• Mon, 01 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پائیدھونی: قدیم حمیدیہ مسجد کا چھپر گرا، مصلیان محفوظ

Updated: September 01, 2025, 1:44 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

ٹرسٹی نے کہا: پوری مسجد کا سروے کرکےاسٹرکچرل آڈٹ کرایا جائے گا تاکہ جہاں ضرورت ہو،فوری مرمت کرائی جاسکے۔

The scene after the incident on the first floor of Hamidiya Mosque. Photo: INN
حمیدیہ مسجد کی پہلی منزل پرحادثہ کے بعد کا منظر۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کی قدیم اورمشہور حمیدیہ مسجد کی پہلی منزل پر واقع پرانا کھپریل والا چھپر اچانک گرگیا۔ خیر یہ ہوئی کہ کسی مصلی کو نقصان نہیں پہنچا۔ یہ واقعہ سنیچر کو ظہر کی نماز کے بعد پیش آیا۔ قدیم مسجد کا یہ چھپربھی کافی پرانا ہے، جب مسجد کی تعمیر ہوئی تھی تبھی لگایا گیا تھا۔ اس کی پرانی لکڑیاں اور سلاخیں کافی مضبوط ہیں مگر پانی رسنے کی وجہ سے کمزور ہوگئی تھیں ۔ 
 کچھ مصلیان نے بھی نمائندے کو اتوار کی صبح فون کیا اور مسجد کی نگرانی کرنے والے محمد عثمان پٹیل نے بھی اس کی توثیق کی۔ ان کے مطابق جمعہ کا دن نہیں تھا ورنہ بڑا حادثہ ہوسکتا تھا کیونکہ جمعہ میں مصلیان کافی ہوتے ہیں۔ دوسرے یہ کہ جو چھپر گرا ہے، وہ کافی وزنی ہے۔ اس کی صحیح انداز میں مرمت کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کا حادثہ آئندہ نہ ہو۔ گزشتہ سال مرمت کرائی گئی تھی مگر کام ترتیب سے نہیں ہوسکا تھا۔ 
 مسجد کے ٹرسٹی عبدالرشید سلیمان سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ ہاں، چھپر گراہے اور ہم نے اس کیلئے کنسلٹنٹ سے رابطہ بھی قائم کیا ہے اور اس سے کہا گیا ہے کہ پوری مسجد میں تعمیراتی حصے کی آڈٹ رپورٹ تیار کی جائے اور فوری طور پر مرمت شروع کی جائے۔ ان سے یہ کہنے پر کہ طہارت خانہ کا حصہ بھی کمزور ہوگیا ہے اور اس کی چھت بھی خستہ حالت میں ہے تو انہوں نے کہا کہ پوری مسجد کی نگرانی کرتے ہوئے جہاں بھی ضرورت ہوگی، اسے درست کرایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ گزشتہ سال ہی دس لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کرکے چھپر کی مرمت کرائی گئی تھی پھر بھی ایسا ہوگیا۔ اب مزید اہتمام سے یہ کام کیا جائے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK