• Tue, 14 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے : سڑک حادثات کیخلاف شدید احتجاج

Updated: October 12, 2025, 8:39 AM IST | Pune

ضلع کے دیہات ہنجاواڑی، مان اور مرونجی کے باشندوں اور آئی ٹی ملازمین کا زبر دست مورچہ ،جمعہ کو ہوئے سڑک حادثے میںایک خاتون کی موت پرسخت برہمی ،مظاہرین نے حادثے کیلئے علاقے کے خراب ا نفراسٹرکچر کو ذمہ دار ٹھہرایا

Scenes of protests by locals and employees of IT companies against deaths in road accidents in Pune.
پونے میںسڑک حادثات میں ہونے والی اموات کے خلاف مقامی افراد اورآئی ٹی کمپنیوں کےملازمین کے احتجاج کے مناظر کی ہیں

پونے ضلع کے دیہات ہنجاواڑی، مان اور مرونجی  کے باشندوں  اور آئی ٹی ملازمین نے سنیچر کی صبح حکومت اور اس کی ایجنسیوں کے خلاف سڑک حادثات میں اموات کے معاملے میں  پُر امن احتجاج کیا۔ اس احتجاج کی وجہ خراب انفراسٹرکچر اور علاقے میں ایسے قوانین کے نفاذ میں انتظامیہ کی  تساہلی تھی جس سے سڑک حادثات ہوتے ہیں۔ واضح رہےکہ جمعہ کو پانڈو نگر میں ایک۳۴؍ سالہ خاتون کی مکسر ٹرک سے ٹکرانے کے نتیجے میں موت  ہوگئی تھی۔ اس سے قبل اگست میں ہنجا واڑی میں ہی ہوئے  ایک سڑک حادثہ میں۱۱؍ سالہ طالبہ پرتیوشا بوراٹے کی اسکوٹر کے ٹرک سے ٹکرانے سے موت ہوگئی تھی جبکہ اس کی والدہ زخمی ہوئی تھیں۔  
 مظاہرین کے مطابق، ہنجاواڑی اور قریبی علاقوں کے ذمہ دار گورننگ باڈیز، بشمول پونے میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی(پی ایم آر ڈی اے)، علاقے پر توجہ نہیں دے رہے ہیں اور اپنے وعدوں کو پورا نہیں کر رہے ہیں۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار اور بارامتی کی رکن پارلیمنٹ سپریا سلے کے گزشتہ چند مہینوں میں کئی بار علاقے کا دورہ کرنے کے باوجود، ہنجاواڑی کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔
 اس احتجاج کا اہتمام ہنجاواڑی فیز وَن میں اسٹریٹ آف یورپ مال کے سامنے کیا گیا تھا۔  اس احتجاج  میں ۲۰۰؍سے زائد رہائشی اور آئی ٹی ملازمین شامل ہوئے ۔ ہنجاواڑی آئی ٹی پارک  میںانفراسٹرکچر کی بدنظمی  ا ور ناقص انتظامات کے خلاف پٹیشن داخل کرنے والے سچن لونڈھے نے کہا’’یہ احتجاج جمعہ کو ہوئے سڑک حادثے میں جان گنوانے والی  ہونے والی خاتون کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے تھا۔ ہم اس کے ذریعے پی ایم آر ڈی اے، ایم آئی ڈی سی اور مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ سے بہتر انفراسٹرکچر کا مطالبہ کرتے ہیں۔‘‘احتجاج صبح۱۰؍بجے شروع ہوا اور ۲؍ گھنٹے تک جاری رہا ۔ مرد، خواتین، بچے اور معمر شہریوں نے اچھی خاصی تعدادمیں شرکت کی۔ دیوالی کے بعد بڑے احتجاج کا منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے۔
 واضح رہےکہ ہنجا واڑی ،مان اور مرونجی پونے ضلع  سے متصل  دیہی علاقے ہیں جہاںراجیو گاندھی انفوٹیک پارک اوردیگر آئی ٹی کمپنیاں واقع ہیں۔ ان علاقوں میںبڑے پیمانے پرترقیاتی کام ہورہے ہیںاورکئی پروجیکٹ جاری ہیں۔ ان علاقوں میںپمپری چنچوڑ میونسپل کارپوریشن میںشامل کرنے کی تجویز بھی  زیر غور ہے۔

pune Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK