Inquilab Logo

عوام کو پریشان کرنے میں مودی سرکار نے بڑے بڑے ریکارڈ بنائے ہیں

Updated: October 25, 2021, 9:41 AM IST | Inquilab News Network | New Delhi

ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر پرینکا گاندھی کا حملہ، راہل گاندھی نے اسے ’’ٹیکس ڈکیتی‘‘ سے تعبیر کیا

Priyanka Gandhi.Picture:INN
کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی۔ تصویر: آئی این این

 پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اتوار کو لگاتار چھٹے دن ۳۵؍ پیسے کے اضافے  پر کانگریس نے مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی  کے سابق صدر راہل گاندھی نے جہاں مودی حکومت پر ’’ٹیکس ڈکیتی‘‘ کا الزام عائد کیا تووہیں ان کی بہن اور پارٹی کی جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی نے  مودی حکومت  پر عوام کو پریشان کرنے کا الزام عائد کیا۔
 پرینکا گاندھی نے اتوار کو کئے گئے ٹویٹ میں کہا ہے کہ’’مودی جی کی سرکار نے عوام کیلئے مشکلیں پیدا کرنے کے معاملے میں بڑے بڑے ریکارڈ بنائے ہیں۔‘‘انہوں نے اس کے ساتھ ہی حوالہ دیا ہے کہ ’’سب سے زیادہ بے روزگاری مودی سرکار میں ہے، سرکاری املاک مودی کی حکومت میں بک رہی ہیں اور پیٹرول کی قیمتوں میں سال بھر میں سب سے زیادہ اضافہ مودی سرکار میں  ہی ہوا۔‘‘اس کے ساتھ ہی انہوں  نے انہوں نے وہ خبر ٹویٹ کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سال بھر میں پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر ۲۳ء۵۳؍ روپے کا اضافہ ہوا ہے جو اب تک کبھی نہیں ہواتھا۔ 
  راہل گاندھی نے اتوار کو لگاتار چھٹے دن پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ ’’پیٹرول داموں پر ٹیکس ڈکیتی بڑھتی جارہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے طنز کیا ہے کہ ’’کہیںالیکشن ہوں تو کچھ روک لگے۔‘‘ یاد رہے کہ بنگال اسمبلی الیکشن کے دوران  اضافے کا یہ سلسلہ تھم گیاتھا۔ پیٹرول  اور ڈیزل کی قیمتوں میں  ۵؍ مئی ۲۰۲۰ء کےبعد سے اب تک بالترتیب ۳۷؍ روپے اور ۲۶؍ روپے  کا اضافہ ہوگیا ہے۔ ایک لیٹر پیٹرول پر صرف مرکزی حکومت ۳۳؍ روپے ایکسائز ڈیوٹی ملتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK