تیجسوی یادو نے کٹیہار اور کشن گنج میں ریلیوں سے خطاب کے دوران کہا کہ ’’وقف قانون کو پھاڑ کر کوڑے دان میں پھینک دیا جائے گا، اسے بہار میں نافذ ہی نہیں کرینگے‘‘، تیجسوی نے یہ بات یاد دلائی کہ ان کے والد لالو پرساد یادو نے فرقہ پرستوں سےکبھی سمجھوتہ نہیں کیا
تیجسوی یادو انتخابی ریلی سے قبل منعقد کی گئی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے۔ تصویر: پی ٹی آئی ؎
اسمبلی انتخابات کی تشہیری مہم کے دوران مہاگٹھ بندھن کی جانب سے وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدواربہار اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے نئے وقف قانون کے تعلق سے مرکزی حکومت پر زبردست حملہ کیا ۔ تیجسوی یادو نے اتوار کو کٹیہار کے پرانپور اسمبلی حلقےمیں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران کہا کہ اگر ریاست میں مہا گٹھ بندھن کی حکومت بنتی ہے تو وقف قانون کو کوڑے دان میں پھینک دیاجائےگا۔اس انتخابی جلسے میں تیجسوی یادو کے ساتھ مہاگٹھ بندھن میں شامل وی آئی پی کے سربراہ مکیش سہنی اور آرجے ڈی ایم ایل سی قاری صہیب بھی موجود تھے۔ تیجسوی نے واضح کیا کہ ان کی حکومت بہار میں کسی بھی صورت میں وقف کے نئے قانون کو نافذ نہیں ہونے دے گی بلکہ اسے رَد کروانے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگادے گی۔تیجسوی نے ریاست کے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں اور مہا گٹھ بندھن کو ہی ووٹ دیں۔
تیجسوی یادو نےپرانپور سیٹ سے آرجے ڈی امیدوار عشرت پروین کی حمایت میں ووٹ کی اپیل کی۔ پرانپور اسمبلی سیٹ پر بی جےپی اور آرجے ڈی کےدرمیان براہ راست مقابلہ ہے ۔ اس دوران تیجسوی یادو نے آرایس ایس اور بی جے پی کو جم کر نشانہ بنایا ۔ انہوںنے بی جے پی کو ’جملہ پارٹی ‘بتایا اور کہا کہ وہ صرف نفرت اور فساد کراتی ہے اور ہندو مسلم کو لڑاتی ہے ۔انہوںنےکہا کہ بی جے پی کانام ’بھارت جلاؤ پارٹی ‘ہونا چاہئے۔ تیجسوی یادو نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ بہار میں نتیش کمار نے ہی بی جے پی کے لیے زمین ہموار کی ہے ورنہ اس پارٹی کو کوئی پوچھتا نہیں تھا ۔ تیجسوی نے یا د دلایا کہ جب ہماری حکومت تھی تو اس وقت کسی میں ہمت نہیں تھی کہ کوئی فساد کرائے۔ ہم لوگوں نے کبھی فسادیوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے ۔ یہ بات سبھی کو معلوم ہے کہ بی جےپی والے سب سے زیادہ لالو یادو سے ہی ڈرتے ہیں کیوں کہ لالو جی میں ہی ان کا رتھ روکنے کی ہمت تھی ۔
تیجسوی یادو نے یاد دلایا کہ میرے والد لالو پرساد یادو نے فرقہ وارانہ طاقتوں سےکبھی سمجھوتہ نہیں کیا ،وہ فرقہ پرستوں کے سامنے آج بھی آہنی دیوار بن کر کھڑے ہیں لیکن نتیش کمار ہمیشہ ایسی طاقتوں کے ساتھ کھڑےرہے اور انہیں راستہ دیا۔انہوںنے کہا کہ مسلمانوں کی مرضی کے خلاف بی جےپی جو وقف بل لائی ہے، ہماری حکومت بننے پر اسے کوڑے دان میں پھینک دیاجائےگا۔ یاد رہےکہ اس سے قبل آرجے ڈی ایم ایل سی قاری صہیب نے بھی انتخابی مہم کے دوران مرکزپر حملہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ تیجسوی یادو کے وزیر اعلیٰ بننے پر وقف قانون ختم کردیاجائے گا۔