Inquilab Logo

پیارے خان کو پیاری ہے مریضوں کی جان، اب تک۴۰۰؍ ٹن آکسیجن عطیہ کرچکے ہیں

Updated: April 29, 2021, 12:12 PM IST | Inquilab News Network | Nagpur

صرف ایک ہفتے میں ۸۵؍ لاکھ روپے خرچ کئے ، ناگپور کے ممتاز اسپتالوں میں  ۱۱۶؍ آکسیجن پیدا کرنے والی چھوٹی مشینیں بھی عطیہ کرنے کا ارادہ

Pyare Khan .Picture:INN
پیارے خان۔تصویر :آئی این این

 تصویر میں آپ جس شخص کو دیکھ رہے ہیں اُس کی اتنی شہرت نہیں ہے کہ آپ اسے دیکھتے ہی پہچان لیںمگر موجودہ وبائی دور میں جبکہ پورا ملک ہانپ رہا ہے، اسپتال مریضوں سے بھرے ہوئے ہیں، آکسیجن کی قلت نے زبردست انتشار پھیلا رکھا ہے، حکومتیں اپنی ناکامیوں کو چھپانے کی کوشش میں بھی ناکام ہیں اور کووڈ سے متاثرہ لوگ زندگی اور موت کی سخت کشمکش سے دوچار ہیں، اِس شخص نے ناگپور اور اطراف کے اسپتالوں کو اب تک ۴۰۰؍ میٹرک ٹن آکسیجن عطیہ کی ہے۔ اس کار خیر کی انجام دہی کیلئے ان صاحب نے، جن کا نام پیارے خان ہے، صرف ایک ہفتے میں ۸۵؍ لاکھ روپے خرچ کئے ہیں۔ 
 شہر ناگپور میں پیارے خان کا ٹرانسپورٹ کا کاروبا رہے۔ ان کے تعلق سے شائع ہونے والی متعدد رپورٹوں کے مطابق شہری انتظامیہ نے اُنہیں نقل و حمل کے اخراجات ادا کرنے کی پیشکش کی جس سے انہوں نے یہ کہہ کر انکار کردیا کہ یہ سالانہ آمدنی پر ادا کی جانے والی وہ رقم ہے جو میری ذمہ داری (زکوٰۃ) ہے جسے رمضان المبارک میں ادا کرنا مَیں اپنی خوش نصیبی تصور کرتا ہوں۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ آکسیجن کی خریداری کیلئے جو رقم صرف ہوئی اور ہورہی ہے وہ ایسے بحرانی دور میں انسانیت کی خدمت کیلئے ہے۔
 پیارے خان نے اپنے کاروباری کریئر کی ابتداء ۱۹۸۵ء میں کی تھی۔ تاج باغ کی جھوپڑ پٹی میں ایک چھوٹے سے پنساری کے بیٹے پیارے خان اُس وقت ناگپور اسٹیشن کے باہر سنگترے فروخت کیا کرتے تھے۔ کسی دور میں انہوں نے آٹو رکشا بھی چلایا مگر اب اُن کا اپنا کاروبار ہے او رجس کمپنی کے پرچم تلے یہ کاروبار جاری ہے اس کی مالیت ۴۰۰؍ کروڑ روپے ہے۔ موجودہ وبائی دور میں پیارے خان نے مصمم ارادہ کیا ہے کہ ۱۱۶؍ آکسیجن کانسنٹریٹرس ناگپور کے ممتاز اسپتالوں کو فراہم کریں گے۔ ان میں ایمس، گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل اور اندرا گاندھی گورنمنٹ میڈیکل کالج اینڈ ہاسپٹل شامل ہیں۔  انہوں نے ناگپور اور اطراف کے اسپتالوں کو اب تک فراہم کی گئی آکسیجن بنگلور سے تین گنا زائد قیمت پر خریدی ہے۔ اس طرح انہوں نے خریدے گئے ٹینکروں پر ۱۴؍ لاکھ روپے کی زائد قیمت ادا کی کیونکہ حد سے بڑھی ہوئی ڈیمانڈ کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں اس کی قیمت بڑھ گئی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ ٹینکر حاصل کرنا سب سے بڑا چیلنج تھا کیونکہ ان کیلئے رائے پور، راؤڑکیلا اور بھلائی کے ڈیلروں سے رابطہ قائم کرنا پڑا ہے۔ پیارے خان کی کمپنی اشمی روڈ کیریئرس کے سیکڑوں ٹرک ہیں اور اس فرم سے ۱۲۰۰؍ ملازمین وابستہ ہیں۔ 
 دس سال پہلے قائم کی گئی اس کمپنی کے دفاتر ملک کے کئی حصوں میں ہیں جبکہ بیرون ملک نیپال، بنگلہ دیش اور بھوٹان میں۔ انہوں نے ایک معاصر اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر ضرورت پیش آئی تو ہم کوشش کریں گے کہ بروسیلز (بلجیم) سے بذریعہ ہوائی جہاز آکسیجن منگوائیں۔ ’’ٹائمس آف انڈیا‘‘ کے ’’ناگپور ہیروز‘‘ کی فہرست میں جگہ پانے والے پیارے خان اپنی سماجی خدمت کو بی جے پی لیڈر نتن گڈکری کی ترغیب کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔ انہوں نے ٹینکروں کے علاوہ آکسیجن کے ۸۶۰؍ سلنڈر بھی عطیہ کئے ہیں جن میں ۵۰۰؍ سلنڈر اسپتالوں کو اور باقی انفرادی طور پر کئی ضرورتمندوں کو دیئے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK