Inquilab Logo

مودی کی گارنٹی ایک جملے کے سوا کچھ نہیں ہے: پرینکا گاندھی

Updated: January 30, 2024, 2:16 PM IST | New Delhi

پرینکا گاندھی نے آج مودی حکومت کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانچ کھرب ڈالر کی معیشت اور مودی کی گارنٹی ایک جملے کے سوا کچھ نہیں ہے۔ ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری اہم مسائل ہیں جن پر کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے۔ نوجوانوں کے اسرائیل میں ملازمت کےحوالے سے کہا کہ مودی حکومت ان نوجوانوں کی حفاظت نہیں کر سکتی جو ملازمت کیلئے جنگ زدہ اسرائیل جانے کا رسک لے رہے ہیں۔

Priyanka Gandhi. Photo: INN
پرینکا گاندھی ۔ تصویر: آئی این این

پرینکا گاندھی نے آج مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پانچ کھرب ڈالر کی معیشت اور مودی کی گارنٹی جملے کے سوا کچھ بھی نہیں ہے۔ ملک میں اصل مسائل مہنگائی اور بے روزگاری ہیں۔ پرینکا گاندھی نے اپنے ایکس پوسٹ میں ایک ویڈیو شیئرکیا ہے جس میں لوگوں کو اسرائیل بھیجنے کیلئے بھرتی مہم کیلئے قطار میں کھڑے دیکھا جا سکتا ہے۔ پرینکا گاندھی نے لکھا کہ جہاں بھی جنگ جیسی صورتحال ہو گی تو ہمارا پہلا مقصد ہو گا کہ ہم وہاں سے اپنے شہریوں کو بحفاظت نکالنے اور اپنے ملک واپس لانے کی کوشش کریں لیکن آج بے روزگاری اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ حکومت اپنے نوجوانوں کی حفاظت کرنے کی کوشش نہیں کر رہی ہے جو جنگ زدہ اسرائیل جانے کا رسک لے رہے ہیں۔ یہ چیزیں واضح کرتی ہیں کہ انتخابات کے دوران ۵؍ کھرب ڈالر کی معیشت اور سالانہ ۲؍ کروڑوں کی ملازمت دینے کی مودی کی گارنٹی صرف جملہ ہے اور کچھ بھی نہیں۔
انہوں نے مودی حکومت پر سوال قائم کیا کہ کیوں ان نوجوانوں کو اپنے ہی ملک میں ملازمت نہیں ملتی؟ کیا یہ نوجوان جو ۲؍ دن سے قطار میں کھڑے ہوئے ہیں اس ملک کے بچے نہیں ہیںجو ہم انہیں جنگ زدہ اسرائیل بھیجنے کیلئے تیار ہو گئے ہیں؟حکومت کا ان سب میں کیا رول ہے؟ کن بنیادوں پر حکومت ہند نے اسرائیل کو اجازت دی ہے کہ وہ ہندوستان کے نوجوانوںکی قربانی مانگے؟
ہمارےان نوجوانوں کی زندگی اور ان کی جائیداد کی حفاظت کی ذمہ داری کس نے سنبھالی ہے؟ خدانخواستہ اگر کوئی حادثہ درپیش آجائے تو کون ان سب کا ذمہ دار ہوگا؟
انہوں نے بے روزگاری اور مہنگائی کا معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملک میں آج سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری اور مہنگائی ہےاور بی جے پی حکومت کے پاس اس کا کوئی بھی حل نہیں ہے۔ملک کے نوجوان اب یہ سمجھ گئے ہیں۔خیال رہے کہ پیر کو کانگریس نے بی جے پی حکومت کو ہریانہ اور اترپردیش میں اسرائیل میں ملازمت کیلئے قطار میں کھڑے نوجوانوں کے تعلق سے تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ملک میں بے روزگاری جیسے حالات کا نتیجہ ہے۔کانگریس نے مودی حکومت کے معیشت کے دعوؤں پر بھی تنقید کی تھی اور بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کو اجاگر کیا تھا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK