Inquilab Logo

انتخابات کا اعلان ہوتے ہی وزیراعظم مودی کا جنوبی ہند کا دورہ

Updated: March 18, 2024, 11:55 PM IST | Agency | Hyderabad

ایک ہی دن میں تلنگانہ، کرناٹک اور تمل ناڈو پہنچے، اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کی اور ’پریوار واد‘ کے حوالے سے انہیں نشانہ بنایا۔

Prime Minister Modi held a road show in Coimbatore, Tamil Nadu. Photo: PTI
وزیراعظم مودی نے تمل ناڈو کے کوئمبٹور میں ایک روڈ شو کیا۔ تصویر: پی ٹی آئی

 انتخابی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی وزیراعظم مودی ’انتخابی موڈ‘ میں آگئے ہیں۔ پیر کو اسی سلسلے میں انہوں نے جنوبی ہند کی تین ریاستوں تلنگانہ، تمل ناڈو اور کرناٹک کا دورہ کیا۔ وزیراعظم نے تلنگانہ کے جگتیال میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس سمیت انڈیا اتحادکی تمام جماعتوں پر تنقید کی اور انہیں ’پریوار واد‘ کے حوالے سے نشانہ بنایا۔  
 وزیراعظم مودی نے عوام سے این ڈی اے کیلئے ۴۰۰؍ سیٹوں کی اپیل کرتے ہوئے انڈیا اتحاد پر تنقید کی۔ ممبئی میں منعقدہ انڈیا اتحاد کے جلسہ عام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ’’ ممبئی میں انڈیا اتحاد کی ریلی میں اس نے اپنا  انتخابی منشور جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ ان کی لڑائی طاقت (شکتی) کے خلاف ہےلیکن  میں انہیں بتا دینا چاہتا ہوں کہ میرے لئے ہر ماں اور بیٹی شکتی کی شکلیں ہیں۔ میں انہیں شکتی کے طور پر پوجتا ہوں اور ان کی حفاظت کیلئے اپنی جان کی بازی تک لگا سکتا ہوں۔
اس کے علاوہ مودی نے تلنگانہ کی بی آر ایس اور کانگریس پر اقربا پروری کا الزام لگایا۔ مودی نے کہا کہ تلنگانہ سے لوٹا ہوا پیسہ اب دہلی میں خاندان والوں کے خزانے میں جارہا ہے لیکن مودی انہیں نہیں چھوڑے گا۔
 تلنگانہ کے جگتیال کے بعد وزیراعظم مودی کرناٹک پہنچے جہاں انہوں نے شیموگا میں ایک ریلی سے خطاب کیا۔ اس کے بعد شام  میں وہ تمل ناڈو کے کوئمبٹور پہنچے اور۴؍کلومیٹر کے ایک طویل روڈ شو کے ساتھ ہی عوام سے خطاب بھی کیا۔
 جگتیال میں خطاب کرتے ہوئےوزیر اعظم مودی نے کہا کہ این ڈی  اے ۴۰۰؍ سیٹوں پر کامیاب ہوکر تیسری بار اقتدار میں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ان انتخابات سے پہلے  ہی فیصلہ کر لیا ہے کہ مودی کو تیسری بار وزیر اعظم بنائیں گے۔  تلنگانہ کے جگتیال ضلع میں منعقدہ بی جے پی کی وجے سنکلپ سبھا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام۱۳؍ مئی کو ایک نئی تاریخ رقم کرنے والے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں تلنگانہ میں بی آر ایس اور کانگریس کو شکست ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK