Inquilab Logo

کرناٹک میں وزیراعظم کا روڈ شو، ترقیاتی کاموں کا افتتاح

Updated: March 13, 2023, 10:17 AM IST | Mandya

عوام کی دعاؤں کو اپنا سب سے بڑا محافظ قراردیا، بنگلور اور میسور کے درمیان مسافت کو ۳؍ گھنٹے سے گھٹا کر ۷۵؍ منٹ کرنے والی شاہراہ کا افتتاح کیا اور مرکز کی سابقہ کانگریس حکومتوں پرعوام کے پیسوں کو لوٹنے کا الزام لگایا

Prime Minister Modi responding to public reception during the road show in Mandya. (PTI)
وزیراعظم مودی مانڈیا میں روڈ شو کے دوران عوام کے استقبال کا جواب دیتے ہوئے۔(پی ٹی آئی)

: وزیراعظم نریندر مودی اتوار کو ۲؍ ماہ سے بھی کم عرصے میں کرناٹک کے چھٹے دورے پر پہنچے جہاں انہوں نے کانگریس اور جنتادل سیکولرکے گڑھ مانڈیا میں روڈ شو کیا  اور پھر عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کو سخت سست سنائی۔اس کے ساتھ ہی  وزیراعظم نے بنگلور-میسور ایکسپریس وے کا افتتاح  کرتے ہوئے اسے قوم کے نام وقف کیا اور میسور- کشال نگر ہائی وے کاسنگ بنیاد رکھا۔  انہوں نے کانگریس کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف وہ ملک کی ترقی کیلئے کام کررہے ہیں اور دوسری طرف کانگریس اوراس کی اتحادی پارٹیاں اُن کی قبر کھودنے کا خواب دیکھ رہی ہیں۔  وزیراعظم نےعوام  کی دعاؤں کو  اپنا سب سے بڑا محافظ قراردیا۔ 
  مانڈیا میں  وزیراعظم  کے روڈ شو کو مئی  میں  ہونے والے اسمبلی انتخابات سے جوڑ کر دیکھا جارہاہے۔ روڈ شو  میں جہاں عوام کا جم غفیر موجود تھا، وہیں وزیراعظم   بھی پرجوش  اور عوام پرپھول برساتے نظر آئے۔ ا س موقع پر علاقے میں ۵؍ ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات  کئے گئے تھے۔ روڈ شو کے بعد ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ’’کانگریس اوراس کےساتھی مودی کی قبر کھودنے کا خواب دیکھ رہے ہیں لیکن مودی ایکسپریس وے بنانے میں مگن ہے۔ مودی غریبوں  کی زندگیوں کو آسان بنانے میں مصروف ہے۔‘‘ انہوں  نے کہا کہ ’’کانگریس کو پتہ ہی نہیں ہے کہ ملک کی کروڑوں  ماؤں بہنوں کی دعائیں ہی مودی کیلئے سب سے بڑا حفاظتی گھیرا ہیں۔‘‘ وزیراعظم  نے ترقی رفتار کو تیز کرنے کیلئے ڈبل انجن سرکار کو ضروری قراردیا۔ 
مانڈیا میں کئی پروجیکٹوں کے افتتاح کے بعد وزیراعظم  آئی آئی ٹی دھارواڑکا افتتاح کرنے پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ’’سنگ بنیاد سے افتتاح  تک (کرناٹک کی )ڈبل  انجن سرکار بہت تیزی سے کام کرتی ہے۔ میرا عزم ہوتاہے کہ جس کی سنگ بنیاد ہم رکھیں،اس کاافتتاح بھی ہم ہی کریں۔‘‘۸۵۰؍ کروڑ روپے سے تیار کئے گئے آئی آئی ٹی دھارواڑ کی سنگ بنیاد وزیراعظم مودی نے ہی ۲۰۱۹ء میں رکھی تھی۔  اس کے بعد شام کو وزیراعظم نے ہبلی میں سدھاروڈھ سوامی  ہبلی ریلوے اسٹیشن پر دنیا کے سب سے بڑے ریلوے پلیٹ فارم کا افتتاح کیا۔اس پلیٹ فارم کو حال ہی میں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں  شامل کیاگیاہے۔ پلیٹ فارم کی لمبائی ایک ہزار ۵۰۷؍ کلومیٹر یعنی تقریباً ڈیڑھ کلو میٹر ہے۔اس کے علاوہ انہوں نے ہوساپیٹ ریلوےاسٹیشن کا بھی افتتاح کیا۔ اس اسٹیشن کو ہمپی کے آثار قدیمہ کی طرز پر بنایاگیاہے۔ 
  وزیراعظم نے کرناٹک  کے اپنے اس دورہ میں مجموعی طورپر  ۱۶؍ ہزار کروڑ روپے کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا۔  انہوں نے جس  بنگلور -میسور ایکسپریس  وے کا افتتاح کرتے ہوئے  اسے قوم کے نام وقف کیا اس کی وجہ سے دونوں شہروں کے درمیان مسافت ۳؍ گھنٹے سے گھٹ کر ۷۵؍ منٹ رہ جائےگی۔  یہ ۶؍ لین کا ایکسپریس وے ہے۔ اس  کے ساتھ ہی وزیراعظم مودی نےتقریباً۴؍ ہزار ۱۳۰؍  کروڑ روپے کی لاگت  کے ۴؍ لین کے میسور- کشال نگر ہائی وے کا بھی سنگ بنیاد رکھا۔اس کی تکمیل سے میسور اور کشال نگر کے درمیان سفر کا وقت ۵؍ گھنٹے سے گھٹ کر ڈھائی گھنٹے رہ جائےگا ۔ 
 پروگرام کے دوران کرناٹک کے وزیراعلیٰ بسوراج  بومئی، مرکزی وزیر نتن گڈکری، پرلہاد جوشی  اورمانڈیا سےلوک سبھا  کی رکن سمالتاامبریش جنہوں نے حال ہی میں بی جےپی کی حمایت کا اعلان کیا ہے، موجود تھیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK