Inquilab Logo

پنجاب: ای ڈی کے چھاپوں پر چنی برہم ، انتقامی کارروائی قراردیا

Updated: January 20, 2022, 8:47 AM IST

اس معاملے میں وزیر اعلیٰ نے اپنے بھتیجے کا دفاع کرتے ہوئےکہا ’’مغربی بنگال ہو یا پنجاب، ان ریاستوں میں انقلاب کا آغاز ہوچکا ہے ،مرکز ہمیں دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن پنجاب جوابی کارروائی کرے گا‘‘کہا کہ عین الیکشن کے وقت پنجاب کو بدنام کرنے کیلئے مرکز نے جوا کھیلا ہے

ED has been operating in Punjab for the last two days
پنجاب میںای ڈی گزشتہ دودنوں سے کارروائی کررہی ہے

پنجاب میں ریت کی کان کنی کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے چھاپوں پر وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی نے مرکزی حکومت  پر سخت تنقید کی ہے ۔ وزیراعلیٰ چنی کے رشتہ داروں کے ٹھکانوں پر مارے گئے  ان  چھاپوں کو  انتقامی کارروائی قرار دیتے ہوئے  انہوں نے الزام لگایا کہ مرکزی حکومت ای ڈی، محکمہ انکم ٹیکس اور دیگر ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہے۔ اس معاملے پر وزیر اعلیٰ چنی نے مرکزی حکومت اور بی جے پی کو گھیرا ہے۔ اپنے بھتیجے کا دفاع کرتے ہوئےچنی نے کہا ’’مغربی بنگال ہو یا پنجاب، ان ریاستوں میں انقلاب شروع ہوچکا ہے۔مرکزہمیں دبانے کی کوشش کر رہا ہے لیکن پنجاب جوابی کارروائی کرے گا۔‘‘
 پنجاب کے وزیراعلیٰ نے کہا’’مجھے معلوم ہوا ہے کہ ای ڈی نے کہا ہےکہ وزیر اعظم مودی کے فیروز پور کے دورے کو مت بھولنا،  اس بنیاد پر یہ چھاپہ انتقامی کارروائی معلوم ہوتا ہے۔چرنجیت سنگھ چنی نے الزام لگایا کہ میرے بھتیجے سے۲۴؍گھنٹے تک  پوچھ گچھ کی گئی لیکن ایجنسی کو میرے خلاف کوئی ثبوت نہیں ملا۔‘‘ چنی نے اس موقع پر عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور دہلی کے  وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو بھی نشانہ بنایا جنہوں نے اس معاملے میں چنی  پر تنقید کی ہے۔چنی نےکہا ’’کیجریوال جی، جب آپ کے رشتہ داروں پر چھاپہ مارا گیا تو آپ کیوں چیخ رہے تھے؟‘‘کیجریوال نے ٹویٹ کے ذریعے  وزیراعلیٰ چنی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ چنی کوئی عام آدمی نہیں ہے، وہ ایک بے ایمان آدمی ہے۔
 وہیں پنجاب کےنائب وزیر اعلیٰ سکھ جندر رندھاوا نے بھی بی جے پی کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کیا بی جے پی پنجاب کو بدنام کرنا چاہتی ہے؟وزیراعظم مودی کی سیکوریٹی میںمبینہ کوتاہی  والے معاملے سے متعلق انہوں نے کہا کہ  مجھے نہیں معلوم کہ وہاں کسان بھی تھے یا نہیں ۔ وہاں بی جے پی کے جھنڈے تھے۔انہوں نے کہا کہ انگریزوں کے دور حکومت میں پنجابیوں نے اپنی جانیں قربان کیں، بی جے پی کا کیا تعاون ہے؟
منگل کو چھاپہ ماری شروع ہوئی 
 واضح رہےکہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے منگل کو ریت کی غیر قانونی کانکنی کے معاملے میں پنجاب کے کچھ ۱۰؍مقامات پر چھاپے مارے  تھے۔یہ چھاپے  وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کے رشتہ داروں کے گھر پر مارے گئے  تھے۔ ای ڈی کے حکام کا کہنا ہے کہ چھاپہ مارکارروائی میں اب تک۱۰؍ کروڑ سے زائد کی نقدی برآمد ہوئی ہے جس میں وزیراعلیٰ چنی کے رشتہ دار(بھتیجے)کے پاس سے برآمد ہونے والے۸؍ کروڑ بھی شامل ہیں۔ اس چھاپے کے بعد ریاست میں سیاست گرما گئی ہے۔
چھاپہ مارکارروائی بدھ کو بھی جاری رہی 
 وزیر اعلیٰ چرنجیت سنگھ چنی کے رشتہ داروں اورمتعلقین کے گھروں اوردفاتر پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تلاشی بدھ کو دوسرے دن بھی جاری رہی۔ ذرائع کے مطابق اس چھاپے میں ای ڈی افسران نے دوسرے دن۴؍ کروڑ۷۰؍ لاکھ روپے برآمد کئے۔ اس سے قبل بھی۶؍ کروڑ روپے نقد برآمد ہوئے تھے۔ دو دنوں میں۱۱؍کروڑ روپے کی نقد رقم برآمد کرنے کے علاوہ کچھ جائیداد کے کاغذات بھی ملے ہیں۔ اس پراپرٹی کی مالیت بھی کروڑوں روپے بتائی گئی ہے۔
لدھیانہ-موہالی کے بعد پٹھان کوٹ میں بھی چھاپہ 
 منگل کو لدھیانہ اور موہالی میں چھاپوں کے دوران ملنے والےسراغوںکی بنیاد پر ای ڈی نے دیر رات پٹھان کوٹ میں ہنی اور سندیپ کے قریبی سرپنچ کے گھر پر بھی چھاپہ مارا اوروہاں سے بھی نقد برآمدکرنے کادعویٰ کیا۔ای ڈی نے لدھیانہ، موہالی اور پٹھان کوٹ کے شہید بھگت سنگھ نگر میں اس چھاپے کے دوران پنجاب پولیس کے بجائے مرکزی سیکوریٹی فورسیز کی مدد لی تھی۔اس چھاپے میں برآمد ہوئے۱۱؍ کروڑ روپے کے ذرائع کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔
پنجاب کو بدنام کرنے کی کارروائی
 پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ چھاپہ مارکارروائیاں اس کے علاوہ اور کچھ نہیںہیںکہ ان کےذریعے پنجاب اور پنجا ب کی حکومت کو عین انتخابات کے موقع پر بدنام کرنے کیلئے جوا کھیلاگیا ہے۔ وہ ایسے چھاپے مار کر دباؤ بنانا چاہتا ہے لیکن ہم کسی کے دباؤ میں آنے والے نہیں ہیں۔ ہمارا دامن بالکل صاف ہے۔چنی نے کہا کہ اگر  ہمارےرشتہ داروں میں سے کسی نے کچھ غلط کیا ہے تو وہ خود اس کا خمیازہ بھگتیں گے۔ حکومت مکمل تحقیقات کر کے دیکھے۔ہم نے   غلط کام کے لیے کسی کا ساتھ نہیں دیا ہے۔ چرنجیت سنگھ چنی نے کہا کہ الیکشن کے دوران مرکزی ایجنسیوں کی مدد سے ان کے  اقرباءومتعلقین پر جان بوجھ کر چھاپے مارے جارہے ہیں، شاید وہ سمجھتے ہیں کہ ہم اس سے ڈر جائیں گے، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے۔ 

punjab Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK