Inquilab Logo Happiest Places to Work

بھیونڈی- کامن روڈ کی خستہ حالی پر عوام میں شدید ناراضگی

Updated: May 21, 2025, 10:43 PM IST | Mumbai

ایک ہفتے میں سڑک کی تعمیر سے متعلق اقدام نہ کرنے پر کانگریس کا ’راستہ روکو‘ آندولن کا انتباہ ،مہاراشٹر کانگریس کی ماحولیات ونگ کے صدر کی افسران سے ملاقات ، پی ڈبلیو ڈی کے انچار ج کو میمورنڈم دیا

Members of the Congress delegation presenting a memorandum to the PWD in-charge.
کانگریس کےعہدیداروں کے وفدمیں شامل افراد پی ڈبلیوڈی کے انچارج کو میمورنڈم دیتے ہوئے۔

بھیونڈی -کامن روڈ کی بدترین حالت نے عوام کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔ گہرے گڑھوں، ٹوٹی ہوئی سڑک اور ناقص نکاسی کے نظام کی وجہ سے یہ سڑک اب حادثات کا گڑھ بن چکی ہے۔ دو اضلاع کو جوڑنے والی اس اہم شاہراہ پر روزانہ سیکڑوں گاڑیاں گزرتی ہیں مگر برسوں سے اس کی مرمت کی جانب کوئی سنجیدہ توجہ نہیں دی گئی۔ اب جبکہ برسات کا موسم قریب ہے، سڑک کی حالت مزید ابتر ہو چکی ہے جس سے شہریوں کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
 شہریوں کی دشواریوں اور انتظامیہ کی مجرمانہ خاموشی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی (ماحولیات ونگ) کے صدر سمیر سُبھاش ورتک نے بھادوڈ میں واقع پی ڈبلیو ڈی کی مقامی شاخ میں ایک وفد کے ساتھ پہنچ کر افسران سے ملاقات کی۔ وفد نے پی ڈبلیو ڈی کے انچارج سے ملاقات کرکے انہیں صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے انتباہ دیا کہ اگر ایک ہفتے کے اندر سڑک کی تعمیر سے متعلق کوئی مثبت اقدام نہیں کیا گیا تو کانگریس۲۶؍ مئی کو راستہ روکو آندولن کرے گی۔ وفد نے انہیں میمورنڈم بھی پیش کیا ہے۔  
 اس ضمن میں وفد میں شامل کانگریس کے سینئر رکن پرویز خان (پی کے) نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ سمیر ورتک نے پی ڈبلیو ڈی سے کہا کہ  یہ احتجاج صرف سڑک کی مرمت کے لئے نہیں بلکہ عوام کی زندگیوں کے تحفظ کے لئے ہے۔نیز حکومت کو عوامی دباؤ کا سامنا کرنے سے قبل اپنی ذمہ داری نبھانی چاہئے۔ انہوں نے سڑک کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت نے فوری کارروائی نہیں کی تو عوامی احتجاج شدت اختیار کرے گا، اور اس کے نتائج کی مکمل ذمہ داری انتظامیہ پر عائد ہوگی۔
 وفد میں پرویز خان (پی کے)، عمار پٹیل اشرف شیخ نوشاد شیخ  اور کانگریس کے دیگر لیڈران شامل تھے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK