بہار میں ۴۸؍ ہزار کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد ،یوپی میں ۴۷؍ ہزار کروڑ کے منصوبوں کی شروعات کی ،پہلگام حملے کے متاثرین سے ملاقات کی
EPAPER
Updated: May 31, 2025, 11:23 AM IST | kanpur
بہار میں ۴۸؍ ہزار کروڑ روپے کے مختلف منصوبوں کا افتتاح و سنگ بنیاد ،یوپی میں ۴۷؍ ہزار کروڑ کے منصوبوں کی شروعات کی ،پہلگام حملے کے متاثرین سے ملاقات کی
وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے دو روزہ بہار دورہ اور پھر یوپی دورے پر کئی منصوبوں کا افتتاح کرنے اور سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو پھر سخت وارننگ دی ۔ بہار کے بکرم گنج میں دوسرے دن ۴۸؍ ہزار ۵۰۰؍ کروڑ روپے کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کیا۔انہوں نے اس موقع پرمنعقدہ جلسہ عام سےخطاب بھی کیا۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر میں آپریشن سیندور کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان کو ایک بار پھر خبردار کیا اور کہا کہ یہ ان کے ترکش کا صرف ایک تیر تھا۔ اگر دہشت گردوں نے دوبارہ سر اٹھایا تو بھارت انہیں ان کے بل سے نکال کر کچل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام حملے کے بعدہم نے بہار کے مدھوبنی کی دھرتی سے دہشت گردوں کو سخت سزا دینے کا عہد کیا تھا اوراب اپنا وعدہ پورا کرکے ہی بہار واپس آئے ہیں ۔واضح ہوکہ اس جلسہ میںروہتاس کے علاوہ کیمور، بکسر اور بھوجپور اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ پہنچے تھے۔شاہ آبادخطہ کے چاروں اضلاع میں بی جے پی اور این ڈی اے کو گزشتہ لوک سبھا اور اسمبلی انتخابات میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
وزیراعظم نےاپنے ۳۳؍منٹ کے خطاب میں لالو یادو اور رابڑی دیوی کا نام لئے بغیر ان پر تنقیدیں کیں اور کہا کہ وہ لوگ جنہوں نے بہار کو سب سے زیادہ دھوکہ دیا، جن کے مظالم کی وجہ سے بہار کے غریب لوگوں کو دوسری جگہ ہجرت کرنی پڑی، آج وہی لوگ اقتدار حاصل کرنے کے لیے سماجی انصاف کے نام پر جھوٹ بول رہے ہیں۔آپ سب اچھی طرح جانتے ہیںکہ نکسل آندولن نے لوگوں کو پریشان کر رکھا تھا۔آج وزیراعلیٰ نتیش کمار کی قیادت میں ہماری حکومت نے نکسلیوں کو مرکزی دھارے میں لانے کی کوشش کی اور ان کے خلاف مہم چلائی۔انہوں نے کہاکہ اب ملک کےصرف ۱۸؍اضلاع ہی نکسل متاثرہ ہیں اور وہ دن دور نہیں جب ماؤنواز تشدد کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔
وزیراعظم مودی نے کہا کہ بہار میں ہر جگہ فور لین اور سکس لین سڑکوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ گنگا، سون، گنڈک، کوسی سمیت تمام بڑی ندیوں پر نئے پل بنائے جا رہے ہیں۔ ہزاروں کروڑ کے پروجیکٹ بہار میں نئے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ ان منصوبوں سے بہار کے لوگوں کے روزگار میں اضافہ ہوگا۔ بہار میں ریلوے کی حالت بھی تیزی سے بدل رہی ہے۔ آج بہار میں عالمی معیار کی وندے بھارت ٹرین چلائی جا رہی ہے۔ کئی جگہوں پر ملٹی ٹریکنگ کا کام جاری ہے۔ اب سہسرام ریلوے اسٹیشن پر بھی ۱۰۰؍ سے زیادہ ٹرینیں رکتی ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ ہم پرانے مسائل حل کر رہے ہیں اور ریلوے کو بھی جدید بنا رہے ہیں۔یہ کام پہلے بھی ہو سکتا تھا لیکن جن کو آپ نے ترقی کی ذمہ داری دی، انہوں نے آپ سے زمین لے کرآپ کو نوکریاں دیں، ریلوے میں بھرتی کے نام پر آپ کی زمین لوٹ لی۔غریبوں کی زمینیں اپنے گھر والوں کے نام پر رجسٹرڈ کروائیں۔ یہی ان کا سماجی انصاف کا طریقہ تھا۔ ان کا طریقہ تھا کہ غریبوں کو لوٹ کر خود شاہی زندگی کا مزہ لیا جائے۔ وزیر اعظم نے بہار سے یوپی روانگی سے قبل پٹنہ ایئر پورٹ پر آئی پی ایل کے نوجوان کھلاڑی ویبھو سوریہ ونشی سے بھی ملاقات کی ۔ اس دوران ان کے والدین بھی ساتھ تھے۔ وزیر اعظم نے ویبھو کو نیک خواہشات پیش کیں اور خوب محنت کرکے پڑھائی کرنے اور اپنے کھیل پر دھیان دینے کی تلقین کی ۔
دریں اثناءوزیر اعظم مودی نے کانپور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام دہشت گردانہ حملہ کا درد و غصہ دنیا نے آپریشن سیندور کی شکل میں دیکھا۔ ہماری فوج نے پاکستان میںسیکڑوں میل اندر جاکر دہشت گردانہ ٹھکانوں کو تباہ کیا تودشمن گڑگڑاکر جنگ بندی کا مطالبہ کرنے لگا۔ جنگ بندی سے کوئی دھوکہ میں نہ رہے ، آپریشن سیندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔ ایٹم بم کی گیڈر بھپکی سے دبائو کے بجائے اسی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا ۔ کنپوریا زبان میں کہیں تو دشمن کہیں بھی ہو ، ہونک دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم مودی نے جمعہ کو صنعتی شہر کانپور واقع چندر شیکھر آزاد زرعی یونیورسٹی میں منعقدہ اجلاس عام سے خطاب کے دوران کیا۔تیسری مرتبہ وزیر اعظم بننے کے بعد پہلی مرتبہ کانپور پہنچے نریندر مودی نے کانپور میٹرو کے دوسرے سیکشن میں زیر زمین پانچ اسٹیشن ، پنکی پاور پلانٹ، نیولی پاور پلانٹ سمیت ۴۷؍ہزار ۶۰۰ کروڑ کے مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح و سنگ بنیاد رکھا۔طے شدہ پروگرام کے مطابق خصوصی طیارہ سے چکیری ایئر پورٹ پہنچے ۔وزیر اعظم کا وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ، گورنر اترپردیش آنندی بین پٹیل نے استقبال کیا۔یہیں پر وزیر اعظم نے پہلگام دہشت گردانہ حملے میںجان گنوانے والے شہر کے جواں سال تاجر شبھم دویدی کی بیوہ اور اہل خانہ سے ملاقات کر تعزیت کا اظہار کیا۔ یہاں سے ہیلی کاپٹر کے ذریعہ سی ایس سی اجلاس عام میں پہنچے۔ خطاب کے دوران وزیر اعظم نےکہا کہ ۲۴؍اپریل کو کانپور میٹر و دیگر ترقیاتی کاموں کا افتتاح ہونا تھا، جسے پہلگام حملے کی وجہ سے منسوخ کرناپڑا لیکن اب ہم نے یہ کام کردیا ہے۔