وہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی پرمشتمل کورسیز سے متعارف کرانے کی متمنی ہیں۔ طالبات کیلئے بھی اقدامات کئے۔
EPAPER
Updated: August 21, 2026, 12:38 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
وہ طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی پرمشتمل کورسیز سے متعارف کرانے کی متمنی ہیں۔ طالبات کیلئے بھی اقدامات کئے۔
یہاں بیلاسس روڈ پر واقع معروف تعلیمی ادارہ مہاراشٹر کالج آف آرٹس، سائنس اینڈ کامرس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک خاتون انچارج پرنسپل کا تقرر ہوا ۔ مذکورہ کالج کے شعبہ اقتصادیات ( ڈگری کالج) کی صدر اور سینئر پروفیسر ڈاکٹر رخشندہ ہانی نے یکم اگست سے کالج کی انچارج پرنسپل کاعہدہ سنبھالاہے۔ وہ کالج کے طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی کی پڑھائی کے ساتھ ایتھیکل فائنانس کے کورس کی سہولت فراہم کرنے کی متمنی ہیں۔ مہاراشٹر کالج کے تدریسی و غیر تدریسی عملے، انتظامیہ اور طلبہ نے نومنتخب پرنسپل کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:یوجی سی-این ای ٹی کے منسوخ شدہ پرچوں کی تیاری میں اے آئی کے استعمال کا سنسنی خیز الزام
ڈاکٹررخشندہ ہانی نے مہاراشٹر کالج سے ۲۰۰۰ء میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر اپنی تدریسی خدمات کا آغاز کیا اور شروع سے شعبہ اقتصادیات سے وابستہ رہیں ۔ اس دورمیں مہاراشٹر کالج کے پرنسپل پروفیسر اسحاق حولدار ہوا کرتے تھے ۔ انہوں نے ہی ڈاکٹر رخشندہ کا انٹرویو لیا تھا۔ اہل خانہ کی حوصلہ افزائی اور تعاون سے انہوں نے کالج میں ملازمت کے ساتھ اپنی آگے کی پڑھائی کا سلسلہ بھی جاری رکھا ۔ متعدد مسابقتی امتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کےساتھ پی ایچ ڈی کی پڑھائی جاری رکھی اور اکنامکس میں پی ایچ ڈی بھی مکمل کیا ۔ ان کی تعلیمی صلاحیتیوں کی بناء پر انہیں ۲۰۱۵ء میں مہاراشٹر کالج کے اکنامکس ڈپارٹمنٹ کا سربراہ مقرر کیا گیا ۔ اپنے فرائض کو سنجیدگی اور بحسن خوبی ادا کرنے کی وجہ سے انہیں کالج کے متعدد محکموںکےاہم عہدوں پر فائز رہنے کاشرف بھی حاصل رہا۔
یہ بھی پڑھئے: ہاسٹل کے قواعد سے قبائلی طلبہ ناراض، ایڈیشنل کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا
ڈاکٹر رخشدہ ہانی کے مطابق ’’موجودہ عہد ٹیکنالوجی کا ہے، ہر طالب علم کے ہاتھ میں اسمارٹ فون ہے جس کے مثبت استعمال سے طلبہ اپنی تعلیمی صلاحیت کو بہتر بنا سکتے ہیں لہٰذا ہمیں انہیں یہ سمجھانا ہوگاکہ وہ اس طرح کے آلات کا صحیح استعمال کریں اس کے ساتھ اےآئی اور دیگر جدید کورسیز جو کرئیر سازی کیلئے مفید ہیں، ان سے بھی طلبہ کو آگاہ کرانا ہوگا تاکہ بچے وقت کے ساتھ ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکیں۔ ‘‘
پرنسپل کاعہدہ سنبھالنے کے بعد آپ نے بالخصوص طالبات کیلئے کس طرح کے اقدامات کئے ہیں، اس سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’سب سے پہلے میں نے کالج جمخانہ میں لڑکوں کے علاوہ لڑکیوں کیلئے بھی سہولیات مہیا کرانے کا فیصلہ کیاہے تاکہ وہ بھی اس سے استفادہ کرسکیں ۔ اس کے علاوہ لڑکیوں کی صحت ،تحفظ اور ان کی دیگر ضروریات کو ملحوظ رکھتے ہوئے ضروری اقدامات کئے گئےہیں۔ متعدد نئے کورسیز متعارف کرانے کامنصوبہ ہے جن میں اخلاقی فائنانس کورس کیلئے ہم نے ایک برطانوی تعلیمی ادارہ سے معاہدہ بھی کیا ہے۔ ‘‘