Inquilab Logo Happiest Places to Work

یورپ کے کئی ممالک میں غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرے، فلسطینی پرچم کے ساتھ مارچ نکالا گیا

Updated: June 02, 2025, 1:38 PM IST | Agency | London

صہیونی ریاست کی جانب سے غزہ کے نہتے عوام پر جاری نسل کشی کے خلاف یورپ بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

Protest scene outside the Israeli embassy in Athens, Greece. Photo: Agency
یونان کے شہر ایتھنز میں اسرائیلی سفارتخانہ کے باہراحتجاج کا منظر۔ تصویر:ایجنسی

صہیونی ریاست کی جانب سے غزہ کے نہتے عوام پر جاری نسل کشی کے خلاف یورپ بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے جن میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں نکالی گئی ایک بڑی ریلی میں مظاہرین نے غزہ پر قابض اسرائیل کی طرف سے جاری قتل عام کی شدید مذمت کی اور برطانوی حکومت کی خاموشی و شراکت پر سخت احتجاج کیا۔ شرکاء نے مطالبہ کیا کہ برطانیہ فوری طور پر اسرائیل کو اسلحہ کی فراہمی بند کرے اور اس پر سخت پابندیاں عائد کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کا راگ الاپنے والے مغرب کا ضمیر غزہ کے بچوں کی لاشوں کے سامنے کیوں ساکت ہو گیا ہے؟
 فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی غزہ کے مظلوموں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک جلوس نکالا کیا گیا۔ مظاہرین نے فوری جنگ بندی اور محصور غزہ کیلئے امداد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ۔ پیرس کی سڑکوں پر مظاہرین نے حراستی مراکز بند کرو جیسے نعرے لگائےجو نازی جرمن کی تاریخ کے ظلم کی بازگشت تھے۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیل غزہ میں امداد کی تقسیم کے نام پر بھی قتل عام میں مصروف

مظاہرین نے باور کرایا کہ جو کچھ نازیوں نے یہودیوں کے ساتھ کیا تھا آج وہی کچھ صہیونی حکومت فلسطینیوں کے ساتھ کر رہی ہے۔ فرانس میں ان مظاہروں کا سلسلہ جنگ کے آغاز سے اب تک تھما نہیں اور اسے جدید فرانسیسی تاریخ کی سب سے بڑی اور طویل ترین احتجاجی تحریک قرار دیا جا رہا ہے۔ یونان کے دارالحکومت ایتھنز میں اسرائیلی سفارت خانے کے سامنے فلسطین کے حق میں نکالی گئی ریلی  میں واضح پیغام دیا گیا کہ دنیا کے ضمیر ابھی مردہ نہیں ہوئے ۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچموں کے سائے میں صہیونی مظالم پر آواز اٹھائی۔
  سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں بھی ایک بڑی  ریلی نکالی گئی جس میں ’ ایم وی ماوی مرمرہ ‘کے شہداء کی یاد میں خاموشی اختیار کی گئی۔۳۱؍مئی ۲۰۱۰ء کو ترکی سے غزہ کی طرف امدادی سامان لے جانے والے قافلے پر بین   الاقوامی سمندری حدود میں اسرائیلی افواج نےحملہ کردیا تھا جس  میں ۱۰؍امدادی کارکن شہید اور۵۰؍ سے زائد زخمی ہو گئے تھے ۔ مظاہرے میں شریک سیکڑوں افراد نے فلسطین آزاد، غزہ آزاد،نسل کشی بند کرو  اور اسرائیل کا بائیکاٹ کرو جیسے نعرے لگائے ۔ واضح رہےکہ ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ء سے شروع ہونے والی اس جنگ میں   اب تک ایک لاکھ ۷۸؍ ہزار سے زائد فلسطینی شہید  اور زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت بچوں اور خواتین کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK