Inquilab Logo Happiest Places to Work

راگھو چڈھا نے عام آدمی پارٹی میں پھوٹ ڈال دی، بی جے پی میں شامل ہوگئے

Updated: April 25, 2026, 9:54 AM IST | New Delhi

ان کے ساتھ مزید ۶؍اراکین پارلیمنٹ نے بھی استعفیٰ دیدیا، سواتی مالیوال اور ہربھجن سنگھ بھی شامل ، آپ نے راجیہ سبھا کی رکنیت ختم کرنے کا مطالبہ کیا

BJP President Nitin Nabin welcomes Raghav Chadha with sweets. (PTI)
بی جے پی صدر نتن نبین راگھو چڈھا کا مٹھائی کھلاکر استقبال کرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی )

بالآخر راگھو چڈھا نے وہی کیا جس کا اندازہ کئی دنوں سے لگایا جارہا تھا ۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی میں پھوٹ ڈالتے ہوئے   پارٹی کے۲؍ تہائی اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ بی جے پی کا دامن تھام لیا ہے۔ انہوں نے دوپہر میں عام آدمی پارٹی سے استعفیٰ  کےبعد شام میں بی جے پی صدر نتن نبین نے ملاقات کی اور ان کی موجودگی میں بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ راگھو چڈھا کے ساتھ سواتی مالیوال ، ہر بھجن سنگھ ، سندیپ پاٹھک ،اشوک متل ، راجندر گپتا اور وکرم ساہنی نے بھی عام آدمی پارٹی سے ناطہ توڑ لیا ہے اور بی جے پی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے ۔
راگھو چڈھا نے  پارٹی سے استعفیٰ دے دیا  الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی اب  بدعنوان لوگوں کے ہاتھ میں چلی گئی ہے، اس  لئے وہ پارٹی سے الگ ہو کر عوام کے درمیان جا رہے ہیں۔  انہوں نے مزید کہا کہ ’’آج ہم خود کو بی جے پی کے ساتھ جوڑتے ہیں۔ راجیہ سبھا کے دو تہائی  آپ اراکین بی جے پی کے ساتھ جائیں گے۔ واضح رہے کہ راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے ۱۰؍ اراکین پارلیمنٹ ہیں جن میں سے ۷؍ نے  حکمراں محاذ کا دامن تھام لیا ہے۔ 
راگھو چڈھا نے وزیر اعظم مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ کی تعریفوںکے پُل باندھے۔ آپ  سے رشتوں میں آئی تلخی کا ذکر کرتے ہوئے راگھو نے کہا کہ انہوں نے خود کو کافی پہلے ہی پارٹی کی سرگرمیوں سے دور کر لیا تھا کیونکہ ان کے پاس ۲؍ہی راستے تھے، یا تو سیاست چھوڑ دیں یا اپنا الگ راستہ اختیار کریں۔راگھو چڈھا کا کہنا ہے کہ جس آپ کو انہوں نے اپنے خون پسینے سے سینچا اور اپنی جوانی کے ۱۵؍ اہم سال د ئیے  وہ آج اپنے مقصد سے پوری طرح بھٹک چکی ہے۔اس اعلان کے بعد پارٹی نے ان تمام اراکین کو راجیہ سبھا سے معطل کرنے کا مطالبہ کیا.

پارٹی کی جانب سے راجیہ سبھا سیکریٹریٹ کو باقاعدہ خط لکھ کر مطالبہ کیا گیا ہے کہ جن ممبران نے بغاوت کی ہے انہیں فوری طور پر معطل کیا جائے یا پھر رکنیت سے برخاست کردیا جائے۔ واضح رہے کہ ان میں زیادہ تر ایم پیز پنجاب سے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے پنجاب میں حکومت پر قبضہ کرنے کے لئے اسے بی جے پی کا آپریشن لوٹس قرار دیا ہے۔ یاد رہے کہ اشوک متل کے خلاف ۱۰؍ قبل ہی ای ڈی نے چھاپہ مارا تھا اور اب وہ بی جے پی میں شامل ہو گئے ہیں۔ ان تمام سرگرمیوں کی وجہ سے  سیاسی ہلچل بہت بڑھ گئی ہے۔ خاص طور سے لوگ یہ سوچنے کو مجبور ہیں کہ راگھو کے ساتھ مزید کتنے لیڈران بی جے پی کے ساتھ جائیں گے۔ اب راجیہ سبھا میں عام آدمی پارٹی کے اراکین کی تعداد صرف ۳؍ رہ جائے گی۔  اس سے قبل  راگھو چڈھا نے سندیپ پاٹھک اور اشوک متل کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ آپ کے دو تہائی سے زیادہ راجیہ سبھا اراکین نے بی جے پی کے ساتھ اپنے انضمام کو باضابطہ شکل دینے کے لیے آئینی دفعات کا استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں ان کے جرائم کا حصہ نہیں بننا چاہتا تھا۔ پچھلے کچھ سال سے مجھے محسوس ہوا کہ میں غلط پارٹی میں صحیح آدمی ہوں۔عام آدمی پارٹی  نے اس پر سخت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ پارٹی نے اسے بی جے پی کی جانب سے پنجاب میں اپنی حکومت کو غیر مستحکم کرنے کے لیے ’’آپریشن لوٹس‘‘ کے تحت رچی گئی ایک بڑی سیاسی سازش قرار دیا ہے۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آپ کے رکنِ پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے الزام لگایا کہ بھگونت مان کی قیادت میں پنجاب حکومت کو گرانے کے لیے مرکزی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔ اب آپ کے سات راجیہ سبھا ارکان بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں۔ پنجاب کے عوام کو یہ سات نام یاد رکھنے چاہئیں، وہ انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے اس واقعہ کو دھوکہ دہی قرار دیتے ہوئے کہاکہ یہ پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے مترادف ہے۔ پنجاب کے عوام ان غداروںکو کبھی معاف نہیں کریں گے۔
 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK