Inquilab Logo

لاک ڈاؤن بھلے ہی ختم ہوگیا ہو، کورونا ختم نہیں ہوا ہے

Updated: October 20, 2020, 7:00 PM IST | Agency | New Delhi

وزیراعظم نریندر مودی نے قوم کے نام اپنے خطاب میں عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ لاک ڈاؤن ختم ہوسکتا ہے ، لیکن وائرس نہیں چلا گیا ہے۔ ‘

pm-modi-address
وزیراعظم نریندر مودی قوم سے خطاب کرتے ہوئے ۔ تصویر : پی ٹی آئی

نئی دہلی (ایجنسی) : ملک کے وزیر اعظم نریندر مودی آج شام ۶؍بجے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’کورونا کے خلاف لڑائی میں جنتا کرفیو نافذ ہونے سے لے کر آج تک ملک کے تمام لوگ  ایک لمبا فاصلہ طے کرچکے ہیں۔ وقت کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ  نظر آرہا ہے۔ عوام  اپنی ذمہ داریوں کو نبھانے اور  زندگی کی گاڑی کو ایک بار پھر پٹری پر لانے کے لئے ہر روز گھروں سے نکل رہے ہیں۔ تہواروں کے اس موسم میں ، بازاروں میں چمک بھی آہستہ آہستہ لوٹ رہی ہے۔‘‘وزیراعظم نے اپنے خطاب میں عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ لاک ڈاؤن ختم ہوسکتا ہے ، لیکن وائرس نہیں چلا گیا ہے۔ ‘‘ کورونا سے نمٹنے میں عوام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۷۔۸؍ مہینوں میں ہر ہندوستانی کی کوششوں سے ہم سنبھل سکے ہیں اور  اس صورت ِ حال کو ہمیں خراب نہیں ہونے دینا ہے۔ آج ملک میں صحت یابی کی شرح اچھی ہے  جبکہ اموات کی شرح کم ہے۔ دنیا کے وسائل سے مالا مال ممالک کے مقابلے میں ، ہندوستان اپنے زیادہ سے زیادہ شہریوں کی زندگیاں بچانے میں کامیاب ہو رہا ہے۔‘‘ نریندرمودی نے اس موقع پر طبی عملے کی خدمتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ’’خدمت پرمو دھرم کے منتر کے بعد: ہمارے ڈاکٹر ، نرسیں  اور صحت کے کارکن اتنی بڑی آبادی کی بے لوث خدمت کررہے ہیں۔ان تمام کوششوں کے بیچ  یہ  لاپروائی کا وقت نہیں ہے۔ اب یہ فرض کرنے کا وقت نہیں ہے کہ کورونا چلا گیا ہے ، یا اب کورونا سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ جب تک اس کی ویکسین نہیں آجاتی، ہمیں کورونا سے اپنی لڑائی کو بھی کمزور نہیں پڑنے دینا ہے۔ بہت سے لوگوں نے اب احتیاطی تدابیر اختیار کرنا چھوڑ دی ہیں۔ یہ ٹھیک نہیں ہے۔ اگر آپ لاپرواہیں ،  بغیر ماسک پہنے باہر نکل رہے ہیں تو آپ خود کو  اور اپنے اہل و عیال کو پریشانی میں ڈال رہے ہیں۔‘‘  وزیر اعظم نریندر مودی کا خطاب ایک ایسے وقت میں ہوا جب بہار میں اسمبلی انتخابات سمیت متعدد ریاستوں میں ضمنی انتخابات ہو رہے ہیں ۔ دوسری جانب درگا پوجا کا تہوار جاری ہے۔ اس کے علاوہ دسہرہ ، دیوالی  جیسے تہوار  بھی قریب ہیں ۔یاد رہے کہ ہندوستان میں کورونا کی تفتیش کے بعد یہ ان کا قوم کے نام ساتواں خطاب تھا۔  ان خطاب میں وہ ہم صحت مند تو دنیا صحت مند ، عوامی کرفیو ، تالی بجانے ، گھنٹی بجانے اور دیا روشن کرنے جیسے  پیغامات دے چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK