Inquilab Logo Happiest Places to Work

سمندر کے نمکین پانی کو استعمال کے قابل بنانے والا پروجیکٹ ۴؍ سال میں مکمل ہوگا

Updated: July 05, 2026, 11:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاراشٹر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے سوال پر وزیرادے سامنت کا جواب، ان کے مطابق جے وی پی آر کمپنی کو یہ کام سونپا گیا ہے۔

Abu Asim Azmi . Photo: INN
ابو عاصم اعظمی۔ تصویر: آئی این این

کابینی وزیر ادے سامنت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ممبئی کے شہریوں کو پانی کی قلت سے بچانے کیلئے سمندر کے پانی کو پینے کے پانی کے قابل بنانے والے پروجیکٹ ’ڈی سیلینیشن‘  کے پروجیکٹ کا کام شروع کر دیا گیا ہے اور تقریباً ۴؍ہزار ۷۷؍ کروڑروپے کے اس پروجیکٹ کو ۴؍ سال میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی کے ذریعے وقفہ سوالا ت کے دوران پوچھے گئے سوال کا جواب دیا۔ 
ممبئی میں ’ڈی سیلینیشن‘  پروجیکٹ کے تعلق سے سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے جمعہ کوایوان میں کئی اہم عوامی سوالات اٹھائے۔ اس پروجیکٹ کے بارے میں انہوں نے کہاکہ حکومت کی جانب سے ۴؍ ہزار ۷۷؍کروڑ روپے تخمینہ کا پروجیکٹ ۴۸؍ مہینوں میں مکمل کرنے کی یقین دہانی حکومت نے کی ہے لیکن اس کی تاریخ بتائی جائے کہ یہ پروجیکٹ کب مکمل ہوگا؟

یہ بھی پڑھئے: ’’چوری اور بدعنوانی ہونی چاہیے، بس کمیشن کا فیصد کم ہو‘‘

انہوں نے مزید پوچھا کہ ’’ حکومت کی جانب سے تحریری جواب میں کہا گیاہے ۲۰؍ سال تک متعلقہ کمپنی کو دیکھ ریکھ کی بھی ذمہ داری سونپی گئی ہے تو کیا پروجیکٹ کی لاگت میں دیکھ ریکھ کا بھی خرچ شامل ہے۔ ‘‘
رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے حکومت سے یہ بھی سوال کیا کہ اس پروجیکٹ کے استعمال سے جو پانی ممبئی کے شہریوں کو مہیا کرایا جائے گا تو کیا بی ایم سی اور حکومت پانی کی شرح میں اضافہ کرےگی؟
 اس سلسلے میں حکومت کی جانب وزیر صنعت وزیر ادے سامنت نے ایوان اسمبلی میں بتایا کہ’’ممبئی کی بڑھتی آبادی کو دیکھتے ہوئے پینے کے پانی کی ضرورت بھی بڑھ رہی ہے۔ آبادی کے اعتبار سے ممبئی کے شہریوں کو یومیہ ۴؍ ہزار ۶۶۵؍ ملین لیٹر ( ایم ایل) پانی کی ضرورت ہے لیکن فی الحال ۷؍ جھیلوں سے مجموعی طور پر ۴؍ہزار ۱۰۰؍ ملین لیٹر ہی پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ اب بھی تقریباً  ۵۶۵؍ ملین لیٹر کی کمی ہے۔ اس کمی کو دور کرنے کیلئے بی ایم سی نےمنوری علاقے میں ۲۰۰؍ایم ایل کھارے پانی کو پینے کے قابل بنانے کا پروجیکٹ تیار کیا ہے۔ ۶؍اگست ۲۰۰۴ء میں اس پروجیکٹ کیلئے ٹینڈر جاری کیا تھا لیکن خاطر خواہ درخواست موصول نہیں ہوئی تھی اس لئے ۱۵؍ دسمبر ۲۰۲۵ء میں دوبارہ ٹینڈر جاری کیا گیا اور جے وی پی آر کمپنی کو یہ کام سونپا گیا ہے۔ ‘‘ ان کےمطابق اس کمپنی نے اسرائیل اور جامنر میں بھی اس طرح کا پروجیکٹ کامیابی سے مکمل کیا ہے۔ 
انہوں نے مزید بتایاکہ’’مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھاریٹی(ایم سی زیڈ ایم اے)، کوسٹل ریگولیشن زون( سی آر زیڈ)، مہاراشٹر پولوشن کنٹرول بورڈ( ایم پی سی بی ) اور کوسٹل بورڈ کی بھی اجازت حاصل کر لی گئی۔ مذکورہ پروجیکٹ ۴؍ سال میں مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 
اس دوران وزیر نے پانی سپلائی کی شرح میں اضافہ کے تعلق سے کچھ نہیں کہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK