Inquilab Logo

وزیر اعظم مودی نے علی گڑھ سےانتخابی مہم کا آغازکیا، کانگریس پر شدید تنقیدیں

Updated: September 15, 2021, 9:38 AM IST | aligarh

علی گڑھ میں ڈیفنس کوریڈور اور راجا مہندر پرتاپ سنگھ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ، سبھی کو ساتھ لے کر ترقی کرنے کاوعدہ کیا اورعلی گڑھ کی تالا صنعت کو ڈیفنس کوریڈور کےہم پلہ قرار دیا ، یوگی راج میں فسادات اور جرائم میں کمی کا حوالہ دیا 

Prime Minister Modi, Yogi Adityanath, Anandi Ben Patel and other leaders on stage. (PTI)
وزیر اعظم مودی ، یوگی آدتیہ ناتھ ،آنندی بین پٹیل اور دیگر لیڈران اسٹیج پر ۔(پی ٹی آئی )

:وزیر اعظم نریندر مودی نے مغربی اترپردیش میں انتخابی بگل پھونکتے ہوئے کانگریس پر جم کر  تنقید یں کیں اور کہا کہ اس نے اپنی لگن اور قربانیوں سے ملک کو نئی سمت دینے والے راجا مہندر پرتاپ سنگھ جیسے قومی ہیرو سے ملک کی اگلی نسلوں کو روشناس نہیں کرایا۔ اسی لئے ملک ۲۰؍ویں صدی کی ان غلطیوں کی تلافی ۲۱؍ویں صدی میں کررہا ہے۔ علی گڑھ میں ڈیفنس کوریڈو اور راجا مہندر پرتاپ سنگھ یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد مودی نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو راجامہندر پرتاپ سنگھ کے کردار سے ترغیب لینے کی اپیل کی اور کہا کہ ہندوستان کی تاریخ ایسے قومی ہیروز کی کہانیوں سےبھر ی پڑی ہے جنہوں نے اپنی محنت و قربانیوں سے ملک کو نیا رخ دیا لیکن ملک کی بدقسمتی رہی ہے کہ ایسے قومی ہیروز سے ملک کی آنے والی نسلوں کو روشناس نہیں کرایا گیا۔وزیر اعظم نے کہا ان کی کہانیاں جاننے سے نسلیں محروم رہ گئیں اس لئے ہم اب اس کی تلافی کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مہاراجا سہیل دیو، چھوٹورام یا راجا مہندر پرتاپ سنگھ ہوں ملک کی ترقی کے لئے ان کے کردار کو آگے لانے کی ایماندارانہ کوشش ہورہی ہے۔
   مودی کے مطابق یہ یونیورسٹی۲۱؍ویں صدی  کے ہندوستان میں تعلیم اور ہنرمندی کی توقعات کے مطابق دفاعی مطالعہ، دفاعی پروڈکشن کی ٹیکنالوجی، اس علاقے میں کام کرنے والے ہنرمندافرادی قوت تیار کرے گا۔ یہاں تعلیم اور ہنرمندی مقامی زبان میں دینے پر طاقت دیا جائےگا۔ اپنے تالا کاروبار کی وجہ سے مشہور علی گڑھ میں دفاعی پروڈکشن گلیارے کے سنگ بنیاد کے موقع پر وزیر اعظم نے گھروں اور دُکانوں کی سیکوریٹی میں کردار ادا کرنے والا علی گڑھ اب ملک کی سرحدوں کی سیکوریٹی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ یہاں سیکڑوں کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے ڈیڑھ درجن سے زیادہ کمپنیاں آرہی ہیں جو چھوٹے ہتھیار، ڈرون، ایئرو اسپیس میٹل کمپونینٹ، اینٹی ڈرون نظام اور دیگر دفاعی آلات بنائیں گی۔
 مغربی  یوپی کی سیاسی نبض پر ہاتھ رکھتے ہوئے مودی نے تقریباً  ۵؍ سال پہلے  فسادات کی یاد دلائی اور کہا کہ ایک وقت ایسا ماحول تھا جب لوگوں کو آبائی گھر چھوڑ کر بھاگنا پڑا تھا۔ آج اترپردیش میں کوئی بھی مجرم ایسا کرنے سے پہلے سو بار سوچتا ہے۔ انہوں نے یوگی حکومت کے نظم ونسق کی تعریف کرتےہوئے اور سبھی کو ساتھ لے کر چلنے کا وعدہ بھی کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK