Inquilab Logo

ممتاز دانشور اور سبکدوش اعلیٰ سرکاری افسرموسیٰ رضا کا انتقال، چنئی میں تدفین عمل میں آئی

Updated: May 10, 2024, 1:08 PM IST

گجرات کےسابق پرنسپل سیکریٹری اور جموں کشمیر کے سابق چیف سیکریٹری جیسے کئی اہم عہدوں کو رونق بخشنے والے مرحوم ایک اچھے ادیب، شاعر اور مصنف بھی تھے۔

An old photo of late Musa. Photo: INN
موسیٰ رضامرحوم کی ایک پرانی تصویر۔ تصویر : آئی این این

گجرات کےسابق پرنسپل سیکریٹری اور جموں کشمیر کے سابق چیف سیکریٹری موسیٰ رضا کا ۸؍مئی بروز بدھ کو اپنے آبائی وطن چنئی میں انتقال ہوگیا۔ انتقال کے وقت ان کی عمر ۸۷؍ سال تھی۔ مرحوم کی شناخت ایک قابل سرکاری ایڈمنسٹریٹر کے ساتھ ہی ایک اچھے ادیب، شاعر، مصنف، دانشور اور ماہر تعلیم کی بھی رہی ہے۔ ۱۹۶۰ء میں یوپی ایس سی کاامتحان پاس کرنے کے بعد آئی اے ایس افسر کے طور پر اپنے کریئر کا آغاز کیا اورکئی اعلیٰ عہدوں کو رونق بخشی۔ ان میں اترپردیش کے گورنر کے مشیر کی ذمہ داریاں نبھانے کے ساتھ ہی مرکزی حکومت میں کابینی سیکریٹری اور منسٹری آف اسٹیل میں بطور سیکریٹری جیسے باوقار عہدے بھی شامل رہے ہیں۔ سرکاری ذمہ داریاں نبھانے کیساتھ ہی انہوں نے قوم کی بھی ذمہ داریاں بھی نبھائی ہیں۔ ملت کی تعلیمی اورسماجی زبوں حالی دور کرنے کیلئے انہوں نےکئی اہم تعلیمی اور سماجی اداروں کی تشکیل میں اہم کردار نبھائے، جن میں ’ساؤتھ انڈین ایجوکیشنل ٹرسٹ‘ اور’ انڈیا اسلامک کلچرل سینٹر‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔ ساؤتھ انڈین ایجوکیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام جنوبی ہند میں ۶؍ بڑے تعلیمی ادارے جاری ہیں، موسیٰ رضا جس کے برسوں چیئرمین رہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: سندیش کھالی معاملے میں بی جے پی پسپا

بطور ادیب، شاعر اور مصنف بھی مرحوم کی بڑی شہرت رہی ہے۔ انہوں نے انگریزی اور اردو میں کئی کتابیں تصنیف کی ہیں جن میں ’آف نوابس اینڈ نائٹنگلس اینڈ ادر اسٹوریز‘ اور’کشمیر : لینڈس آف ریگریٹس‘ کے نام قابل ذکر ہیں۔ بعد میں ان کی انگریزی کتاب کا اردو میں ترجمہ بھی ہوا جس کا نام ’کشمیر: سرزمین پشیمانی‘ ہے۔ سبکدوشی کے بعد انہوں نے غالب کے کلام کا انگریزی میں ترجمہ بھی کیا تھا۔ موسیٰ رضا کو ان کی انتظامی، سماجی، تعلیمی اور ادبی خدمات کےاعتراف میں مختلف اعزازات سے بھی نوازا گیا ہے جن میں حکومت ہند کی طرف سے پدم بھوشن، صدر جمہوریہ کی طرف سے سلور میڈل، شرومنی ایوارڈ اور اندرا پریہ درشنی ایوارڈ کے نام قابل ذکر ہیں۔ موسیٰ رضا کی موت کو ملک و ملت کے ایک بڑے خسارے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی نے ایکس پر مرحوم کیساتھ اپنی تصویر شیئر کرکے رنج و غم کا اظہار کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK