Inquilab Logo Happiest Places to Work

مراٹھا ریزرویشن کیلئے احتجاج کرنےو الے اراکین نے منترالیہ پر تالا لگایا

Updated: November 02, 2023, 9:49 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

کچھ دیر بعد ہی پولیس نے مظاہرین کو تحویل میں لیا اور تالا کھول دیا گیا ۔ راج بھون کے باہر اور ودھان بھون کی سیڑھیوں پر بھی احتجاج، حکومت کے خلاف جم کر نعرے بازی کی گئی

NCP leaders can be seen protesting
 این سی پی لیڈران احتجاج کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں

منترالیہ: مراٹھا ریزرویشن کیلئے مختلف پارٹیوں کے ارکین اسمبلی اور کونسل کی جانب سے بدھ کو  منترالیہ میں تالا لگا کر مظاہرہ کیا گیا۔ کچھ دیر بعد ہی پولیس نے مظاہرین کو حراست میںلے لیا اور تالا کھول دیا گیا۔  بدھ کو اسی دوران اسمبلی اور کونسل کے چند اراکین نے راج بھون  کے گیٹ کے باہر زمین پر بیٹھ کر جبکہ این سی پی (شرد پوار)کی کاگزار صدر و رکن پارلیمان سپریہ سلے اور دیگر لیڈروں کی جانب سے ودھان بھون کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر احتجاج کیا اور فوری طو رپر مراٹھی ریزرویشن دینے کا مطالبہ کیا گیا۔  جس وقت یہ مظاہرے ہوئے ، اس دوران سہیادری گیسٹ ہاؤس میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی صدارت میں کل جماعتی میٹنگ  کی جارہی تھی۔ خیال رہے کہ مراٹھا ریزرویشن کیلئے جاری احتجاج کے دوران برسر اقتدار پارٹیوں کے لیڈروں کے گھر ،دفتر اور گاڑیوں کو تشدد کا نشانہ بنایاگیا ہے  اور کئی علاقوں- گاؤں میں لیڈروں کا داخلہ بھی ممنوع قرار  دیا گیا ہے۔ اسی دوران کل جماعتی میٹنگ میں سبھی پارٹی کے لیڈروں نےمظاہرین سے  امن و امان قائم رکھنے کی اپیل کی ہے۔
منترالیہ میں مظاہرہ
 مختلف پارٹیوں کے اراکین اسمبلی اور کونسل  منترالیہ کے اس کانچ کے مین گیٹ پر جمع ہو گئے تھے جہاں سے وزراء اور افسران اپنے اپنے دفتر جاتے ہیں۔  اس گیٹ کے باہر انہوںنے مراٹھا ریزرویشن کیلئے نعرے بازی شروع کر دی۔  مظاہرین میں چند نے اپنے سر پر ’ ایک مراٹھا لاکھ مراٹھا‘ نعرہ لکھی ہوئی ٹوپی پہنی ہوئی  تھی۔  ان اراکین میں  شیو سینا ( ادھو ٹھاکرے ) ا ور این سی پی  کے اراکین بھی شامل تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک مراٹھا ریزرویشن نہیں دیاجاتاتب تک افسران اور وزراء کو کام کاج کرنے نہیں دیں گے ۔ اس کے ساتھ ہی   مظاہرین اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کر کے مراٹھا ریزرویشن منظور کرنے کا بھی مطالبہ کر رہےتھے۔  مظاہرین میں شامل کیلاش پاٹل نےبتایاکہ ’’گزشتہ روز بھی ہم نے  مہاتماگاندھی کے مجسمے کے نیچے احتجاج کیا  اور گورنر  سے ملاقات کر کے مراٹھا ریزرویشن دینے کیلئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن حکومت محض ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔‘‘  دیگر مظاہرین  نے بتایاکہ ’’ مراٹھاریزرویشن کا معاملہ کئی برسوں سے التوا کا شکار ہے  اور اسی لئے منوج جرنگے پاٹل بے مدت بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں لیکن اس پر بھی حکومت سنجیدہ نظر نہیں آرہی ہے۔‘‘
 تقریباً ڈیرھ گھنٹے تک مظاہرین نے یہاں بیٹھ کر نعرے بازی کی اور اسی دوران انہوں نے زنجیر کی مدد سے دروازے پر تالا لگا دیا۔ منترالیہ کے گیٹ پر تالا لگانے کےبعد پولیس افسران وہاں پہنچے اور مظاہرہ کرنے والے لیڈروں کو پولیس وین میں بٹھا یا اور انہیں آزاد میدان پولیس اسٹیشن لے جایا گیا۔
وزیر داخلہ فرنویس سے استعفیٰ لینا چاہئے: سپریہ سلے
 مراٹھا ریزرویشن کے دوران ریاست بھر میں ہونے والے تشدد کے معاملات کے پیش نظر  این سی پی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سلے  نے یہ  مطالبہ کیاہے اور کہاہے کہ ریاست میں امن و امان کی صورتحال سنبھالنے میں ناکامی پر وزیر اعلیٰ کو وزیر داخلہ دیویندر فرنویس سے استعفیٰ لے لینا چاہئے۔ ودھان بھون کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور ٹھاکرے گروپ  کے لیڈروں کی جانب سے  احتجاج کیا گیا۔ اس احتجاج میں این سی پی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سلے  کے علاوہ این سی پی کے قومی جنرل سیکریٹری اورایم ایل اے جتیندر اوہاڑ، ریاستی نائب صدر قانون ساز کونسل کے رکن ششی کانت شندے، ایم ایل اے روہت پوار، شیو سینا (ادھو ) کے ایم ایل اے نریندر دراڈے، ولاس پوٹنیس، پرکاش اور اجے چودھری  بھی شامل تھے۔ مظاہرین اپنے ہاتھوں میں پلے کارڈس لئے ہوئے تھے جن پر مراٹھا ریزرویشن دینے کا مطالبہ کیاگیا تھا۔ اس موقع پر ان لیڈروں نے مطالبہ کیا کہ مراٹھا برادری کو ریزرویشن دینے کے لئے  فوری طور پر یک روزہ خصوصی  اجلاس بلایا جائے۔
 سپریہ سلے نے مہاراشٹر کی موجودہ صورتحال پر حکومت کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’جالنہ میں غیر انسانی لاٹھی چارج کیا گیا،پونے میں کوئتہ گینگ سرگرم ہے،ریاست میں ڈرگ مافیا کا راج ہے۔  اس کے علاوہ ریاست میں مراٹھا، دھنگر، لنگایت برادری ریزرویشن کا مطالبہ کر رہی ہے۔ انہیں ریزرویشن نہیں دیا جاتا۔ مہاراشٹر بھر میں آج آگ لگی ہوئی ہے۔ امن و امان کا مسئلہ سنگین ہوتا جارہا ہے ۔ اسلئے  ہمارا مطالبہ ہےکہ چونکہ یہ محکمہ داخلہ کی ناکامی ہے، اس لئےوزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے وزیر داخلہ دیویندر فرنویس سے فوری استعفیٰ لینا چاہئے۔‘‘ ایم پی سپریہ سلے نے کہا کہ’’ دیویندر فرنویس ریاست کی تمام صورتحال کے ذمہ دار ہیں ۔منوج جرنگےپاٹل  گزشتہ ۴۰؍ دنوں سے احتجاج کر رہے ہیںلیکن حکومت سنجیدہ نظر نہیں آتی اور ان کی جان کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے ۔
راج بھون کےگیٹ پر بھی مظاہرہ
 مراٹھا ریزرویشن کیلئے شیو سینا ( ادھو ) اور شرد پوار کی این سی پی خیمے کے لیڈروں  اور دیگر نے ملبارہل میں واقع راج بھون کے باہر زمین  پر بیٹھ کر احتجاج کیا ۔ ان کا مطالبہ  تھا کہ مراٹھا ریزرویشن دینے کیلئے گورنر کو اسمبلی کا خصوصی اجلاس منعقد کرنا چاہئے اور حکومت کو تنبیہ کرنا چاہئے جو اس ریزرویشن کو دینے میں آناکانی کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK