• Thu, 08 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران میں مظاہرین کو بدامنی اور انتشار پھیلانے سے باز رہنے کا انتباہ

Updated: January 07, 2026, 1:39 PM IST | Agency | Tehran

چیف جسٹس نے اب کسی طرح کی نرمی نہ برتنے کا اعلان کیا،مغربی میڈیا کی حالات پر نظر، ۳۵؍ مظاہرین کی ہلاکت اور ۱۲؍ سو کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔

Iranian Chief Justice Gholam Hossein Mohseni. Picture: INN
ایرانی چیف جسٹس غلام حسین محسنی۔ تصویر: آئی این این
ایرانی چیف جسٹس غلام حسین محسنی نے واضح کیا ہے کہ ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے والوں کے ساتھ اب کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ خبر رساں ادارے’ میزان ‘کے مطابق چیف جسٹس نے عدالتی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اٹارنی جنرل اور تمام صوبوں کے پراسیکیوٹرز کو قانون کے مطابق اور سختی کے ساتھ شرپسندوں اور ان کے حامیوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔ 
اس بیچ مغربی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران میں معاشی بدحالی کے خلاف مظاہروں کے دوران اب تک ۳۵؍ افراد ہلاک  ہوچکے ہیں جبکہ ۱۲۰۰؍ سے زائد کو حراست میں لیاگیا ہے۔  یہ اس لئے اہمیت کا حامل ہے کہ ٹرمپ نے ایران میں مظاہرین کے خلاف کارروائی پر اقدامات کا انتباہ دیا ہے۔ بہرحال ایرانی حکام نے مظاہرین کے ساتھ نرمی کے بعد اب سختی کے مظاہرہ کا اشارہ دیا ہے۔ چیف جسٹس نےملک میں حالیہ واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دشمن عناصر ہمارے ملک میں بدامنی پھیلانے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران احتجاج کرنے والے شہریوں اور تخریب کار عناصر کے درمیان واضح فرق کا قائل ہے۔ ایرانی چیف جسٹس  نے کہا کہ عوام  اور قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کو قانون کے مطابق فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔واضح ہو کہ ایران میں مہنگائی اور کرنسی کی قدر میں شدید گراوٹ کے خلاف ۹؍ روز سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جن کو مغربی میڈیا اپنے مخصوص انداز میں پیش کررہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK