Inquilab Logo Happiest Places to Work

وزیراعظم کا دورۂ بہار، کئی پروجیکٹوں کا افتتاح، اپوزیشن کی تنقید

Updated: June 21, 2025, 12:23 PM IST | Agency | Siwan/Patna

وزیراعظم نے کہا کہ ’’پنجے اور لالٹین کے شکنجے نے بہار کو ہجرت کی علامت بنادیا‘‘جواب میں  اپوزیشن نے کہا کہ ’’بہارمیں بی جے پی اور جے ڈی یو نے صرف جھوٹے خواب دکھائے۔‘‘

Prime Minister Modi, Chief Minister Nitish Kumar and Deputy Chief Minister Samrat Chaudhary are being welcomed upon their arrival at the rally venue. Photo: INN
وزیراعظم مودی ، وزیراعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیراعلیٰ سمراٹ چودھری کے جلسہ گاہ پہنچنے پر استقبال کیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این

وزیر اعظم نریندر مودی نےجمعہ کو بہار کیلئے ۱۰؍ہزار کروڑ روپے کی اسکیموں کا سنگ بنیاد اور افتتاح کے بعد اپنے خطاب میں ریاست کو تیزی سےترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا دعویٰ کیا۔ وزیراعظم نے سیوان کو ہندوستان کی جدوجہد آزادی کی ایک متاثر کن سرزمین قرار دیا اور کہا کہ سیوان نے ملک کو ڈاکٹر راجندر پرساد کی شکل میں ایک عظیم بیٹا دیا، جنہوں نے آئین کا مسودہ تیار کرنے اور ملک کی سمت کی رہنمائی کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم نے عظیم سماجی مصلح برج کشور پرساد کی شکل میں سیوان کے تعاون کو بھی سراہا، جنہوں نے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پروگرام ان مسلسل کوششوں کا ایک حصہ ہے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ یہ ترقیاتی اقدامات بہار کی، روشن مستقبل کی سمت رہنمائی کریں گے اور ایک خوشحال ریاست کی تعمیر میں معاون ثابت ہوں گے۔ 
 وزیراعظم نے بہار کی پسماندگی پر کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پنجے اور لالٹین کی گرفت نے ریاست بہارکو ہجرت کی علامت بنا دیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) سے قبل کی حکمرانی کو جنگل راج قرار دیتے ہوئے آر جے ڈی اور کانگریس پر حملہ کیا اور کہا کہ بہار کے لوگوں نے جنگل راج کا خاتمہ کر دیا ہے۔ یہاں کے ہمارے نوجوانوں نے۲۰؍سال پہلے کے بہار کی حالت زار اوربدحالی صرف قصوں اور کہانیوں میں ہی سنی تھی۔ انھیں اندازہ نہیں کہ جنگل راج والوں نے بہار کی کیا حالت بنادی تھی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ صدیوں سے ہندوستان کی ترقی کی قیادت کرنیوالے بہار کو پنجے (کانگریس) اور لالٹین (آر جے ڈی) کے شکنجے نے ہجرت کی علامت بنا دیا تھا۔ ‘‘ 
جنہوں نے گنگا کو دھوکہ دیا، بہار اب انہیں موقع نہیں دے گا: کانگریس
 سہسرام سے کانگریس ۰کے رکن پارلیمان نے جمعہ کے روز پریس بریفنگ کے دوران وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے ماں گنگا کو دھوکہ دیا، بہار کے عوام انہیں اب دوبارہ موقع نہیں دیں گے۔ منوج کمار نے کہا، ’’نریندر مودی اور نتیش کمار نہ تو سیلاب پر قابو پانے کے لیے کچھ کر سکے اور نہ ہی گنگا کو پاک صاف بنانے میں سنجیدہ دکھائی دیے۔ ‘‘ کانگریس لیڈر نے دعویٰ کیا کہ نیشنل گرین ٹریبیونل (این جی ٹی) نے بہار حکومت پر ماحولیاتی ناکامیوں کی بنیاد پر پچاس ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم ہر الیکشن میں بہار آ کر جھوٹے وعدے کرتے ہیں، جھوٹے اعلانات کرتے ہیں اور عوام کو صرف گمراہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس بار ہم بہار کے عوام کے سامنے ایک سنسنی خیز انکشاف کر رہے ہیں۔ کانگریس ایم پی نے کہا کہ بہار میں آج بھی جرائم کی شرح خطرناک حد تک بلند ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ریاست میں روزانہ۹۵۳؍ جرائم رپورٹ ہوتے ہیں، نوجوانوں کو روزگار کے بجائے پیپر لیک اور فرضی بھرتیوں کے دھوکے مل رہے ہیں اور لاکھوں خاندان شدید غربت کا شکار ہیں۔ ان کے مطابق ریاست میں ۹۴ء۴۲؍ لاکھ خاندانوں کی یومیہ آمدنی۲۰۰؍ روپے سے کم ہے، جبکہ۵؍کروڑ افراد۴۰؍ روپے روزانہ پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ 
بہار کیوں  پسماندہ ریاستوں میں  ہے؟آرجے ڈی
 وزیراعظم مودی کے دورے کے پیش نظر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے لیڈر اور سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے مرکز اور این ڈی اے حکومت پر سخت سوالات کی بوچھاڑ کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک تفصیلی پوسٹ کے ذریعے وزیراعظم سے متعدد سوالات کرتے ہوئے پرانے وعدوں کی یاد دہانی کرائی اور بہار میں ترقی کے فقدان پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ تیجسوی نے کہا کہ وزیر اعظم کو سب سے پہلے اپنے ان وعدوں کا محاسبہ کرنا چاہیے جو وہ پچھلی بار کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مرکز کی حکومت نے صرف دکھاوے کے سنگ بنیاد رکھے، افتتاح کیے اور رسمی کارروائیاں کی ہیں۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK