Inquilab Logo

پاپوا نیوگنی کے بعد وزیر اعظم کے سہ روزہ دورۂ آسٹریلیا کا آغاز

Updated: May 23, 2023, 11:57 AM IST | Sydney

نریندر مودی جاپان کےاہم دورے کے بعد پاپوا نیو گنی پہنچے ۔ فجی کے اپنے ہم منصب سے ملاقات کی، اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا ۔ بعدازاں سڈنی میں اُن کا شاندار استقبال کیا گیا

Prime Minister with children of Indian origin in Sydney. (PTI)
سڈنی میں وزیراعظم ہند نژاد بچوں کے ساتھ۔ ( پی ٹی آئی)

 وزیر اعظم نریندر مودی نے   جاپان اور پاپو ا نیوگنی کے بعد پیر سے آسٹریلیا  کے اپنے سہ روزہ دورے کا آغاز کیا  جہاں  ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ آج( منگل کو) ان کی ملاقات  اپنے آسٹریلیا ئی ہم منصب سے  ہو گی۔ قبل ازیں انہوں نے پاپوا نیو گنی میں  اپنے فجی  کے ہم منصب سے ملاقات کی۔
  پیر کی رات آسٹریلیا کے شہر سڈنی پہنچنے پر  ان کا والہانہ استقبال کیاگیا جہاں ہندوستانی برادری سے ان کی ملاقات ہوئی۔  
 قبل ازیں آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البنیز نے کہا کہ آسٹریلیا کے سرکاری دورے پر وزیر اعظم نریندر مودی کی میزبانی کرنا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔ پیر کو   ایک بیان میں ان کا  کہنا تھا، ’’میں آسٹریلیا کے سرکاری دورے پر وزیر اعظم مودی کی میزبانی کو اپنے لئے اعزاز سمجھتا  ہوں۔ آسٹریلیا اور ہندوستان ایک مستحکم، محفوظ اور خوشحال ہند-بحرالکاہل کیلئے پرعزم ہیں۔ اس وژن کی حمایت میں ہمیں ایک ساتھ مل کر اہم کردار ادا کرنا ہے۔‘‘ 
  آج ( منگل کو )دوطرفہ ملاقات میں دونوں لیڈرتجارت اور سرمایہ کاری پر تبادلۂ خیال کریں گے جس میں جامع اقتصادی تعاون کے معاہدے کے ذریعے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے پر بات چیت کی جائے گی۔  اس  کے نتیجے میں دونوں ممالک عوام کے درمیان تعلقات، قابل تجدید توانائی نیز دفاعی  اور سیکوریٹی تعاون کو مضبوط بنانے کیلئے کام کریں گے۔
  انتھونی البنیز نے اپنے بیان میں جی  ۲۰؍  سربراہی  اجلاس کا  بھی  ذکر کرتےہوئے کہا ، ’’ میں نئی دہلی میں ستمبر میں ہونے والے جی۲۰؍ لیڈروں کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے ہندوستان کا سفر کروں گا اور میں اس اجلا س سے پرامید ہوں ۔ ‘‘ 
  قبل ازیں وزیر اعظم نریندر مودی نے  پاپوا نیو گنی کے دارالحکومت پورٹ مورسبی میں اپنے فجی کے ہم منصب   سیتوینی ربو کاسے ملاقات کی۔ اس بارے میں  وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باغچی نے ٹویٹ کیا،’’ بات چیت کے دوران دونوں لیڈروں نے قریبی دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔  دونوں  لیڈروں نے قریبی اور کثیر جہتی  دوطرفہ شراکت داری کا جائزہ لیا۔

 وزیر اعظم نریندر مودی کو فجی اور پاپوا نیو گنی کے  اعلیٰ ترین شہری اعزا ز سے نوازا گیا، دونوں ممالک کی قیادت کا شکریہ اد ا کیا 

 وزیر اعظم نریندر مودی کو  پاپوا نیو گنی  اور فجی کے   اعلیٰ ترین شہری اعزاز سے نوازا گیا۔پیر کووزیراعظم کو پاپوا نیو گنی کا گرینڈ کمپینین آف دی آرڈر آف لوگوہو (جی سی ایل)ملنے پر  گورنر جنرل سر باب ڈیڈ نے مبارکباد دی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  مودی نے کہا کہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے پر بے حد خوش ہیں اور یہ ایوارڈ ہندوستان اور ہندوستانی عوام کی کامیابیوں کا ایک بڑا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا، ’’میں پاپوا نیو گنی کی طرف سے کمپینین آف دی آرڈر آف لوگو ہوسے نواز ے جانے پر گورنر جنرل سر باب ڈیڈ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ ہندوستان اور ہمارے عوام کی کامیابیوں کا ایک بڑا اعتراف ہے۔‘‘ دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی کو پیر کو فجی کے وزیر  اعظم سیتوینی ربوکا نے ملک کے اعلیٰ ترین اعزاز کمپینین آف دی آرڈر آف فجی  (سی ایف) سے نوازا۔دونوں وزرائے اعظم نے پاپوا نیو گنی کے دارالحکومت  پورٹ مورسبی میں تیسرے فورم برائے ہندبحرالکاہل جزائر تعاون (ایف آئی پی  آئی سی) چوٹی کانفرنس کے موقع پر دو طرفہ بات چیت کے لئے ملاقات کی۔وزیر  اعظم سیتوینی ربوکا کے ہاتھوں سے ایوارڈ قبول کرتے ہوئے مودی نے  شکریہ ادا کیا اور کہا، ’’میں فجی کے  عوام اور حکومت کا شکر گزار ہوں کہ  انہوں نے مجھے کمپینین آف آرڈر آف فجی سے نوازا۔  دراصل  یہ ہندوستان کے  عوام کیلئے اعزاز اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا اعتراف ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK