہرین سے رابطہ قائم کرکے مشورہ لینا چاہئے۔ گرمیوں میں راہگیروں کو درختوں کے سائے کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں شہر کے ہزاروں درخت طوفان اور سڑک کی تعمیر کی نذر ہوگئے ہیں اس لئے ان کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK