• Wed, 07 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قطر: دوحہ ۲۰۲۶ء کے لیے خلیج تعاون کونسل کا سیاحتی دارالحکومت

Updated: January 04, 2026, 5:06 PM IST | Doha

قطر کے دارالحکومت دوحہ نے خطے میں اپنی بڑھتی ہوئی اہمیت کا لوہا منواتے ہوئے ایک بڑی سفارتی اور معاشی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ خلیج تعاون کونسل نے باضابطہ طور پر دوحہ کوسال ۲۰۲۶؍ کے لیے جی سی سی سیاحتی دارالحکومت منتخب کر لیا ہے۔

Qatar.Photo:INN
قطر۔تصویر:آئی این این

قطر کے دارالحکومت دوحہ نے خطے میں اپنی بڑھتی ہوئی اہمیت کا لوہا منواتے ہوئے ایک بڑی سفارتی اور معاشی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ خلیج تعاون کونسل نے باضابطہ طور پر دوحہ کوسال ۲۰۲۶؍ کے لیے جی سی سی سیاحتی دارالحکومت منتخب کر لیا ہے۔ اس دوڑ میں دوحہ نے متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، عمان اور کویت جیسے مضبوط حریفوں کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا۔ 
قطر ٹورازم کے چیئرمین اور وزٹ قطر کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے سربراہ، سعد بن علی الخر جی نے دوحہ کو سال ۲۰۲۶؍کے لیے جی سی سی سیاحتی دارالحکومت منتخب کیے جانے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔  اپنے ایک خصوصی بیان میں سعد بن علی الخرجی نے کہا کہ یہ انتخاب ہماری قیادت کے اس دور اندیش وژن کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے، جس کے تحت سیاحت کوقومی ترقیاتی حکمت عملی  اور قطر نیشنل وژن ۲۰۳۰ء کا ایک بنیادی ستون بنایا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہچان اس معیاری ترقی کی عکاسی کرتی ہے جو ہم نے ایک مربوط اور پائیدار سیاحتی نظام کی تعمیر میں حاصل کی ہے۔ قطر آج عالمی سطح پر اپنے بہترین انفراسٹرکچر اور سیاحوں کو فراہم کردہ منفرد تجربات کی بدولت ایک مسابقتی قوت بن کر ابھرا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:فٹبال ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی ٹرافی کا عالمی سفر شروع، پہلا پڑاؤ سعودی عرب

دوحہ کی اس کامیابی کے پیچھے قطر کا وہ وژن کارفرما ہے جو تیل اور گیس پر انحصار کم کر کے معیشت کو متنوع بنانے کی حکمت عملی پر مبنی ہے۔ حمد انٹرنیشنل ایئر پورٹ دنیا کے۱۷۰؍ سے زائد مقامات کو جوڑتا ہے اور قطر ایئرویز کی عالمی معیار کی خدمات نے رسائی کو آسان بنایا۔ اس کے ساتھ ساتھ دوحہ میٹرو اور مربوط ٹرام سسٹم نے مقامی آمد و رفت کو بے مثال بنا دیا ہے۔ ماحول دوست منصوبوں اور جدید شہری اختراعات کے ساتھ ساتھ قطری ثقافت کے تحفظ نے اسے ایک منفرد مقام بخشا ہے۔ ہیا پلیٹ فارم کی توسیع نے ویزا کے حصول کو نہایت سادہ بنا دیا ہے، جس سے بین الاقوامی سیاحوں کی آمد میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔  قطر کے مضبوط مالیاتی شعبے اور سازگار تجارتی قوانین نے سیاحت سے وابستہ کاروباروں کے لیے بہترین مواقع فراہم کیے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ان عوامل نے دوحہ کی جیت میں اہم کردار ادا کیاہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:امیتابھ بچن اے آئی سے خوفزدہ ، کہا: مجھے تبدیل کیا جا سکتا ہے

اس انتخاب کا مقصد صرف قطر کی تشہیر نہیں بلکہ پورے خلیجی خطے کو ایک واحد سیاحتی اکائی کے طور پر متعارف کروانا ہے۔ قطر کی قیادت ایک ’’متحدہ سیاحتی ویزا سسٹم‘‘ (شینگن ویزا کی طرز پر) کے قیام کے لیے کوشاں ہے، تاکہ سیاح ایک ہی ویزا پر تمام خلیجی ممالک کی سیر کر سکیں۔ اس سے کثیر المنازل سفر کو فروغ ملے گا اور خطے کی مجموعی معیشت بشمول ریٹیل، ٹرانسپورٹ اور ہاسپیٹلٹی کے شعبوں میں انقلاب آئے گا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK