۲؍دن میں ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کا امکان۔الیکشن کمیشن نے ضلع کلکٹروں کوالیکشن کرانے کی تیاری کی ہدایات جاری کردیں۔
میونسپل کارپوریشن الیکشن کے بعدضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے الیکشن ہوں گے۔ تصویر: آئی این این
الیکشن کمیشن نے ریاست میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات کرانے کی تیاری کا حکم اتوار کو دے دیا۔ اس تعلق سے ریاست کے ضلع کلکٹروںکوہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ریاست میں جن ضلع پریشدوں اور پنچایت سمیتیوں میں ۵۰؍ فیصد سے کم ریزرویشن ہے، وہاں الیکشن وقت پر کرانے کی ہدایات اور احکامات دیئے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ریاستی الیکشن کمیشن نے اتوار ۱۱؍ جنوری کو ایک خط جاری کیا ہے۔ ضابط اخلاق ۲؍ دن میں نافذ ہونے کا امکان ہے۔
الیکشن کمیشن کے حکم کے مطابق ضابطہ ا خلاق کا نفاذ تمام اضلاع میں ہوگا جس میں ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی کے انتخابات ہونے والے ہیں۔ تاہم کمیشن نے واضح کیا کہ متعلقہ ضلع پریشد علاقہ سے باہر میونسپلٹی ، میونسپل کونسل یا میونسپل کارپوریشن کی حدود میں روزانہ کے انتظامی کاموں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ کوئی عمل ، اعلان یا پروگرام جو ضلع پریشد کے رائے دہندگان کو متاثر کرسکتا ہے ،وہ مقامی شہری انتظامیہ کے عہدیدار ، وزیر، رکن پارلیمان ، رکن اسمبلی یا کوئی عوامی نمائندوہ نہیں کرسکتا۔
’سکال ‘ کی خبر کے مطابق ریاستی الیکشن کمیشن نے پولیس ، ایکسائز اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ مثالی ضابطہ اخلاق کے موثر نفاذ کیلئے احتیاطی تدابیر کو فوری طورپر نافذ کریں ۔ عادی مجرموں ، مفرور ملزمین ، منظم جرائم میں ملوث افراد ، زیرالتواء وارنٹ پر عملدرآمد ، شراب پر پابندی کے ممبئی کےقانون کے تحت کارروائی کے ساتھ ساتھ گزشتہ انتخابات میں کئے گئے جرائم کی پیروی پر زوردیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ایئرپورٹ ، ریلوے ، ایکسائز ، محکمہ جنگلات اور کوسٹ گارڈ وغیرہ جیسے محکموں کے ساتھ مل کر رقم ، شراب اور دیگر غیرقانونی نقل و حمل کو روکنے کے احکامات بھی دیئے گئے ہیں۔ چونکہ انتخابات کے اعلان کے بعد احتیاطی کارروائی کیلئے ضروری قانونی عمل کو مکمل کرنے میں کچھ وقت لگتا ہے، اس لئےاس کارروائی کو منصوبہ بندی کے ساتھ نافذ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے حکم میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق کے نفاذ سے متعلق کسی بھی غیر معمولی حالات کی صورت میں ضلع کلکٹر کو ہدایت کیلئے ریاستی الیکشن کمیشن کو تفصیلی تجویز پیش کرنی چاہئے ۔ واضح طورپر ہدایت کی گئی ہے کہ مقای سطح پر ضابطہ اخلاق کے حوالے سے کوئی باہمی حوالوں یا فیصلہ سازی کے اختیارات استعمال نہ کئے جائیں۔
ریاستی الیکشن کمیشن نے تمام ضلع مجسٹریٹوں کو ان احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایت دی ہے اور ا نتخابی عمل کو شفاف ، آزاد اور خوف سے پاک ماحول میں انجام دینے کا عزم ظاہر کیا ہے۔