Inquilab Logo

ریاستی حکومت کی پالیسیوں میںصنعتوں کے فروغ کو ترجیح دی جائے گی: وزیر اعلیٰ شندے

Updated: November 25, 2022, 9:58 AM IST | Mumbai

منترالیہ میں آر سی ایف اور جے ایس ڈبلیو کمپنیوں کے مسائل پرگفتگو کیلئے منعقدہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ کا موقف ،مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی

Chief Minister Eknath Shinde discussing issues related to RCF and JSW companies in Mantralaya
منترالیہ میں آر سی ایف اور جے ایس ڈبلیو کمپنیوں سے متعلق مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی ایکناتھ شندے

:علی باغ میں واقع آ ر سی ایف پروجیکٹ کی توسیع اور پین میں واقع جے ایس ڈبلیو کمپنی میں مقامی لوگوں کی ملازمتوں کےمسائل  کے تعلق سے منعقدہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے واضح کیاکہ ریاستی حکومت کی پالیسیوں میں صنعتوں کوترجیح دی جائے گی ۔ شندے نے کہا کہ ہماری ریاست کی پالیسی بھی صنعت دوست ہے۔ اس کیلئے سرمایہ کاری میں اضافے اور نئے پروجیکٹ کی توسیع کیلئے صنعت کاروں کی  بھر پور مدد کی جائے گی لیکن صنعتکاروں کو بھی چاہئے کہ وہ مقامی نوجوانوں کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتے ہوئے انہیں روزگار کے مواقع فراہم کریں ۔
 اس میٹنگ میں وزیر صنعت اُدے سامنت، ایم پی راہل شیوالے، ایم ایل اے مہندر دلوی، محکمہ صنعت کے پرنسپل سیکریٹری ہرشدیپ کامبلے، محکمہ ماحولیات کے سیکریٹری پروین دراڈے، مہاراشٹر انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر وپن شرما، مہاراشٹر میری ٹائم بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر امیت سینی، رائے گڑھ کلکٹر مہندر کلیانکر، رائے گڑھ کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سومناتھ گھارگے کے ساتھ آر سی ایف کے صدر سری نیواس مڈگریکر اور وڈوالی گاؤں اور نیو کف پریڈ علاقے کے مکینوں کے نمائندے موجود تھے۔
 میٹنگ کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئےایکناتھ شندے نے کہا کہ ریاستی حکومت صنعتوں کی ترقی اور توسیع میں مکمل تعاون کرے گی۔ریاست کی پالیسی بھی یہی ہے۔کمپنیوں کی توسیع  اور سرمایہ کاری میں اضافہ اورروزگار کے مواقع بڑھانے کیلئے بھی اسی طرح کی کوششیں ہو رہی ہیں۔ لیکن صنعتوں کو بھی پروجیکٹ سے متاثرہ افراد کو ملازمتیں فراہم کرنے کے حوالے سے مثبت رویہ اختیار کرنا چاہئے۔اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے کہ زیادہ سے زیادہ پروجیکٹ متاثرین کو ملازمتیں ملیں۔انہوں نے کہا کہ یہی بھومی پتر ہیں جو مصیبت کے وقت صنعتوں کی مدد کیلئے آگےآتے ہیں۔ اس لیے ان کے ساتھ رابطے بڑھائیں۔ ان کے مفادات کو بھی ترجیح دی جائے۔ کچھ مشکلات ہوں گی، مسائل ہوں گے، انہیں مفاہمت اور بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلے میں باہمی تعاون کرنا چاہئے۔ ہمارے پاس شروع سے ہی ایسی صنعت دوست پالیسی اور معاون ماحول ہے۔ بحیثیت حکومت ہم صنعتوں کی ترقی میں مکمل تعاون کر رہے ہیں۔
آر سی ایف کی توسیع میں ،پروجیکٹ متاثرین کیلئے کوششیں
 تھل میں راشٹریہ کیمیکل فرٹیلائزر کمپنی کی توسیع میں پروجیکٹ متاثرہ مقامی ۱۴۱؍ افراد کے مفادات کے تحفظ کیلئے آر سی ایف اور ریاستی حکومت کی جانب سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔آر سی ایف اس سلسلے میں اپنی مرکزی ایجنسیوں سے رہنمائی حاصل کرے گا۔ریاستی حکومت کی جانب سے مرکزی وزارت صنعت کو ان پروجیکٹ متاثرین کی آر سی ایف میں رہائش کے بارے میں ایک مکتوب بھی دیا جائے گا۔
جے ایس ڈبلیو پروجیکٹ میں مقامی لوگوں کی بھرتی 
 پین تعلقہ کے ڈولوی میں واقع جے ایس ڈبلیو پروجیکٹ میں مقامی لوگوں کی بھرتی کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔بند پروجیکٹ کے ۱۲۶؍ امیدواروں کو جلد معاوضہ دیا جائے گا۔یہ بھی ہدایت  دی گئی کہ کمپنی کی توسیع اور ترقی کے لیے مختلف محکمے  میںمقامی امیدواروں کی بھرتی اور بھرتی کے حوالے سے کمپنی کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کریں۔میٹنگ میںکسی بھی پروجیکٹ  کے متاثرین کیلئے ملازمت اور معاوضہ پر وزیر اعلیٰ نے خصوصی زور دیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK