تمام صوبوں‘ میں گرفتاریوں اور مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ ہی اس دوران جاں بحق ہونے والے ۳؍ ہزار سے زائد افراد میں ۲۴۲۷؍ کو ’شہید‘ قرار دیا گیا۔
EPAPER
Updated: January 23, 2026, 4:35 PM IST | Agency | Tehran
تمام صوبوں‘ میں گرفتاریوں اور مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن کے ساتھ ہی اس دوران جاں بحق ہونے والے ۳؍ ہزار سے زائد افراد میں ۲۴۲۷؍ کو ’شہید‘ قرار دیا گیا۔
ایران کے نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی ’تسنیم‘ نے ملک میں حالیہ بدامنی کے دوران ہونے والے نقصانات سے متعلق تفصیلی جائزہ شائع کیا ہے۔۲۱؍ جنوری کو جاری کی گئی رپورٹ میں ایرنی خبر رساں ایجنسی’ تسنیم نیوز ‘نے بتایا کہ مظاہرین کی جانب سے ۴۶۹؍ سرکاری عمارتوں پر حملے کیے گئے اور انھیں آگ لگا کر مکمل تباہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق ملک کے آٹھ صوبوں میں ۷۰۲؍ بینک برانچوں کو منہدم یا نذرِ آتش کیا گیا جبکہ۴۱۹؍ سپر مارکیٹس کو لوٹا اور نذر آتش کیا گیا۔ایران کے پولیس چیف بریگیڈیئر جنرل احمد رضا رادان نے کہا ہے ملک کے ’تمام صوبوں‘ میں گرفتاریاں اور مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن تیزی سے جاری ہے۔تسنیم نیوز ایجنسی نے پولیس چیف کے حوالے سے بتایا کہ مظاہروں کے پہلے روز سے ہی ’فسادات، بغاوت، لوٹ مار اور حتیٰ کہ قتل‘ میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا۔پولیس چیف نے اعلان کیا کہ شرپسندوں (مظاہرین) کے خلاف کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک مظاہروں میں شامل آخری فرد کو بھی گرفتار نہ کر لیا جائے۔ایجنسی کے مطابق بدامنی کے دوران پولیس کی۷۴۰؍ گاڑیوں کو نقصان پہنچا جبکہ ۳۰۵؍ عوامی ٹرانسپورٹ بشمول بسوں اور ایمبولینسوں کو بھی شدید نوعیت کا نقصان پہنچایا گیا۔تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق ۴۸۴؍ مساجد کو نقصان پہنچا یا انھیں آگ لگا دی گئی۔تہران کے میئر علیرضا ذکانی نے دارالحکومت میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ ۳۰؍ کھرب ریال لگایا۔ خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق وزارتِ انٹیلی جنس نے جنوبی صوبہ فارس کے متعدد شہروں میں ۱۶۲؍ مبینہ ’فسادی رہنماؤں‘ کو گرفتار کیا ہے، جن پر سرکاری اور نجی املاک کو نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ایجنسی کے مطابق زیر حراست افراد نے شیراز میں ۲۰؍ بلدیاتی عمارتوں، ۱۰؍ فائر بریگیڈ گاڑیوں،۱۸؍ ایمبولینسوں، ۱۰؍ عوامی بسوں اور ۴۷؍ مذہبی مقامات کو نقصان پہنچایا۔ وزارتِ انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ کارروائیوں کے دوران ۲؍ اے کے ۴۷؍ رائفلیں، ۸۴۰؍ گولیاں، پانچ پستول اور تین شکاری رائفلیں بھی ضبط کی گئی ہیں۔