Inquilab Logo

مہنگائی اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کیخلاف کانگریس کےاحتجاج کا سلسلہ دراز

Updated: June 09, 2021, 8:25 AM IST | New Delhi

آل انڈیا یوتھ کانگریس کمیٹی کی جانب سے اعلان کئے گئے احتجاج کا دائرہ بڑھا، منگل کو حیدرآباد میں رسی سے کار کھینچ کرسرکار کیخلاف غم و غصے کااظہار کیاگیا،۱۱؍ جون کو ہریانہ اور راجستھان میں احتجاج

Congress protests in Telangana, pulls car by rope to express anger against government.Picture:PTI
تلنگانہ میں کانگریس کااحتجاج، رسی سے کار کھینچ کر حکومت کے خلاف اپنی برہمی کااظہار کیا گیا

):پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں اضافے اور مہنگائی  کے خلاف آل انڈیا یوتھ کانگریس کی جانب سے کئے گئے ملک گیر احتجاج کا سلسلہ دراز ہوتا جارہا ہے۔ گزشتہ کئی دنوں سے جاری احتجاج میں منگل کو تلنگانہ کانگریس نے مودی سرکار کے خلاف انوکھا مظاہرہ کیا۔ یہاں پر رسی کے ذریعہ کار کھینچ کر غصے کااظہار کیاگیا۔  دوسری طرف راجستھان اور ہریانہ کانگریس نے ۱۱؍ جون کو ریاستی پیمانے پر پیٹرول پمپوں کے روبرو  احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
 تلنگانہ میںیوتھ کانگریس کے کارکنوں نے شہر حیدرآباد میں پارٹی کے ہیڈکوارٹرز گاندھی بھون سے نام پلی مین روڈ تک کارکو رسی سے کھینچ کر انوکھا احتجاج کیاگیا۔اس موقع پر یوتھ کانگریس کے لیڈر شیواریڈی نے کہاکہ ملک میں پیٹرولیم اشیاکی قیمتوں میں بھاری اضافے کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کے۶۰؍سالہ دورحکومت میں۶۰؍روپے پیٹرول تھا  لیکن بی جے پی کے۷؍سالہ دور میں پیٹرول کی قیمت ۱۰۰؍ روپے سے تجاوز کرگئی۔انہوں نے کہاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوںمیں اضافے کا اثر ضروری اشیا پر پڑا،جس کی وجہ سے مہنگائی میں بے تحاشہ اضافہ ہوتا جارہا ہے۔
 اس احتجاج میں حصہ لینے کااعلان کرتے ہوئے راجستھان کانگریس  کےریاستی صدر گووند سنگھ ڈوٹاسرا نےبھی مرکزی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے مہنگائی پرقابو نہ رکھ پانے کا الزام لگاتے ہوئےکہا کہ مہنگائی میں اضافہ ہوتا ہی جارہا ہے۔اسی کے پیش نظر انہوں نے۱۱؍ جون کو ریاست میں مظاہرہ کرنے کااعلان کیا۔ انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ مہنگائی کے تعلق سے۱۱؍ جون کو پیٹرول پمپوں کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔ اس تعلق سےپارٹی کے ضلع سطحی پر بات چیت کرکے حکمت عملی بنائی جائے گی۔ اگلے دوروز میں مظاہرہ کی تیاری کی جائے گی اورجمعہ کو پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلق سے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے رہنما خطوط جاری ہوچکے ہیں۔
 اسی طرح ہریانہ کانگریس نے بھی۱۱؍ جون کو پیٹرول پمپوں کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔یہ اطلاع کانگریس کی ریاستی صدر کماری شیلجا نے ایک بیان جاری کرکے دی۔ انہوں نے کہا کہ وباکے درمیان بھی پورے ملک میں پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں زبردست اچھال دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے، جبکہ ملک کے شہری کورونا کے اثر سے جوجھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں پیٹرول کی قیمت۱۰۰؍ روپے کے پارہوگئی ہے، جس سے تمام ضروری اشیا کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہواہے۔ انہوںنے بتایا کہ گزشتہ۱۳؍ مہینوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب۲۵؍  روپے ۷۲؍ پیسے اور۲۳؍ روپے ۹۳؍ پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے افسوس کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے ۵؍ ماہ میں۴۳؍ مرتبہ پیٹرول اورڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہواہے۔

petrol Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK