آپریشن سیندور پروزیر اعظم مودی کے دعوؤں اور اعلانات پرمغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم مودی ایسے بول رہے ہیں جیسے وہ ہر مہیلا کے پتی ہوں! ‘‘ممتا نے کہا کہ مودی مغربی بنگال پر تنقید کررہے ہیں جبکہ ہم دہشت گردی کیخلاف مرکز کے ساتھ ہیں۔
ممتا بنرجی ہاؤڑہ میں پریس کانفرنس اور وزیر اعظم مودی علی پور دوار میں ریلی کے دوران۔ تصویر:پی ٹی آئی
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے جمعرات کو کولکاتا میں وزیر اعظم نریندر مودی کے آپریشن سیندور کے تعلق سے کئے گئے اعلانات اور دعوؤں پر ایک چبھتا ہو ا تبصرہ کیا۔ ہاؤڑہ میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا ’’وزیر اعظم مودی ایسے بول رہے ہیں جیسے وہ ہر مہیلا کے پتی ہوں۔ وہ اپنی بیوی کو سیندور کیوں نہیں دیتے ؟ حالانکہ میں اس بارے میں بات نہیں کرنا چاہتی تھی لیکن آپ نے مجھے بولنے پر مجبور کیا ۔ دراصل جمعرات کو وزیر اعظم مودی نے مغربی بنگال کے علی پور دوار میں تقریباً۳۲؍ منٹ کا خطاب کیا۔ اس میں انہوں نے آپریشن سیندور، پاکستان، ممتا حکومت کی کرپشن اور مرکز کی پالیسیوں کا ذکر کیا۔مودی نے پہلگام حملے کے بعدشروع کی گئی ہندوستانی فوجی مہم کا خصوصی حوالہ دیتے ہوئے کہا ’’۱۴۰؍ کروڑ ہندوستانیوں کے توسط سے بنگال کی اس سرزمین سے میں اعلان کرتا ہوں کہ آپریشن سیندور ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔‘‘
وزیر اعظم مودی کے بقول ’’۲۲؍ اپریل کو پہلگام میں دہشت گردوں نے جو سفاکیت دکھائی ، اس پر بنگال میں شدید برہمی تھی، جو غصہ آپ کے اندر تھا، اسے میں سمجھ سکتا ہوں۔ دہشت گردوں نے ہماری بہنوں کا سیندور مٹانے کی جرأت کی اورہماری فوج نے انہیں سیندور کی طاقت دکھا دی۔‘‘وزیر اعظم مودی ’سیندور‘ کی علامتی اہمیت پر بھی گفتگو کی اوراس سے ہندوستانی عورت کے تحفظ اوروقارکے تعلق کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ ہماری فوج نے سرحد پار قائم دہشت گردی کے کیمپوں کے خلاف جو فیصلہ کن کارروائی کی اور ان کے ٹھکانوں کو جس طرح تباہ کیا ،وہ پاکستان نے کبھی سوچا بھی نہیں ہوگا۔
ممتا کا مودی کو آمنے سامنے بحث کا چیلنج
وزیر اعلیٰ ممتا نے کہا کہ میں وزیر اعظم مودی کو آمنے سامنے بحث کا چیلنج دیتی ہوں۔ کوئی اسکرپٹ نہیں ہوگی اور سوالات کے فوری جوابات دینے ہوں گے۔ اگر آپ چاہیں تو اپنا ٹیلی پرامپٹر بھی لے آئیں۔ممتا نے مودی سے کہا کہ آپ میڈیا کو کنٹرول کرتے ہیں اور راجستھان، بنگلہ دیش اور دیگر مقامات پر ہونے والے واقعات کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ وہ بنگال کے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں۔ ہر کارکردگی صرف آپ کے نام ہے۔ آپ فوج کے لیے کوئی پروجیکٹ کیوں نہیں شروع کرتے؟ آپ صرف پبلسٹی چاہتے ہیں۔
کیا آپریشن سیندور کی طرح `آپریشن بنگال بھی کریں گے؟
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے جو کچھ کہا اس سے ہم نہ صرف حیران ہیں بلکہ یہ سن کر بدقسمتی بھی ہے ۔ پورا اپوزیشن دنیا کے سامنے ملک کی نمائندگی کر رہا ہے۔ انہوں نے ملک کے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک جرات مندانہ قدم اٹھایا ہے لیکن کیا وزیر اعظم مودی اور ان کے لیڈروں کیلئے یہ کہنے کا وقت آگیا ہے کہ وہ `’آپریشن سیندور‘کی طرح `’آپریشن بنگال ‘کریں گے۔میں چیلنج کرتی ہوں کہ اگر ان میں ہمت ہے تو کل الیکشن لڑیں۔ مودی مغربی بنگال پر تنقید کررہے ہیں جب کہ ہم دہشت گردی کے خلاف مرکز کا ساتھ دے رہے ہیں۔
واضح رہےکہ وزیر اعظم مودی کی ریلی میں ریاستی بی جے پی صدر سکانتا مجمدار نے ’آپریشن بنگلہ‘ کا موازنہ آپریشن سیندور سے کیا تھا اور ریاست سے ترنمول حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا مطالبہ کیا تھا۔
مودی حکومت ۹؍جون سے ہر گھر میں سندور پہنچائے گی
مودی حکومت آپریشن سیندور کی کامیابی کو ہر گھر تک پہنچانے کی تیاری کر رہی ہے۔ اس کے تحت خواتین کو سیندور بطور تحفہ دیا جائے گا۔ بی جے پی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ یہ ۹؍ جون سے شروع ہوگا۔ اس دن نریندر مودی نے تیسری بار وزیر اعظم کے طور پر حلف لیا، یعنی مودی ۳ء۰؍ لانچ کیا گیا۔مہم کا بنیادی مقصد مودی ۳ء۰؍ حکومت کی کامیابیوں کو لوگوں تک پہنچانا ہے۔ اس کے لیے تعلقات عامہ کے دوران خواتین کو سیندور بھی پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ آپریشن سیندور کو اجاگر کرنے والے پمفلٹ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔
واضح رہےکہ تمام مرکزی وزراء، نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) کے اراکین پارلیمنٹ اور تنظیم کے سینئر عہدیدار اس مہم میں شامل ہوں گے۔ ایک ماہ تک چلنے والے اس پروگرام میں تمام لوک سبھا ممبران پارلیمنٹ کو اپنے حلقوں میں روزانہ ۲۰-۱۵؍ کلومیٹر پیدل چلنا پڑے گا اور وزراء عوامی رابطہ کے لیے ہفتے میں ۲؍ دن ۲۵-۲۰؍ کلومیٹر کا سفر کریں گے۔ آپریشن سیندور کے دوران کسی محکمہ نے جس شکل میں بھی اپنا تعاون دیا ہے اس پر دستاویزی فلم بھی بنائی جائے گی۔