• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بی جےپی اور آر ایس ایس کو پرینکا کا منہ توڑ جواب

Updated: November 13, 2026, 9:59 AM IST | New Delhi

سونیا گاندھی کی خود نو ِشت کے خلاف تنقید پرآڑے ہاتھوں لیا، کہا: بی جےپی اب تک جھوٹ بولتی رہی مگر وہ خاموش رہیں، اب وہ سچ بیان کررہی ہیں۔

Priyanka Gandhi is on a visit to Wayanad, where she responded to criticisms from the `saffron camp`. Photo: INN
پرینکا گاندھی وائناڈ کے دورہ پر ہیں، وہیں انہوں نے  زعفرانی خیمہ کی تنقیدوں کا جواب دیا۔ تصویر: آئی این این

کا نگریس کی رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی واڈرا نے اپنی والدہ سونیا گاندھی کی خود نوِشت ’’بلانگِنگ: اے جرنی آف لو‘‘ کے خلاف تنقید کرنےوالوں  بطور خاص بی جےپی اور آر ایس ایس کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ اب تک اُن کی ماں کے خلاف جھوٹی  اور من گھڑت کہانیاں  پھلاتے رہے اب سونیا گاندھی سچ بیان کر رہی ہیں اور انہیں  اپنی بات کہنے کا پورا حق ہے۔ پرینکا  نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ’’یہ اچھا ہے کہ وہ لوگ (بی جےپی اور  آر ایس ایس والے) ان کی کتاب کو پڑھ رہے ہیں۔‘‘

پرینکا گاندھی جو جمعرات کو اپنے پارلیمانی حلقہ وائناڈ کے دورہ پر پہنچی ہیں،  سے جب رپورٹروں نے سونیا گاندھی کی کتاب  پر ہونےوالی تنقیدوں سے متعلق سوال کیا تو  انہوں  نے  بی جے پی اور آر ایس ایس  پر الزام لگایا کہ وہ کئی دہائیوں سے ان کی والدہ  کے خلاف گمراہ کن باتیں پھیلاتے رہے ہیںمگروہ خاموش رہیں۔وائناڈ کی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ  ’’ہندوستان میں میری والدہ کی  زندگی کے بیشتر عرصے میں بی جے پی، آر ایس ایس اور بہت سے دوسرے لوگوں نے ان کے بارے میں جو چاہا، کہا۔ انہوں نے جھوٹ بولا، من گھڑت کہانیاں بنائیں اور بالکل فرضی باتیں گھڑیں، لیکن وہ خاموش رہیں۔ اب وہ اپنی کہانی بیان کر رہی ہیں۔ انہیں اپنی کہانی بیان کرنے کا پورا حق ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سونیا گاندھی کی یادداشت: کتابوں کی دکانوں پر ہیری پوٹر کے بعد سب سے زیادہ بھیڑ

انہوں نے مزید کہا، ’’اتنے عرصے سے وہ میری والدہ کے بارے میں جھوٹ بولتے رہے ہیں۔ اب وہ سچ بیان کر رہی ہیں تو ظاہر ہے کہ وہ اسے بھی جھوٹ ہی کہیں گے۔ وہ اور کیا کہہ سکتے ہیں؟ بہرحال، مجھے خوشی ہے کہ وہ ان کی کتاب پڑھ رہے ہیں۔‘‘بی جے پی نے منگل کو سونیا گاندھی پر الزام لگایا تھا کہ وہ اپنی خودنوشت میں ۱۹۷۵ء میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا جواز پیش کرنے اور ۱۹۸۴ء کے مخالفِ سکھ فسادات کے معاملے میں اپنے آنجہانی شوہر راجیو گاندھی کو ’کلین چٹ‘ دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔ پارٹی نے کہا کہ ان کی کتاب کا نام ’بلانگنگ‘ کے بجائے ’وائٹ واشنگ‘ ہونا چاہیے تھا۔

 سونیا کی کتاب پر بی جے پی کا اعتراض
۱۔بی جے پی کے قومی ترجمان سی آر کیشون نے کہا کہ کتاب کا مقصد نہرو-گاندھی خاندان کی تاریخی غلطیوں پر پردہ ڈالنا اور کانگریس کے سنگین گناہوں کو چھپانا معلوم ہوتا ہے۔
۲۔ بی جے پی نے الزام لگایا کہ سونیا گاندھی ۱۹۷۵ء میں اندرا گاندھی کی جانب سے نافذ کی گئی ایمرجنسی کو درست ثابت کرنے اور اس کے اثرات کو کم کرکے دکھانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
۳۔  بی جے پی نے سونیا گاندھی کے اس بیان پر  تنقید کی کہ بابری مسجد کی شہادت پر وہ روئی تھیں۔ پارٹی نے پوچھا کہ کیا سکھ مخالف  فسادات کے دوران گردواروں کو نشانہ بنائے جانے  پر بھی  وہ روئی تھیں؟
۴۔بی جے پی لیڈر  ایچ ایس پھولکا نے الزام لگایا کہ سونیا گاندھی نے  اپنے شوہر اور سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو سکھ مخالف فسادات کی ذمہ داری سے بری کرنے کی کوشش کی ہے۔   
۵۔ بی جے پی کو  بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر کے ملزمین کیلئے سونیا گاندھی کی ہمدردی پر بھی اعتراض ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK