Inquilab Logo

بھیونڈی کے پل کی تعمیر میں ناقص اشیاء کے استعمال کیخلاف احتجاج

Updated: January 30, 2023, 12:13 PM IST | Khalid Abdul Qayyum Ansari | bhiwandi

ایک تنظیم کے تعاون سے قبائلی علاقے میں احتجاج کے بعد محکمۂ تعمیرات عامہ نے’تھرڈ پارٹی آڈٹ ‘کرانے کی یقین دہانی کرائی

 Broken bridge in Namapada and Bhorpada villages of Planje Gram Panchayat;t; Photo: INN
پلانجے گرام پنچایت کے نمبر پاڑا اور بھور پاڑا گاؤں میں ٹوٹا ہوا پل ; تصویر:آئی این این

یہاں تعلقہ کے ایک قبائلی علاقے میں زیر تعمیر ایک پل میں ناقص تعمیراتی اشیاء استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مقامی افراد نے ایک سماجی تنظیم کی ساتھ مل کر محکمہ تعمیرات عامہ کے دفترکے سامنے احتجاج کیا۔مظاہرین نے ٹھیکیدار کے    غیر معیاری کام کو روکنے، ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے  نیز ٹھیکیدار کے ساتھ تعاون کرنے والے افسران اور انجینئر کیخلاف معطلی کی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیاہے۔  احتجاج کو دیکھتے ہوئےمحکمۂ ٔتعمیرات عامہ کے ڈپٹی انجینئر ششی کانت چودھری نے وفد کو پل کی تعمیر کا تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کروانے کے بعد ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کرنے کا یقین دلایا۔شہر میں قبائلیوں کا یہ احتجاج موضوع بحث بنا ہوا ہے۔بیشتر افراد کا کہنا ہے کہ قبائلیوں سے سبق لیتے ہوئے شہریوں کو بھی اپنے اپنے علاقوں میں ناقص کام کرنے والے ٹھیکیداروں کے خلاف سڑک پراُتر نا چاہتے ۔  احتجاج کے ساتھ ہی اعلیٰ افسران اور حکومت کو میمورنڈم پیش کرکے ایسے ٹھیکیدار اور ان کی پشت پناہی کرنے والے عوامی نمائندوں اورمیونسپل افسران کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے اقدام کرنا چاہئے۔   
 معلوم ہو کہ تعلقہ کے پلانجے گرام پنچایت کے نمبر پاڑا اور بھور پاڑانامی قبائلی گاؤںکا پل ٹوٹ گیا تھا۔قبائلیوں کے کئی گاؤں کو جوڑنے والے اس اہم پل کی تعمیرکیلئے  محکمہ تعمیرات عامہ کی جانب سے ایک کروڑ۷۱؍لاکھ روپے کی لاگت سے ایک نیا پل تعمیر کیا جا رہا ہے۔ پل اور اس کی  حفاظتی دیوار کی تعمیر میں ناقص تعمیراتی اشیاء استعمال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے مقامی افراد نے ٹھیکیدار سے کام روکنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن جب ٹھیکیدار نے کام بند نہیں کیا تو انہوں نے ’ شرم جیوی سنگھٹنا‘کے ساتھ مل کرمحکمہ تعمیرات عامہ کے دفتر کے سامنے دھرنا دے دیا۔اس احتجاج میں تنظیم کے جنرل سکریٹری بلارام بھوئر، ضلعی صدر اشوک ساپتے، سنگیتا بھومٹے، سنیل لون اور ساگر دیسکے  کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں قبائلی شامل تھے۔ شرم جیوی سنگٹھنا کے وفد نے محکمہ تعمیرات عامہ کو ایک میمورنڈم سونپا جس میں ٹھیکیدار کے ذریعہ کئے  جانے والےغیر معیاری کام کو روکنے، ٹھیکیدار کو بلیک لسٹ کرنے اور ٹھیکیدار کے ساتھ تعاون کرنے والے افسر اور انجینئر کے خلاف معطلی کی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کو دیکھتے ہوئے  محکمہ تعمیرات عامہ کے ڈپٹی انجینئر ششی کانت چودھری نے وفد کو یقین دلایا کہ ۱۰؍ دنوں کے اندر کام کی تھرڈ پارٹی آڈٹ کرائے جائے گی۔ اگر ٹھیکیدار قصوروار پایا گیا تو اسے بلیک لسٹ کرنے  سفارش کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK